بجلی کی وزارت

توانائی کی منتقلی  سے متعلق  ورکنگ گروپ کی  پہلی میٹنگ کل بنگلور میں شروع ہوگی


مرکزی وزیر برائے بجلی جناب آر کے سنگھ تین روزہ پروگرام کا کلیدی خطبہ پیش کریں گے

جی 20  ممالک کے مندوبین سمیت 150 سے زائد شرکاء اس تقریب میں حصہ لیں  گے

Posted On: 04 FEB 2023 5:40PM by PIB Delhi

ہندوستان کی صدارت میں جی 20  انرجی ٹرانزیشن ورکنگ گروپ (ای ٹی ڈبلیو جی ) کا پہلا اجلاس کل بنگلورو میں شروع ہوگا۔

بجلی اور نئی اور قابل تجدید توانائی کے مرکزی وزیر جناب آر کےسنگھ تین روزہ پروگرام میں کلیدی خطبہ دیں گے۔ پارلیمانی امور، کوئلہ اور کانوں کے مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی خصوصی خطاب کریں گے۔

بنگلورو میں ہندوستان کی صدارت میں منعقد ہونے والی توانائی کی منتقلی سے متعلق  جی 20   ورکنگ گروپ  کی پہلی میٹنگ میں 150 سے زیادہ شرکاء  حصہ لیں گے جن میں جی-20 کے رکن ممالک، نو خصوصی  طور پر مدعو مہمان ممالک - بنگلہ دیش، مصر، ماریشس، نیدرلینڈ، نائجیریا، عمان، سنگاپور، یو اے ای اور اسپین شامل ہیں۔ ہندوستان کی جی20 صدارت سب کے لیے ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر میں مدد کرنے کی غرض سے  رکن ممالک کے درمیان اشتراک، تعاون اور اعتماد کے احساس کو فروغ دے گی۔

ای ٹی ڈبلیو جی میٹنگ کے ترجیحی شعبوں میں ٹیکنالوجی کے خلا کو دور کرنے کے ذریعے توانائی کی منتقلی ،  توانائی کی منتقلی کے لیے کم لاگت والی مالی وسائل کی فراہمی؛ توانائی کی حفاظت اور متنوع سپلائی چینز؛ توانائی کی کارکردگی، صنعتی دنیا میں کاربن  کی کم سے کم منتقلی  اور ذمہ دارانہ صارفیت ؛ مستقبل کے لیے ایندھن (ایف 3) اور صاف توانائی اور منصفانہ، سستی، اور جامع توانائی کی منتقلی کے راستے تک عالمی رسائی شامل ہیں۔

توانائی کی منتقلی کے ہدف کو حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، توانائی کی منتقلی سے متعلق ورکنگ گروپ ،فنڈز کی فراہمی اور ٹیکنالوجی  میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے پر زور دے گا تاکہ کمیونٹیز کی توانائی کی ضروریات پر سمجھوتہ کیے بغیر اسے میعاد بند اور کفایتی  طریقے سے فراہم کیا جائے۔

مشاورت کے متوقع نتائج میں  تحقیق و ترقی روڈ میپ کے تحت اہم ٹیکنالوجیز کے استعمال کے لیے خاطر خواہ کم لاگت والے بین الاقوامی فنڈز کو استعمال کرنے کی غرض سے تعاون کے اقدام کے لیے معاہدہ، توانائی کی حفاظت اور توانائی کے نئے ذرائع کی ایک متنوع سپلائی چین کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کا اعلان شامل ہے۔ اس میں 2030 تک توانائی کی کارکردگی میں بہتری کی عالمی شرح کو دوگنا کرنے کا روڈ میپ،حیاتیاتی توانائی تعاون کو بڑھانے اور فروغ دینے کے لیے ایک ایکشن پلان، اور ایک منصفانہ، سستی اور جامع توانائی کی منتقلی کی حمایت کرنے کے لیے عالمی  سطح کےبہترین طور طریقوں سے متعلق سفارشات بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ،’ کاربن کیپچر، یوٹیلائزیشن اور اسٹوریج (سی سی یو ایس)‘ پر ایک اعلیٰ سطحی بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے۔ سیمینار کے دوران  کاربن کو جذب اور اکٹھا کرنے ،  اس کےاستعمال اور ماحول دوست انداز میں ذخیرہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی ، جو کاربن کے  صفر  اخراج کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے۔

پہلی ای ٹی ڈبلیو جی  میٹنگ کے ایک حصے کے طور پر، مندوبین انفوسیس گرین بلڈنگ کیمپس اوور پواگڑا سولر پارک کا بھی دورہ کریں گے تاکہ قابل تجدید شعبے کی سمت میں  ہندوستان کی پیش قدمی اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کوکم کرنے کی کوششوں کا مشاہدہ کرسکیں۔

 

************

 

 

ش ح۔س ب  ۔ م  ص

 (U:1240)

                   



(Release ID: 1896532) Visitor Counter : 110


Read this release in: English , Hindi , Marathi