وزارت دفاع
دفاع کے وزیر مملکت نے این سی سی کے یوم جمہوریہ کیمپ 2023 کا دورہ کیا؛
جناب اجے بھٹ کا کہنا ہے کہ این سی سی کثرت میں وحدت کی ایک درخشاں مثال ہے
Posted On:
19 JAN 2023 3:11PM by PIB Delhi
دفاع کے وزیر مملکت جناب اجے بھٹ نے کہا ہے کہ این سی سی ’’کثرت میں وحدت‘‘ کی ایک درخشاں مثال ہے، اور اپنے قیام سے لے کر اس نے نوجوانوں میں نظم و ضبط سے متعلق اقدار ، کردار، پرخطر کاموں کو انجام دینے کا جذبہ اور بے لوث خدمت کے نظریات جاگزیں کرکے ملک کے نوجوانوں کی تربیت میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔دفاع کے وزیر مملکت 19 جنوری 2023 کو نئی دہلی میں واقع دہلی کینٹ میں یوم جمہوریہ کیمپ 2023 کے این سی سی کیڈٹوں سے خطاب کررہے تھے۔
جناب اجے بھٹ نے یہ بات اجاگر کی کہ این سی سی ملک کے نوجوانوں کے لیے ’’اتحاد اور نظم و ضبط‘‘ کی مظہر ہے، اور یہ حب وطن اور جمہوریت کی اقدار ،جو کہ بھارتی آئین میں بھی درج ہیں ، کو مضبوط بنا رہی ہے۔
دفاع کے وزیر مملکت نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شیڈیول کے مطابق این سی سی کی توسیع کے عمل میں پیش رفت جاری ہے۔ ’’اپنے توسیعی منصوبوں کے ذریعہ، این سی سی کا مقصد ساحلی علاقوں، سرحدی علاقوں بائیں بازو کی انتہاپسندی سے متاثر علاقوں میں اپنے احاطہ میں اضافہ کرنا ہے اور ساتھ ہی ان دور دراز کے علاقوں کے نوجوانوں کے تغیر پر بھی خصوصی توجہ دینی ہے۔‘‘
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ خصوصی کوششوں کے توسط سے ایسے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ نئی افادیت تلاش کرکے دیہی اور نیم شہری علاقوں میں این سی سی کی رسائی میں اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نےمزید کہا کہ، ’’یہ یقینی طور پر ان علاقوں میں نوجوانوں کو توانائی سے معمور کرے گی اور انہیں تعمیر قوم کے لیے اپنا تعاون دینے کا موقع فراہم کرے گی۔‘‘
جناب اجھے بھٹ نے قومی یوتھ فیسٹیول، نشیلی ادویہ کے غلط استعمال اور غیر قانونی تجارت کے خلاف عالمی دن اور نشہ مکتی ابھیان جیسی قومی ترقی اور سماجی خدمات سے متعلق اسکیموں میں این سی سی کیڈٹوں کے کردار کی ستائش کی۔
دفاع کے وزیر مملکت نے کہا، ’’مختلف ریاستوں میں شہری انتظامیہ کو تعاون فراہم کرنے سمیت این سی سی کی تباہ کاری سے راحت بہم رسانی کی کوششوں اور سووَچھتا ابھیان اور پنیت ساگر ابھیان میں ان کی غیر معمولی خدمات کی تعریف ہوئی ہے۔ 15 اگست 2022 کو محترم وزیر اعظم کی ہر گھر ترنگا اپیل کو پورا کرنے میں این سی سی کی کوششوں نے اسے حقیقت میں حب الوطنی کے جذبے سے معمور ایک شاندار تیوہار میں تبدیل کر دیا۔ مجھے یقین ہے کہ آپ میں موجود ٹیم ورک سے متعلق اخلاقیات اور اقدار کی تعلیم آپ کو مستقبل میں بھی قومی مقاصد کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گی۔‘‘
اس سے قبل، بری، بحری اور فضائیہ تینوں افواج کی ایک ٹکڑی نے دفاع کے وزیر مملکت کی آمد پر ایک شاندار ’’گارڈ آف آنر‘‘ پیش کیا۔ اس کے بعد این سی سی کیڈٹوں نے بینڈ کی خوبصورت پیشکش کی۔ جناب اجے بھٹ نے مختلف سماجی بیداری موضوعات اور ثقافتی سرگرمیوں کی نمائش کرنے والے این سی سی کیڈٹوں کے ذریعہ تیار کیے گئے ’فلیگ ایریا‘ کا بھی دورہ کیا۔ بعد ازاں کیڈٹوں نے انہیں اپنی متعلقہ اسٹیٹ ڈائرکٹوریٹ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی۔
دفاع کے وزیر مملکت نے ’ہال آف فیم‘ کا بھی دورہ کیا، جو این سی سی کا ایک قابل فخر اثاثہ ہے، جس میں سابق طلبا کی تصاویر، ماڈل، باعث ترغیب چیزیں اور این سی سی کے تینوں شعبوں کی دیگر قابل دید چیزوں کے ذخیرے کی نمائش کی گئی ہے۔
جناب اجے بھٹ نے دیگر معزز مہمانوں کے ساتھ این سی سی آڈی ٹوریم میں کیڈٹوں کے ذریعہ پیش کیا گیا ’ثقافتی پروگرام‘ بھی ملاحظہ کیا۔
******
ش ح۔ا ب ن۔ م ف
U-NO. 643
(Release ID: 1892264)
Visitor Counter : 139