کابینہ سکریٹریٹ
جوشی مٹھ، چمولی، اتراکھنڈ میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے این سی ایم سی کی میٹنگ 10 جنوری 2023 کو منعقد ہوئی
Posted On:
10 JAN 2023 8:06PM by PIB Delhi
کابینہ سکریٹری جناب راجیو گوبا کی صدارت میں بحران کے بندوبست سے متعلق قومی کمیٹی (این سی ایم سی) کی آج میٹنگ ہوئی اور جوشی مٹھ میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اتراکھنڈ کے چیف سکریٹری نے این سی ایم سی کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شدید طور پر تباہ شدہ مکانات کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی رہائش کے لیے جوشی مٹھ اور پپل کوٹی میں ریلیف پناہ گاہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے مناسب معاوضہ اور ریلیف کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوشی مٹھ-اولی روپ وے کا آپریشن بند کر دیا گیا ہے۔ جوشی مٹھ میونسپلٹی علاقے میں اور اس کے آس پاس تعمیراتی کاموں کو بھی اگلے احکامات تک روک دیا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کو ضلع انتظامیہ کی راحت اور بازآبادکاری کی کوششوں میں مدد کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق قومی اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ممبر سکریٹری نے کمیٹی کو بتایا کہ سی بی آر آئی، جی ایس آئی، واڈیا انسٹی ٹیوٹ آف ہمالین جیولوجی، این آئی ڈی ایم اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائیڈرولوجی کے ماہرین کی ٹیم نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 6 اور 7 جنوری 2023 کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ٹیم نے ان کی ضروریات کو سمجھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے بھی بات چیت کی۔
مرکزی داخلہ سکریٹری نے کمیٹی کو بتایا کہ سکریٹری، بارڈر مینجمنٹ کی قیادت میں امور داخلہ کی وزارت (ایم ایچ اے) کی ایک اعلیٰ سطحی مرکزی ٹیم صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جوشی مٹھ میں ہے۔
کابینہ سیکرٹری نے زور دیا کہ فوری ترجیح متاثرہ زون کے تمام رہائشیوں کا مکمل اور محفوظ انخلاء ہونا چاہیے۔ کمزور ڈھانچے کو محفوظ طریقے سے مسمار کرنے کو ترجیح دی جا سکتی ہے۔ تمام مطالعات اور تحقیقات یعنی جیو ٹیکنیکل، جیو فزیکل اور ہائیڈرولوجیکل کو مربوط اور وقت کی پابندی کے ساتھ مکمل کیا جانا چاہیے۔ کابینہ سکریٹری نے چیف سکریٹری کو یقین دلایا کہ تمام مرکزی ایجنسیاں ضروری مدد کے لیے دستیاب رہیں گی۔
میٹنگ میں مرکزی داخلہ سکریٹری، چیف سکریٹری اتراکھنڈ، بجلی، اطلاعات و نشریات، بارڈر مینجمنٹ، آبی وسائل، کانکنی کی وزارتوں کے سکریٹریز کے علاوہ این ڈی ایم اے کے اراکین، مربوط دفاعی عملے کے سربراہ، چیئرمین، چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیئرمین اسرو کے سائنسی سکریٹری، مرکزی آبی کمیشن کے چیئرمین، ڈی جی-این ڈی آر ایف، ڈی جی-جیولوجیکل سروے آف انڈیا، سائنسدان (ایس جی) نیشنل ریموٹ سینسنگ سنٹر، سی ایم ڈی-این ٹی پی سی، ڈائریکٹر، نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی اور ڈی جی بارڈر روڈ آرگنائزیشن نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ م ع۔ع ن
(U: 313)
(Release ID: 1890158)
Visitor Counter : 157