امور داخلہ کی وزارت
داخلی امور اور امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے لوک نائک شری جے پرکاش نارائن کی پیدائش کی سالگرہ کے موقع پر آج ان کے مجسمہ کی رونمائی کی اور بہار میں واقع ستاب دیارا میں ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے کابینہ میں ایک تجویز پیش کرکے یہاں شری جے پرکاش نرائن کاآدم قد مجسمہ قائم کرنے کا عہد کیا تھا اور آج شری جے پرکاش کی پیدائش کی 121ویں سالگرہ کے موقع پر یہ عہد پورا ہو چکا ہے
شری لوک نائک جے پرکاش نرائن نے ملک کی آزادی کے لیے ایک مہم شروع کی تھی، اس کے علاوہ وہ مہاتما گاندھی کے راستے پر بھی چلے اور آزادی کے بعد انہوں نے ایک سنیاسی کی طرح اقتدار کو ترک کرتے ہوئے آچاریہ ونوبا بھاوے کی سرودیہ تحریک میں شمولیت اختیار کی اور تمام زندگی بے زمین، نادار، دبے کچلے اور پسماندہ افراد کی فلاح و بہبود کے لیے لڑتے رہے
شری جے پرکاش نرائن نے ایمرجنسی نافذ کرنے والی بدعنوان اور غیر منصفانہ حکومت کے خلاف پورے حزب اختلاف کو یکجا کرکے ملک میں اولین غیر کانگریسی حکومت قائم کی تھی
شری جے پرکاش نے اقتدار سے باہر رہتے ہوئے ملک کے سامنے تبدیلی کی ایک عمدہ مثال پیش کی تھی
شری جے پرکاش نرائن اور شری ونوبا بھاوے کے سرودیہ کے اصول کو انتودیہ کے ساتھ یکجا کرکے، وزیر اعظم نریندر مودی ناداروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک غیر معمولی کام انجام دے رہے ہیں
جناب مودی نے ملک بھر کے کروڑوں نادار افراد کے معیار حیات کو بہتر بناکر، شری جے پرکاش نرائن کے مکمل انقلاب کے اصول کو پورا کر دیا ہے
شری جے پرکاش کے نظریات سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے، آنے والی پیڑھی ملک کی ترقی کو ایک نئی قوت فراہم کرے گی، اس مقصد کے لیے جناب نریندر مودی نے میمورئیل کے ساتھ ایک تحقیقی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تحقیق و ترقی کے مرکز کی تکمیل کے بعد، طلبا یہاں شری جے پرکاش کے اصولوں اور ان کے ذریعہ مواضعات کی ترقی کے لیے کیے گئے کاموں پر تحقیق کرسکیں گے
وہ لوگ جو شری جے پرکاش کا نام لے کر سیاست میں داخل ہوئے، وہ اب اپنی سائڈ بدل کر شری جے پرکاش کے اصولوں کو درکنار کر چکے ہیں، اور آج وہ اقتدار کا لطف لینے کے لیے حزب مخالف کی حکومت میں شامل ہیں
Posted On:
11 OCT 2022 7:31PM by PIB Delhi
لوک نائک جے پرکاش نرائن کی پیدائش کی سالگرہ کے موقع پر، داخلی امور اور امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے ان کے مجسمہ کی رونمائی اور بہار میں واقع ان کی جائے پیدائش، ستاب دیارا میں منعقدہ ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کیا۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، صارفین کے امور، خوراک اور عوامی نظام تقسیم کی وزارت ؛ اور ماحولیات، جنگلات اور تبدیلی آب و ہوا کی وزارت کے مرکزی وزیر مملکت جناب آشون چوبے اور داخلی امور کے وزیر مملکت جناب نتیہ نند رائے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اپنے خطاب میں، جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کابینہ میں ایک تجویز پیش کرکے شری جے پرکاش نرائن کا ایک آدم قد مجسمہ نصب کرنے کا عہد کیا تھا اور آج شری جے پرکاش کی پیدائش کی 121 ویں سالگرہ کے موقع پر وہ عہد پورا ہو چکا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ شری جے پرکاش نرائن کی زندگی بہت سی خصوصیات سے پر تھی۔ جناب جے پرکاش نے نہ صرف تحریک کے راستے سے آزادی کی لڑائی لڑی بلکہ انہوں نے مہاتما گاندھی کے ذریعہ دکھائے گئے راستے کو بھی اختیار کیا۔ آزادی کے بعد، جب اقتدار حاصل کرنے کا وقت آیا، تو شری جے پرکاش نے ونوبا بھاوے کے ساتھ ایک سنیاسی کی طرح سرودیہ تحریک میں شمولیت اختیار کر لی۔ شری جے پرکاش نرائن نے اپنی تمام زندگی بے زمین، نادار، دبے کچلے اور پسماندہ افراد کے لیے وقف کر دی۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ شری جے پرکاش نے اشتراکیت، سرودیہ کے نظریات کو حقیقی شکل دینے اور ذات پات سے مبرا سماج کی تعمیر کے لیے متعدد نئی تجاویز پیش کیں۔ لیکن ملک کے لیے ان کا سب سے بڑا تعاون بدعنوانی اور بدعنوان حکومت کے ذریعہ نافذ کی گئی ایمرجنسی کے خلاف 1970 کی دہائی میں شروع کی گئی تحریک کی شکل میں سامنے آیا۔
