بھارتی چناؤ کمیشن
سی ایس سی جناب راجیو کمار نے کلپا کنور میں جناب شیام سرن نیگی کے سوگوار خاندان سے ملاقات کی، اور اظہار تعزیت کیا
آنجہانی کی روح کے لئے سچی خراج عقیدت تبھی ہوگی جب ہم سب ملک کے باشندے ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جمہوریت کی بنیاد کو مضبوط کریں: سی ای سی راجیو کمار
ای سی آئی نے آزاد ہندوستان کے پہلے ووٹر کے جمہوریت میں ناقابل تسخیر جذبے اور اعتماد کو سلام کیا
प्रविष्टि तिथि:
05 NOV 2022 10:05PM by PIB Delhi
سی ای سی جناب راجیو کمار نے ہماچل کے فخر اور آزاد ہندوستان کے پہلے ووٹر جناب شیام سرن نیگی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ جناب نیگی کی جمہوری اقدار، اخلاقیات اور اس سلسلے میں ان کی خدمات کے لئے ممنونیت کا اظہار کرنے کے واسطے جناب راجیو کمار غمزدہ خاندان سے ذاتی طور پر ملاقات کرنے اور گلہائے عقیدت نذر کرنے کے لئے آج کنور ضلع میں جناب نیگی کے آبائی گاؤں کلپا پہنچے ۔

جمہوریت میں جناب شیام سرن نیگی کے مثالی جذبے اور اعتماد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جناب راجیو کمار نے کہا کہ ’’جناب نیگی70 برسوں سے زیادہ مدت سے ووٹ ڈالتے رہے اور جاتے جاتے بھی 2 نومبر کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ اپنا فرض ادا کرگئے۔ جناب نیگی کی یہ فرض شناسی نوجوانرائے دہندگان کے لیے ایک مثال ہونی چاہیے۔ آنجہانی کی روح کے لئے سچی خراج عقیدت تبھی ہوگی جب ہم سب ملک کے باشندے ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جمہوریت کی بنیاد کو مضبوط کریں‘‘۔ سی ای سی نے ہماچل پردیش کے تمام ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ جناب شیام سرن نیگی کو حقیقی خراج عقیدت کے طور پر آئندہ اسمبلی انتخابات میں 12 نومبر 2022 کو اپنا ووٹ ڈالیں۔

سی ای سی جناب کمار نے ایک مضبوط جمہوریت کی بنیاد رکھنے میں تعاون کے لئے ملک بھر میں 1.8 کروڑ سے زیادہ 80 سال سے زیادہ عمر کے رائے دہندگان اور 2.5 لاکھ 100 سال سے زیادہ عمر کے رائے دہندگان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ معزز بزرگوں کی جمہوریت میں مسلسل حصے داری سے غیر جانب درانہ ، شفاف، شمولیت والے اور آسان انتخابات کراتے رہنے کی ذمہ داری کا احساس اور بڑھ جاتا ہے ۔
خاندان کے ارکان کے ساتھ سی ای سی کی بات چیت کے دوران، جناب نیگی کے بیٹے نے سی ای سی جناب راجیو کمار کی جانب سے جناب شیام سرن نیگی کو ملنے والے ایک شکریہ کے خط کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جناب نیگی کو یہ خط پڑھ کربہت خوشی ہوئی اور وہ جمہوریت کے تہوار میں سرگرم شرکت کے واسطے ووٹ ڈالنے کے لئے اپنے خاندان کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں معمر افراد کے بین الاقوامی دن کے موقع پر سی ای سی نے ملک بھر کے تمام صد سالہ ووٹروں کو شکریہ کا خط لکھا تھا۔

جناب شیام سرن نیگی کا آج صبح 106 سال کی عمر میں ان کے آبائی مقام کلپا، کنور، ہماچل پردیش میں انتقال ہوگیا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جناب شیام سرن نیگی کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور قوم کے تئیں ان کی خدمات کے لیے ممنونیت کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ا گ۔ن ا۔
U- 12246
(रिलीज़ आईडी: 1874077)
आगंतुक पटल : 155