مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت

جناب دیوو سنگھ چوہان، رومانیہ کے بخارسٹ میں منعقد ہونے والی پلینی پوٹینشیئری کانفرنس 2022 میں شریک ہونے والے ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گے

Posted On: 22 SEP 2022 8:30PM by PIB Delhi

مواصلات کے وزیر مملکت جناب دیووسنگھ چوہان، رومانیہ کے بخارسٹ میں 24 ستمبر سے 14 اکتوبر، 2022 کے درمیان  منعقد ہونے والی آئی ٹی یو (بین الاقوامی ٹیلی کمیونی کیشن یونین) کی پلینی پوٹینشیئری کانفرنس 2022 (پی پی-22) اور آئی ٹی یو کونسل کے 2022 کے اجلاس کی آخری میٹنگ میں شرکت کرنے والے ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ کانفرنس کے دوران، 26-2023کی مدت والی اگلی آئی ٹی یو کونسل کی تشکیل کے لیے رکن ممالک سے انتخابات کرائے جائیں گے۔ سکریٹری جنرل، ڈپٹی سکریٹری جنرل، بیورو کے ڈائرکٹرز کے ساتھ ساتھ آئی ٹی یو کے ریڈیو ریگولیشن بورڈ کے ممبران کے انتخابات بھی طے کیے گئے ہیں۔

ہندوستان نے اگلی آئی ٹی یو کونسل کے رکن کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے کے لیے اپنی امیدواری پیش کی ہے۔ محکمہ ٹیلی مواصلات  کی سینئر افسر، محترمہ ایم ریوتی کو بھی ریڈیو ریگولیشن بورڈ کے ممبر کے عہدے کے لیے میدان میں اتارا گیا ہے۔

وزیر مملکت برائے مواصلات ’’سب کے لیے ایک بہتر ڈیجیٹل مستقبل کی تعمیر‘‘ کے موضوع پر منعقد کی جا رہی اس وزارتی گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں وہ گزشتہ دہائی کے دوران ٹیلی مواصلات کے میدان میں ہندوستان کی جانب سے لگائی گئی بڑی چھلانگ کا ذکر کریں گے۔ اس میں ملک کے اندر تجارتی 5 جی موبائل خدمات کا آئندہ آغاز، 2023 کے آخر تک تمام بچے ہوئے گاؤوں میں موبائل خدمات فراہم کرنا، تمام 6.4 لاکھ دیہاتوں تک آپٹیکل فائبر کی توسیع اور آتم نربھر بھارت کی پہل کے تحت مکمل طور پر مقامی 4 جی ذخیرہ اور 5 جی ذخیرہ تیار کرنا  شامل ہے۔

جناب چوہان ڈیجیٹل انڈیا پروگرام پر بھی بات کریں گے، جو حکومت ہند کا ایک فلیگ شپ پروگرام ہے، جس میں ہندوستان کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار معاشرے اور علمی معیشت میں تبدیل کرنے کے لیے چہرے کے بغیر، کاغذ کے بغیر اور کیش لیس کام کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ ہندوستان کے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کی مضبوطی اور مقبولیت پوری دنیا کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔ مندرجہ بالا کے علاوہ، وہ کووