وزارت سیاحت

لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا نہ آج نئی دہلی میں منعقد ٹورسٹ پولس اسکیم پر قومی اجلاس سے خطاب کیا


بہتر قانون و انتظام سے سیاحوں کی آمدورفت میں اضافہ ہوتا ہے:لوک سبھا اسپیکر

جی20 کی سربراہی کو ہندوستان سیاحت سے متعلق مصنوعات کی تشہیر کے لئے ایک بڑے موقعے کے طور پر لیا جاسکتا ہے:جناب جی کشن ریڈی

سیاحوں کے تحفظ کو خطرہ پیدا کرنے والے واقعات کے تئیں ہماری زیرو ٹولرینس کی پالیسی ہونی چاہئے: جناب جی کشن ریڈی

Posted On: 19 OCT 2022 5:50PM by PIB Delhi

لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا  نے آج نئی دہلی میں ٹورسٹ پولس اسکیم کے موضوع پر ایک قومی کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سیاحت کے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی ، سیاحت کے وزیر مملکت جناب شری پد ایسونائک بھی موجود تھے۔وزارت سیاحت نے وزارت داخلہ اور پولس تحقیقی و ترقیاتی بیورو (بی پی آر اینڈ ڈی)کے اشتراک سے اس اجلاس کا انعقاد کیا۔جناب اروند سنگھ سیکریٹری (سیاحت)، جناب بالاجی سریواستو ڈائریکٹر جنرل(بی پی آر اینڈ ڈی، ایم ایچ اے)، جوائنٹ سیکریٹری (محکمہ خارجہ، ایم ایچ اے)، راجستھان ، کیرالہ، گوا اور میگھالیہ کے ریاستی سیاحت کے سیکریٹری ، ریاستوں؍مرکز کے زیر انتظام خطوں کے ڈی جی پی؍آئی جی پی اور ایم ایچ اے ، ایم او ٹی، بی پی آر اینڈ ڈی کے دیگر سینئر حکام بھی کانفرنس کے دوران موجود تھے۔بی پی آر اینڈ ڈی کے ذریعے تیا رکی گئی ’ٹورسٹ پولس اسکیم‘پر رپورٹ پر غور وخوض کیا گیا اور بی پی آر اینڈ ڈی نے رپورٹ کے ماحصل اور سفارشات کو بھی ساجھا کیا۔

 

 

سیاحت کے سیکٹر میں بڑھتے ڈیجیٹلائزیشن کا ذکر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کے اطلاعات کے عہد میں سیاحوں کو اپنے سفر سے جڑی ہر معلومات موبائل کے توسط سے ہی مل جاتی ہے۔اس سلسلے میں جناب برلا نے ایک موبائل ایپلی کیشن تیار کرنے پر زور دیا ، جو سیاحوں کو ان کے مقامات سے متعلق تمام ضروری معلومات کئی زبانوں میں فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لئے یہ ایپ دیگر سہولتوں کے ساتھ ہوٹل، ٹیکسی، گائیڈوغیرہ کے بارے میں اَپ ڈیٹ اور پوری معلومات فراہم کرے اور جب بھی ضرورت ہو پولس مدد کی سہولت بھی مہیا کرے۔جناب برلا نے سیاحوں کے خلاف جرائم کے معاملے میں فوری پولس کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے سیاحوں کا اعتماد بڑھتا ہے اور ایک اچھا ماحول بنتا ہے۔

 

 

سیاحوں کو بہتر تحفظ دینے کے ضمن میں جناب برلا نے کہا کہ مؤثر تحفظ کے لئے سیاحتی پولس کو مناسب تربیت دینا ضروری ہے اور اس پولس عملے کو کئی زبانوں کا علم اور نئی تکنیک کا استعمال کرنا بھی آنا چاہئے۔ہندوستان کے ذریعے آئندہ جی 20چوٹی کانفرنس کی میزبانی کا ذکر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ جی 20 ممالک کے سربراہان ، قائدین اور افسران ملک کے اہم سیاحتی مقامات کا دورہ کریں گے۔یہ انعقاد ہمیں مقبول سیاحتی سیکٹر میں تحفظ اور پولس کے نظم میں اصلاح کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ جناب برلا نے کہا کہ جس ملک میں قانون و انتظام بہتر ہوتا ہے، وہاں سیاحوں کی آمدورفت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ٹورسٹ پولس کے ذریعے زبان سیکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ زبان ہمیں ثقافت اور ملک سے جوڑنے کا ذریعہ ہےاور اسی لیے  تمام سیاحتی مقامات پر کثیر لسانی سیاح ہیلپ لائن سہولت ہونی چاہئے،جو سیاحوں کو اُن کی زبان میں معلومات فراہم کرسکے۔ ساتھ ہی سیاحتی گائیڈ، خاص طورپر خاتون گائیڈ کثیر لسانی ہونی چاہئے۔

 

 

