عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم نے روزگار میلہ کے تحت نئے بھرتی ہونے والوں میں تقریباً 71,000 تقرری نامے تقسیم کیے


"روزگار میلہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انھیں قومی ترقی میں متحرک بنانے کی ہماری کوشش ہے"

"حکومت سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے مشن موڈ میں کام کر رہی ہے"

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت میں نئے نوجوان عملے کو اگلے 25 برسوں میں قومی تعمیر کے عمل میں حصہ ڈالنے اور 2047 میں صدی بھارت کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کا موقع ملے گا۔

Posted On: 22 NOV 2022 5:54PM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلہ کے تحت شامل ہونے والے نئے بھرتی ہونے والوں میں تقریباً 71,000 تقرری نامے تقسیم کیے۔ توقع ہے کہ روزگار میلہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ قومی ترقی میں براہ راست شرکت کے لیے بامعنی مواقع فراہم کرنے میں ایک تحریک کے طور پر کام کرے گا۔ اس سے قبل اکتوبر میں روزگار میلہ کے تحت نئے بھرتی ہونے والوں کو 75,000 تقرری نامے سونپے گئے تھے۔

مجمع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے 45 سے زیادہ شہروں میں 71,000 سے زیادہ نوجوانوں کو تقرر نامے دیے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں اتنے سارے کنبوں کے لیے خوشی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انھوں نے یاد دلایا کہ دھنتیرس کے دن مرکزی حکومت نے نوجوانوں کو 75,000 تقرری خطوط تقسیم کیے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا روزگار میلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مرکزی حکومت ملک کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مشن موڈ میں کام کر رہی ہے۔

ایک ماہ قبل روزگار میلہ کے آغاز کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کئی مرکز کے زیر انتظام علاقے اور ریاستیں وقتاً فوقتاً اس طرح کے روزگار میلوں کا انعقاد کرتی رہیں گی۔ انھوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مہاراشٹر، گجرات، اتر پردیش، جموں و کشمیر، لداخ، انڈمان اور نکوبار، لکشدیپ، دمن اور دیو، دادر اور نگر حویلی اور چنڈی گڑھ میں ہزاروں نوجوانوں کو متعلقہ حکومتوں کے ذریعے تقرر نامے فراہم کیے گئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ گوا اور تریپورہ بھی کچھ دنوں میں اسی طرح کے روزگار میلوں کا انعقاد کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے اس زبردست کارنامے کا سہرا ڈبل انجن والی حکومت کو دیا اور یقین دلایا کہ بھارت کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے وقتاً فوقتاً اس طرح کے روزگار میلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان قوم کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ مرکزی حکومت ملک کی تعمیر کے لیے ان کی صلاحیتوں اور توانائی کو استعمال کرنے کے لیے سب سے زیادہ ترجیح دے رہی ہے۔ انھوں نے نئے سرکاری ملازمین کا خیرمقدم کیا اور ان کی ستائش کی۔ انھوں نے انھیں یاد دلایا کہ وہ یہ اہم ذمہ داری ایک بہت ہی خاص وقت یعنی امرت کال میں سنبھال رہے ہیں۔ انھوں نے امرت کال میں ایک ترقی یافتہ قوم بننے کے ملک کے عزم میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔

نئی دہلی کے چھاولا بی ایس ایف کیمپ میں روزگار میلے میں اپنے استقبالیہ خطاب میں ڈی او پی ٹی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ نوجوانوں، خواتین، پسماندہ طبقات اور سماج کے محروم طبقوں کی فلاح و بہبود ہمیشہ وزیر اعظم نریندر مودی کی اولین ترجیح رہی ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ شروع سے ہی وزیر اعظم مودی نے نوجوانوں سے متعلق مسائل اور خدشات کو سب سے زیادہ ترجیح دی ہے اور نوجوانوں کے لیے روزی روٹی، سرکاری ملازمتوں اور آمدنی کے لیے نئی راہیں اور مواقع پیدا کرنے کی مسلسل کوشش کی ہے۔

اس بات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہ 22 اکتوبر  کو نوجوانوں کو 75 ہزار تقرری نامے تقسیم کرنے کے بعد آج روزگار میلہ کے تحت نئے بھرتی ہونے والوں کو 71,000 تقرری نامے دیے گئے۔ انھوں نے وزیر اعظم سے وعدہ کیا کہ بہت جلد ان کا محکمہ اگلے چند مہینوں میں 10 لاکھ سرکاری ملازمتوں کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے تقرری ناموں کی اگلی کھیپ لے کر آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق تمام وزارتیں اور محکمے مشن موڈ میں منظور شدہ عہدوں پر موجودہ خالی عہدوں کو پر کرنے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ وزیر اعظم مودی ہی تھے جنھوں نے چند ماہ قبل قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ جلد ہی نوجوانوں کو 10 لاکھ سرکاری نوکریاں فراہم کریں گے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ایک بار پھر یہ واضح ہے کہ وزیر اعظم مودی وہی کرتے ہیں جو وہ کہتے ہیں اور وہ ہر چیز کو "ممکن" بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے امید ظاہر کی کہ حکومت میں نئی بھرتی ہونے والے ان نوجوانوں کو 2047 میں سینچری انڈیا کے خواب کو پورا کرنے کے لیے اگلے 25 برسوں میں قومی تعمیر کے عمل میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے گا۔

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 12825


(Release ID: 1878071)
Read this release in: English , Hindi , Manipuri