پنچایتی راج کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ ہند نے سووچھ بھارت دوس تقریبات میں بہ نفس نفیس شرکت کی


حکومت ہر کنبے کے لئے نل کا پانی، بیت الخلا اور بجلی مہیا کرانے کے مقصد کے حصول کے لئے صدق دلی سے کام کر رہی ہے: جناب گری راج سنگھ، مرکزی وزیر برائے پنچایتی راج اور دیہی ترقی

Posted On: 02 OCT 2022 5:50PM by PIB Delhi



صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج نئی دلی میں سووچھ بھارت دوس کے سلسلے میں جل شکتی کی وزارت کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کر کے اس تقریب کو وقار بخشا۔ انہوں نے مختلف زمروں میں سووچھ سرویکشن گرامین ایوارڈ پیش کئے۔


اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کے خیالات لافانی ہیں۔ سچائی اور عدم تشدد کی طرح انہوں نے صفائی ستھرائی پر بھی زور دیا تھا۔ صفائی ستھرائی کے لئے ان کاعزم سماجی برائیوں کو ختم کرنے اور ایک نیا ہندوستان بنانے کے لئے تھا۔ لہذا آج کے دن کو سووچھ بھارت دوس کے طور پر منا کر ہم انہیں مناسب خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں۔


صدر جمہوریہ نے کہا کہ 2014 میں سووچھ بھارت مشن گرامین کے آغاز کے بعد سے گیارہ کروڑ سے زیادہ بیت الخلاء تعمیر کرائے جا چکے ہیں اور تقریباً 60 کرروڑ عوام نے کھلے میں رفع حاجت کی اپنی عادت ترک کر دی ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ اس مشن کے ذریعے ہندوستان نے پائیدار ترقی کے اقوام متحدہ کے چھٹے مقصد کو 2030 کی مقررہ مدت سے گیارہ سال پہلے ہی حاصل کر لیا۔

پنچایت راج اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب گری راج سنگھ نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ سووچھ بھارت مشن گرامین کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی رہنمائی میں گیارہ کروڑ سے زیادہ بیت الخلاء تعمیر کرائے جا چکے ہیں اور یہی کنبوں میں تقریباً دس کروڑ نل کے پانی کے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان جن بھاگیداری آندولن کے ساتھ سووچھ بھارت کے مقصد کو حاصل کرنے کے لئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوچھتا کے لئے اس جن آندولن کو ملک کے کونے کونے تک پہنچنا چاہئے۔ جناب سنگھ نے کہا کہ حکومت ہر کنبے کو بیت الخلاء، نل کا پانی اور بجلی فراہم کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔


پنچایت راج کے سکریٹری جناب سنیل کمار نے اپنی تقریر میں کہا کہ جل جیون مشن اور او ڈی ایف پلس میں عوامی شراکت داری سب سے اہم پہلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں اسکیموں کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری گرام پنچایتوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام خدمات کا معاوضہ ادا کرنے کو تیار ہیں۔ اگر خدمات فراہم کرنے والا انہیں اچھی خدمات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتیں آگے آ رہی ہیں اور ریاستی حکام کو ساتھ لے کر بہترین خدمات فراہم کرنے کے لئے کام کر رہی ہیں۔

***

ش ح۔ ع س۔ ک ا

 


(Release ID: 1864593)
Read this release in: Hindi , English , Tamil , Telugu