اپنے خطاب کے دوران جناب جی کشن ریڈی نے کہا کہ ہندوستان میں ہمیشہ ہر طرح کے مسافروں کے لئے کچھ نہ کچھ ہوتا ہے۔ جس میں اونچے پہاڑوں سے لے کر تیز بہنے والی ندیاں ، لڑھکتی وادیاں اور ریت کے ٹیلے شامل ہیں۔ ہندوستان دلکش مقامات ، قدرتی خوبصورتی اور زندہ ثقافت کا پیشکش کرتا ہے، جو عالمی سطح پر بے مثال ہے۔ جیسا کہ ہم آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں۔ پچھلے 75برسوں میں ہندوستان سیاحت، روحانیت، تبدیلی، ثقافت اور تکسیریت کا لازمی جزو بن گیا ہے۔ہندوستان کو دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بننے کی راہ پر ہندوستان کو لے جانے میں ریکارڈ توڑ توسیع کا جشن منانا ایک بڑے وقار کی بات ہے۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ سرکار نے سیاحت سیکٹر کی حوصلہ افزائی کے لئے 360ڈگری نظریہ منتخب کیا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ہماری توجہ محفوظ ، ذمہ دار اور پائیدار سیاحت پر ہے، جو آئندہ قومی سیاحت پالیسی 2022 کے اہم شعبے ہیں۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ بے ایمان عناصر زیادہ تر ہوٹلوں میں ، ہوائی اڈوں کے آمدو رفت کے نکتوں ، ریلوے اسٹیشن اور بس ٹرمنل پر سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے تحفظ کے لئے خطرہ پیدا کرنے والے واقعات کے تئیں ہماری زیرو ٹولرینس کی پالیسی ہونی چاہئے۔ جناب ریڈی نے کہا کہ ایسے واقعات سے ہمارے ملک کا عکس خراب ہوتا ہے۔ اس لئے ان تمام ایشوز کو حل کرنے کے لئے مناسب نظم قائم کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

جناب ریڈی نے کہا کہ اب چونکہ جی 20کی سربراہی بھی دسمبر 2022 سے ایک سال کی مدت کے لئے ہندوستان کے پاس رہے گی، اس لئے اسے ہندوستان سیاحتی مصنوعات کی تشہیر کے موقعے کے طور پر لینا چاہئے۔ ہم انہیں ہندوستان دکھا سکتے ہیں اور انہیں بہترین تجربہ فراہم کرسکتے ہیں،تاکہ وہ اپنے اپنے ممالک میں ہندوستانی سیاحتی مصنوعات کے لئے سفیر کی شکل میں کام کرسکیں۔

 

 

  جناب شری پد ایسو نائک نے اُجاگر کیا کہ سیاحت سیکٹر ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار کا تقریباً 5.02 فیصد تعاون دیتا ہے اور مالی سال 19-2018ء کے دوران کل براہ راست اور بالواسطہ روزگار کا تقریباً 14.87 فیصد کی حمایت کی ہے اور سال 2019 کے دوران ہندوستان کی معیشت میں 2.12لاکھ کروڑ (30 بلین امریکی ڈالر)غیر ملکی زر مبادلہ پیدا کرنے میں تعاون دیا ہے۔ جناب نائک نے کہا کہ کسی بھی سیاح ، خواہ و ہ عالمی ہو یا گھریلو، کے لئے تحفظ اور حفاظت سب سے پہلی اور سب سے اہم فکر ہے۔ دنیا بھر میں تحفظ سے متعلق ایشوز مقامی ساتھ ہی عالمی سطح پر سیاحتی صنعت کو متاثر کرتے ہیں۔ کسی بھی غیر ملکی سیاح کے لئے ہندوستان صرف دیکھنے یا گھومنے کی جگہ نہیں ہے، بلکہ عوام ، ثقافت، کھان پان اور بھی بہت کچھ ہے۔ ہندوستان میں آنے والے سیاحوں کے تجربے کو مضبوط بنانے کے لئے ہمیں خاص طور سے پورے ہندوستان میں سیاحتی مقامات اور اس کے آس پاس تحفظ اور تحفظ سے متعلق پہلوؤں پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

 

 

سیاحت کے سیکریٹری جناب اروند سنگھ نے  اپنے اختتامی تبصرے میں کہا کہ سیاحوں کا تحفظ اور تحفظاتی پہلوؤں میں بہتری سے ہندوستان کے عالمی سیاحتی اشاریے میں اضافہ ہوگا اور ہندوستان کو ایک موافق مقامات میں سے ایک بنانے میں کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا یہ اجلاس مسافروں کے اعتماد میں بہتری کے لئے قدم اٹھانے کی ایک پہل ہےاور ریاستوں و مرکز کے انتظام ریاستوں میں اس طرح کی ایک یکساں ٹورسٹ پولس اسکیم کو لاگو کرنے سے سیاحت محفوظ ہوگی۔

ٹورسٹ پولس اسکیم پر قومی اجلاس کا مقصد وزارت سیاحت ، وزارت داخلہ، پولس تحقیقی و ترقیاتی بیورو اور ریاستی سرکاروں ؍قومی خطہ راجدھانی کی انتظامیہ کو ایک پلیٹ فارم پر لانا تھا، تاکہ وہ ایک ساتھ مل کر کام کرسکیں۔ ریاست؍مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے پولس محکمے اور کل ہند سطح پر یکساں ٹورسٹ پولس اسکیم کے مؤثر نفاذ کے لئے غیر ملکی اور گھریلو سیاحوں کی مخصوص ضرورتوں کے بارے میں حساس بنانا ہے۔ یہ عالمی سطح پر ہندوستان کے تعلق سے تحفظ و سلامتی کو لے کر پیدا ہونے والے خدشات کو نہ صرف بدل دے گا، بلکہ ہندوستان کو دنیا بھر میں ایک ضروری سفری مقام بنانے میں بھی مدد کرے گا۔

ٹورسٹ پولس اسکیم کے متعلق زیادہ معلومات کے لئے یہاں کلک کریں

Click for the more details related to Tourist Police scheme

************

 

 

ش ح-ج ق–ن ع

U. No.11613



(Release ID: 1869333) Visitor Counter : 143


Read this release in: English , Telugu , Kannada