صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے  بین الاقوامی گیتا سیمینار میں شرکت کی؛ صحت، روڈ ٹرانسپورٹ اور تعلیم سے متعلق حکومت ہریانہ کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا/سنگ بنیاد رکھا


گیتا انسانیت کے لیے ایک ضابطہ حیات اور روحانی روشنی ہے؛ گیتا کی تعلیمات پر عمل کرنا  ضروری ہے: صدر مرمو

Posted On: 29 NOV 2022 4:33PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (29 نومبر 2022) ہریانہ کے کوروکشیتر میں منعقد بین الاقوامی گیتا سیمینار میں شرکت کی۔ انہوں نے ’مکھیہ منتری سواستھیہ سرویکشن یوجنا‘ کا بھی افتتاح کیا؛ اور ورچوئل موڈ کے ذریعے ہریانہ میں تمام پبلک روڈ ٹرانسپورٹ سہولیات کے لیے ای ٹکٹنگ پروجیکٹوں کے ساتھ ساتھ سرسہ میں میڈیکل کالج اور اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر بولتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ شریمد بھگود گیتا صحیح معنوں میں ایک عالمی کتاب ہے۔ اس کا کئی زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ یہ ہندوستان کی سب سے مقبول کتاب ہے۔ گیتا پر جتنی تفسیریں لکھی گئی ہیں شاید ہی کسی اور کتاب پر لکھی گئی ہوں گی۔ جس طرح یوگ پوری عالمی برادری کے لیے ہندوستان کا تحفہ ہے، اسی طرح گیتا پوری انسانیت کے لیے ہندوستان کا روحانی تحفہ ہے۔ گیتا انسانیت کے لیے ایک ضابطہ حیات اور روحانی روشنی ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ گیتا ہمیں سخت محنت کرنے اور نتیجہ کی فکر نہ کرنے کی تعلیم دیتی ہے۔ ذاتی مفاد کے بغیر محنت کرنا زندگی کا صحیح راستہ ہے۔ بے عملی اور خواہش دونوں کو ترک کر کے کام کرنے سے زندگی بامعنی بن جاتی ہے۔ خوشی اور غم میں یکساں رہنا، نفع و نقصان کو یکساں احساس کے ساتھ قبول کرنا، عزت اور بے عزتی سے متاثر نہ ہونا، اور ہر حال میں توازن برقرار رکھنا - گیتا کا بہت ہی کارآمد  پیغام ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ شریمد بھگود گیتا ایک ایسی کتاب ہے جو ناموافق حالات میں جوش و خروش کو فروغ دیتی ہے اور افسردگی میں امید کا اظہار کرتی ہے۔ یہ زندگی بنانے والی کتاب ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی گیتا مہوتسو کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ گیتا کے پیغام کے فروغ اور تشہیر کے لیے مسلسل کوششیں کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گیتا کی تعلیمات پر عمل کرنا زیادہ ضروری ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ ہیلتھ سروے اسکیم اور اوپن لوپ ٹکٹنگ سسٹم شروع کرنے اور سرسہ میں میڈیکل کالج اور ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ہمیں گیتا کے قول کی یاد دلاتے ہیں ’سرو بھوتا ہیتے رتاہ‘ جس کا مطلب ہے کہ جو لوگ تمام مخلوقات کی فلاح و بہبود میں مصروف ہیں وہ ایشور کے فضل کے مستحق ہیں۔ انہوں نے عوامی بہبود کے ان اقدامات کے لیے حکومت ہریانہ کی تعریف کی۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 13093



(Release ID: 1879808) Visitor Counter : 115