صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے اتراکھنڈ کے اپنے دو روزہ دورے میں جن اوشدھی کیندر کا دورہ کیا اور صحت کارکنان سے بات چیت کی
مرکزی وزارت صحت چار دھام یاترا میں ریاستی حکومت کو ہر ممکن تعاون دیگی: ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ
ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے چمولی ضلع کے ملاری گاؤں کا دورہ کرکے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا
ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ کل صحت سے متعلق اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جن میں دون میڈیکل کالج کی نئی عمارت میں 500 بستروں کی صلاحیت والا اسپتال اور رودرپریاگ، نینی تال اور شری نگر، اتراکھنڈ میں 50 بستروں کی صلاحیت والے کریٹیکل کیئر بلاکس شامل ہیں
ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے وائبرنٹ ولیج پروگرام، ملاری گاؤں اور آس پاس کے علاقوں کی ترقی کا جائزہ لیا
Posted On:
30 MAR 2023 7:59PM by PIB Delhi
صحت اور خاندانی بہبود اور کیمیکل اور کھاد کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ جمعرات سے اتراکھنڈ کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے پہلے دن مرکزی وزیر صحت نے دہرادون میں واقع جن اوشدھی کیندر کا معائنہ کیا۔ اس معائنہ کے دوران انہوں نے صحت کارکنوں اور جن اوشدھی کیندر کے استفادہ کنندگان سے بات چیت کی۔
اس موقع پر مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعظم عام آدمی کو سستی اور قابل رسائی ادویات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن اوشدھی کیندر کھولنے کا منصوبہ اس مقصد کے ساتھ لایا گیا ہے کہ ادویات کی کمی کی وجہ سے کسی کی موت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جن اوشدھی کیندر میں سستی دوائیں ملنے سے عام لوگوں کو راحت اور سہولت مل رہی ہے اور جن اوشدھی کیندر پر لوگوں کا اعتماد بھی بڑھ گیا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ جن اوشدھی کیندروں پر دستیاب دوائیں لوگوں کو ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ پیسہ بچانے میں بھی مدد کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت سے لے کر ضلع ہیڈکوارٹر تک ملک بھر میں مختلف مقامات پر ساڑھے نو ہزار سے زیادہ جن اوشدھی کیندر چلائے جا رہے ہیں۔ تقریباً 20 لاکھ لوگ روزانہ جن اوشدھی کیندر جاتے ہیں۔ ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ کینسر کی دوا بائیکالوٹامائڈ، جو کہ بازار میں 800 روپے میں دستیاب ہے، جن اوشدھی کیندر میں صرف 137 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ ایک اور دوا، سیٹاگلیپٹن، مارکیٹ میں 400 روپے میں دستیاب ہے جب کہ کسی بھی جن اوشدھی کیندر میں اس کی قیمت 60 روپے ہے۔
مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ دوا سازی عوامی صحت سے متعلق معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں تیار کی جا رہی ادویات کے معیار کو لے کر چوکس ہیں اور ادویات کی تیاری سے متعلق معیارات پر سمجھوتہ کرنے والی کسی بھی کمپنی کو بخشا نہیں جائے گا۔ ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا کہ ڈی سی جی آئی اور ریاستی ڈرگ کنٹرولرس کے ذریعہ ملک بھر میں باقاعدگی سے معائنہ کیا جاتا ہے اور قصورواروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جاتی ہے۔
آئندہ چار دھام یاترا کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ مرکزی وزارت صحت چار دھام یاترا میں ریاستی حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت صحت اس بات کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کرے گی کہ چار دھام یاترا پر آنے والے کسی بھی عقیدت مند کو کسی قسم کی طبی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ چار دھام یاترا کے لیے تعینات ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس اور دیگر اہلکاروں کو مراعاتی الاؤنس دینے کا بھی منصوبہ ہے۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ملاری کے لیے روانہ ہونے سے قبل مرکزی وزیر صحت سے جی ٹی سی ہیلی پیڈ پر ملاقات کی۔ ملاری پہنچنے پر مرکزی وزیر صحت کا روایتی لباس میں ملاری کی خواتین نے استقبال کیا۔ اس دوران وادی نیتی کے گاؤں کے سربراہ کی تنظیم نے خود امدادی گروپوں کی طرف سے تیار کردہ پنکھی کوٹ اور بھوجپتر کی مالا پہنا کر ان کا استقبال کیا۔ ضلع مجسٹریٹ ہمانشو کھورانہ نے انہیں نامیاتی پہاڑی مصنوعات پیش کیں، مقامی خواتین نے پون ڈانس کی دلکش پیشکش کی۔
مرکزی وزیر صحت نے بدری کیدار کی سرزمین پر موجود ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور روایتی لباس اور طرز زندگی کے ساتھ ان کا استقبال کرنے پر سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر، کووڈ ویکسینیشن اور مفت راشن، بجلی، پانی اور موبائل کنیکٹیویٹی کے ساتھ ساتھ انہوں نے حکومت کی طرف سے چلائی جا رہی پردھان منتری آواس، اجولا یوجنا، آیوشمان بھارت اسکیموں کے بارے میں دریافت کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت سرحدی علاقوں میں اچھی سڑکیں، نیٹ ورک کنیکٹیویٹی، بجلی، پانی اور صحت کی سہولیات میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تندرستی کے مراکز کے ذریعے صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ٹیلی کنسلٹنسی کے ذریعے اعلیٰ ڈاکٹروں کے ذریعے براہ راست علاج کر رہے ہیں، آیوشمان بھارت کا فائدہ سب کو مل رہا ہے، پردھان منتری آواس فراہم کرایا جارہا ہے، لوگوں کی زندگی آسان ہو رہی ہے، تمام گھروں میں بجلی اور پانی دستیاب ہیں۔ ان تمام وجوہات کی وجہ سے یہاں سے نقل مکانی بتدریج کم ہو رہی ہے۔ دیہات میں روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں، یہ تمام کوششیں وائبرنٹ ولیج پروگرام کے تحت کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ملک کے سرحدی علاقے درحقیقت زیادہ متحرک ہو رہے ہیں۔ ہمالیائی رینج میں ایڈونچر اسپورٹس کے تئیں لوگوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے ایک تجربے کے طور پر کیڑا جڑی کا بازار لگانے کا مشورہ دیا اور جوشی مٹھ ہیلتھ سنٹر کا نام گورا دیوی کے نام پر رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں موبائل کنیکٹیوٹی کو بہتر بنایا جائے گا۔
اس کے بعد انہوں نے ضلع سطح کے عہدیداروں کے ساتھ وائبرنٹ ولیج پروگرام کا جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ملاری علاقے کے بارے میں تفصیلی معلومات دیتے ہوئے چیف ڈیولپمنٹ آفیسر نے یہاں اگائی جانے والی جڑی بوٹیوں، سیب، راجما، سمیت دیگر فصلوں کے ساتھ ساتھ یہاں کی ترقی کے امکانات کے بارے میں بھی بتایا۔ سی ڈی او نے یہ بھی بتایا کہ ملاری میں ایک گاؤں ایک پروڈکٹ اسکیم کے تحت اونی کپڑے تیار کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فروٹ بار تیار کیا جا رہا ہے، گیسٹ ہاؤس کے ساتھ مارکیٹنگ سینٹر بھی جلد بنایا جائے گا۔
وائبرنٹ ولیج پروگرام کا مقصد سرحدی دیہاتوں کی ترقی، دیہی لوگوں کے معیار زندگی میں سدھار لانا، مقامی سطح پر روایتی عالم اور وراثت کو بڑھاوا دیکر سیاحتی صلاحیت کا فائدہ اٹھانا اور کمیونٹی پر مبنی تنظیموں، سرکاری کمیٹیوں اور غیرسرکاری تنظیموں کے ذریعے ایک گاؤں ایک پروڈکٹ کے تصور پر مبنی ماحولیاتی پائیدار زراعتی پیشوں کو فروغ دینا ہے۔ وائبرینٹ ولیج عملی منصوبے ضلع انتظامیہ کے ذریعے گرام پنچایتوں کے تعاون سے تیار کیے گئے ہیں۔
اس دوران ڈاکٹر مانڈویہ نے گاؤں والوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر مانڈویہ نے ملاری میں آشا کارکنوں سے بھی ملاقات کی۔ کارکنوں نے مرکزی وزیر صحت کو اپنے کام کے بارے میں بتایا۔ اس کے بعد ڈاکٹر مانڈویہ نے ملاری میں وائبرنٹ ولیج پروگرام کے تحت مختلف محکموں کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور ترقیاتی کاموں کی معلومات حاصل کی اور جائزہ لیا۔
صحت اور خاندانی بہبود اور کیمیکل اور کھاد کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ جمعہ کےروز وزیراعلیٰ جناب دھامی کے ساتھ وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ خاص سیوا سدن میں صحت سے متعلق اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس دوران وہ اتراکھنڈ کے رودرپریاگ، نینی تال اور سری نگر میں 50 بستروں کے کریٹیکل کیئر بلاک کے ساتھ ساتھ دون میڈیکل کالج کی نئی عمارت میں 500 بستروں کی صلاحیت والے اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
تصویر1۔مرکزی وزیر صحت جاکھان دہرہ دون میں جن اوشدھی کیندر صحت کارکنان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے۔
تصویر2۔مرکزی وزیر صحت کا ضلع چمولی کے ملاری گاؤں میں استقبال کیا گیا
تصویر3۔مرکزی وزیر صحت ملاری گاؤں میں آشا کارکنان اور گاؤں کے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے۔
تصویر4۔مرکزی وزیر صحت ملاری گاؤں میں وائبرینٹ ولیج پروگرام کے تحت ترقیاتی اور بنیادی ڈھانچے کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ش ت۔ع ن۔
U-3554
(Release ID: 1912484)
Visitor Counter : 108