الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
سی ایس سی اکیڈمی اور این آئی ای ایل آئی ٹی نے بھارت میں ڈیجیٹل خواندگی اور ہنر مندی کی ترقی کو بڑھانے کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط کیے
Posted On:
23 FEB 2023 2:45PM by PIB Delhi
کامن سروس سینٹر ای گورننس سروسز انڈیا لمیٹڈ کے ماتحت ادارے سی ایس سی اکیڈمی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (این آئی ای ایل آئی ٹی) نے بھارت میں ڈیجیٹل خواندگی اور ہنر مندی کی ترقی کو بڑھانے کے لیے مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔
بھارت میں ڈیجیٹل خواندگی اور ہنر مندی کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے سی ایس سی اکیڈمی اور این آئی ای ایل آئی ٹی کے درمیان مفاہمت نامہ
اس مفاہمت نامے کا مقصد دونوں تنظیموں کے درمیان طویل مدتی شراکت داری قائم کرنا ہے تاکہ مشترکہ طور پر ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینے اور بھارت کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے اقدامات کو فروغ دیا جاسکے۔ ایم او یو کے تحت سی ایس سی اکیڈمی اور این آئی ای ایل آئی ٹی ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں جیسے اسکل ڈیولپمنٹ، ورچوئل اکیڈمی، ایکریڈیٹیشن اینڈ فیسیلیٹیشن سینٹر، فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام، ڈیجیٹل اینڈ فنانشل انکلوژن، انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ، مواد اور سرٹیفکیٹس اور باہمی شراکت داروں اور این جی اوز کو معاونت کی فراہمی جیسے تربیتی پروگراموں کی تیاری اور ان پر عمل درآمد کے لیے مل کر کام کریں گے۔
این آئی ای ایل آئی ٹی کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر مدن موہن ترپاٹھی نے اس تعاون کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سی ایس سی اکیڈمی کے ساتھ مفاہمت نامہ بھارت میں ڈیجیٹل طور پر خواندہ معاشرے کی تشکیل کے ہمارے مشن کو حاصل کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ یہ شراکت داری ہمیں وسیع تر سامعین تک پہنچنے کا موقع فراہم کرے گی اور انھیں نئی مہارتیں حاصل کرنے میں مدد دے گی جو 21 ویں صدی کے لیے ضروری ہیں۔
شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے سی ایس سی ایس پی وی کے ایم ڈی اور سی ای او جناب سنجے کمار راکیش نے کہا کہ ’’ ہمیں بھارت میں ڈیجیٹل خواندگی اور ہنر مندی کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبے میں ایک اہم انسٹی ٹیوٹ این آئی ای ایل آئی ٹی کے ساتھ تعاون کرنے پر مسرت ہورہی ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہمارا مقصد ایک ہنرمند افرادی قوت تیار کرنا ہے جو ملک میں ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔‘‘
مفاہمت نامے پر دستخط کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مدن موہن ترپاٹھی، رجسٹرار جناب رام پرکاش پانڈے، این آئی ای ایل آئی ٹی کے سائنسدان للت ڈابی کی ایڈیشنل ڈائریکٹر شیتل چوپڑا اور سی ایس سی ایس پی وی کے ایم ڈی اور سی ای او جناب سنجے کمار راکیش، سی ایس سی اکیڈمی کے سی ای او ڈاکٹر رشی کیش پٹنکر، ڈاکٹر ترپتی جین، اسسٹنٹ منیجر سی ایس سی ایس پی وی سمیت دونوں اداروں کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔
سی ایس سی اکیڈمی کے بارے میں:
سی ایس سی اکیڈمی کامن سروس سینٹر (سی ایس سی ایس پی وی) کا ماتحت ادارہ ہے اور بھارت کے دیہی نوجوانوں کو ڈیجیٹل خواندگی اور ہنر مندی کی ترقی کی تربیت فراہم کرتا ہے۔ اس ادارے کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنا اور دیہی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
این آئی ای ایل آئی ٹی (نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی) انفارمیشن ٹکنالوجی کے میدان میں ایک اہم ادارہ ہے اور بھارت سرکار کی الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی وزارت سے وابستہ ہے۔ یہ ادارہ ٹکنالوجی کے مختلف شعبوں میں تربیت اور سرٹیفکیشن پروگرام فراہم کرتی ہے اور اس کا مقصد بھارت میں ڈیجیٹل طور پر خواندہ معاشرہ تشکیل دینا ہے۔
***
(ش ح - ع ا- ع ر)
U. No. 2005
(Release ID: 1901805)
Visitor Counter : 164