داخلی امور اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر نے کہا کہ 1973 میں اس وقت کی حکومت نے گجرات میں حکومت کو عوامی سطح پر سرمایہ جمع کرنے کا کام سونپا جس کے نتیجہ میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا آغاز ہوا۔ گجرات کے طلبا نے شری جے پرکاش نرائن کی قیادت میں اس کے خلاف ایک مضبوط مہم شروع کی اور انہوں نے گجرات میں حکومت تبدیل کردی۔ بعد ازاں بہار میں بھی تحریک شروع ہوئی ، اور بہار کے گاندھی میدان میں منعقدہ ریلی نے اس وقت کے وزیر اعظم کو پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ اس کے بعد ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا اور شری جے پرکاش سمیت حزب مخالف کے متعدد قائدین کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ اس وقت کے وزیر اعظم کو یقین تھا کہ جے پرکاش نرائن، مورارجی دیسائی، ایل کے اڈوانی اور اٹل بہاری واجپئی جیسے قائدین کو جیل میں ڈال دینے سے ان لوگوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ جب 1942 کی بھارت چھوڑو تحریک کے دوران ہزاری باغ کی جیلیں شری جے پرکاش کو نہ روک سکیں تو اس وقت کے وزیر اعظم کے ذریعہ دی گئیں اذیتیں انہیں کیسے روک سکتی تھیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ شری جے پرکاش نرائن نے ایمرجنسی نافذ کرنے والی بدعنوان اور غیر منصفانہ حکومت کے خلاف پورے حزب اختلاف کو یکجا کرکے ملک میں اولین غیر کانگریسی حکومت قائم کی ۔ شری جے پرکاش نے اقتدار سے باہر رہ کر ملک کے سامنے تبدیلی کی ایک عمدہ مثال پیش کی۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی شری جے پرکاش نرائن اور شری ونوبابھاوے کے سرودیہ کے اصول کو انتودیہ کے ساتھ یکجا کرکے ناداروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک غیر معمولی کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 60 کروڑ ضرورت مند افراد کو 5 لاکھ روپئے سے زائد کے بقدر کا صحتی بیمہ فراہم کرایا، ہر نادار فرد کے گھر گیس اور بیت الخلاء فراہم کرائیں، ہر ایک نادار شخص کو ڈھائی برسوں کے لیے مفت راشن فراہم کرایا، ہر گھر میں بجلی فراہم کرائی اور سڑکیں تعمیر کرکے ہر گاؤں کو جوڑا۔ انہوں نے کہ شری جے پرکاش نرائن کے مکمل انقلاب کا نعرہ دیا تھا، تاہم حزب مخالف کی کسی بھی جماعت نے اسے کامیاب بنانے کی کوشش نہیں کی۔ ملک کے کروڑوں ناداروں کے معیار حیات کو بہتر بنانے کے لیے کام کرتے ہوئے، وزیر اعظم نریندر مودی نے 60 کروڑ عوام کو امید کی ایک کرن دکھائی۔اس کے لیے انہوں نے ان کے معیار زندگی کو اوپر اٹھایا، ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے اور انہیں ایل پی جی کنکشن فراہم کرائے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام نظریات کے ماننے والے طلبا نے شری جے پرکاش کی سیاسی تحریک میں حصہ لیا ، جس کا آغاز انہوں نے 1974 میں کیا تھا۔ وہ لوگ جو شری جے پرکاش کا نام لے کر سیاست میں آئے تھے، وہ اب سائڈ بدل کر شری جے پرکاش کے اصولوں کو درکنار کر چکے ہیں، اور آج وہ اقتدار کا لطف لینے کے لیے حزب مخالف کی حکومت میں شامل ہیں۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ بہار کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ کیا وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے زیر قیادت حکومت کی حمایت کریں گے جو شری جے پرکاش کے ذریعہ دکھائے گئے راستہ پر چل رہی ہے یا اس حکومت کی حمایت کریں گے جو شری جے پرکاش کے ذریعہ دکھائے گئے راستے سے منحرف ہوکر اقتدار کے حصول کے لیے اتحاد قائم کرتی ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ آج شری جے پرکاش کی پیدائش کے مقام پر ان کے اصولوں کے لیے ایک بڑا میمورئیل قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شری جے پرکاش کے نظریات سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے، آنے والی پیڑھی ملک کی ترقی کے لیے نئی قوت فراہم کر سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے، جناب نریندر مودی نے بھی یہاں میمورئیل کے ساتھ ایک تحقیقی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں تحقیق و ترقی کے مرکز کے قیام کے بعد، طلبا شری جے پرکاش کے اصولوں اور دیہی ترقی کے لیے ان کے ذریعہ کیے گئے کاموں پر تحقیق کر سکیں گے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ شری جے پرکاش نے امداد باہمی، مواضعات کی ترقی اور سرودیہ کے لیے اپنے کام کے توسط سے ایک بہت بڑا تعاون پیش کیا ہے اور آج ان کی پیدائش کی سالگرہ کے موقع پر ملک شری جے پرکاش نرائن کو یاد کر رہا ہے۔
******
ش ح۔ا ب ن۔ م ف
U-NO.12294
(Release ID: 1866967)
Visitor Counter : 169