صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے مدھیہ پردیش حکومت کی میزبانی میں منعقدہ شہری استقبالیہ تقریب میں شرکت کی ؛ دفاع ، اور سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی مرکزی وزارتوں کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا
Posted On:
15 NOV 2022 8:42PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج شام (15 نومبر 2022) کو راج بھون میں حکومت مدھیہ پردیش کی میزبانی میں اپنے اعزاز میں منعقدہ شہری استقبالیہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر، انہوں نے ورچووَل طریقہ سے گوالیار میں ڈی آر ڈی او کی ’میکسی مم مائکروبایولوجیکل کنٹینمنٹ لیباریٹری‘ اور سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت کے راتاپانی-اٹارسی سڑک پروجیکٹ کے سنگ بنیاد رکھے۔
مجمع سے خطاب کرتے ہوئے، صدرجمہوریہ نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے عوام نے بھارتی ثقافت اور ترقی کے سفر میں غیر معمولی تعاون پیش کیا ہے۔ جہاں ایک جانب مدھیہ پردیش میں فطری حسن پایا جاتا ہے، تو وہیں دوسری جانب یہ ایک مالامال روحانی اور ثقافتی ورثہ کی حامل ریاست ہے۔ عظیم شاعر کالی داس اور موسیقی کے سمراٹ تان سین سے لے کر لتا منگیشکر تک، اس سرزمین پر متعدد باصلاحیت افراد پیدا ہوئے۔ سابق صدر جمہوریہ ہند، ڈاکٹر شنکر دیال شرما اسی مٹی کے سپوت تھے۔ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی جائے پیدائش مہو میں ہے۔ سابق وزیر اعظم، جناب اٹل بہاری واجپئی جی کی شاندار شخصیت اور ان کی عظیم سیاسی زندگی کی شروعات مدھیہ پردیش ہی سے ہوئی۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں متعدد پرکشش تاریخی مقامات ہیں۔ مہا کالیشور اور اومکاریشور کے جیوترلنگ، اُجین کا سمہست کمبھ، دریائے نرمدا کی ابتداء اور امرکنٹک میں اولین جین تیرتھنکر رشبھ دیو کا مندر، چترکوٹ میں بھگوان رام کی جلاوطنی کی جگہ، یہ سب مقامات مدھیہ پردیش کی روحانی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔
صدرجمہوریہ نے کہا کہ علاقہ کے لحاظ مدھیہ پردیش میں ملک کا سب سے بڑا جنگل ہے۔ یہاں متعدد نیشنل پارک، وائلڈ لائف پارک اور ٹائیگر ریزرو موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات میں دلچسپی رکھنے والے لوگ حال ہی میں نامیبیا سے نقل مکانی کرکے کونو نیشنل پارک لائے گئے چیتوں کو لے کر ازحد پرجوش ہیں۔ انہوں نے ملک سے معدوم ہو چکے چیتوں کی بازآبادکاری کے لیے شروع کی گئی مہم کی کامیابی کی تمنا کی۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ اندور شہر کو مسلسل چھٹویں مرتبہ ازحد صاف ستھرے شہر کا ایوارڈ حاصل ہوا اور مدھیہ پردیش نے ’سووَچھ سرویکشن 2022‘ میں ازحد صاف ستھری ریاست کا ایوارڈ جیتا۔ علاوہ ازیں، ایک لاکھ سے زائد کی آبادی والے 100 شہروں کی درجہ بندی میں، 30 شہر مدھیہ پردیش کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی عوامی شراکت داری اور بیداری کی ایک مؤثر مثال ہے۔ انہوں نے ریاست میں صفائی ستھرائی کے رواج کو مضبوط بنانے کے لیے مدھیہ پردیش کے عوام کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی سے متعلق ان کی کوششیں سبھی کے لیے مثالی حیثیت رکھتی ہیں ۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ مدھیہ پردیش نے مبنی برشمولیت ترقی کے نئے زاویے قائم کیے ہیں۔ ریاست نے ترقی کے متعدد معیارات پر متاثرکن کامیابیاں حاصل کی ہیں۔گذشتہ ایک دہائی کے دوران مدھیہ پردیش کی مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار (جی ایس ڈی پی) میں تقریباً ساڑے تین گنا اضافہ رونما ہوا ہے۔ یہ خوردنی اناج کی پیداوار کے معاملے میں سرکردہ ریاستوں میں شامل ہے۔ گذشتہ چار برسوں کے دوران زرعی شرح نمو میں 20 فیصد کے اوسط سے اضافہ رونما ہوا ہے۔ انہوں نے ریاست کی مجموعی ترقی کے لیے حکومت مدھیہ پردیش کی ستائش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مدھیہ پردیش کی ترقی کا سفر مزید تیز رفتار ی کے ساتھ آگے بڑھے گا اور اس ترقی کے فوائد ریاست کے تمام تر طبقات سے وابستہ عوام الناس تک پہنچیں گے۔
صدر جمہوریہ کی تقریر ہندی میں ملاحظہ کرنے کے لیے برائے مہربانی یہاں کلک کریں۔
******
ش ح۔ا ب ن۔ م ف
U-NO.12573
(Release ID: 1876303)
Visitor Counter : 154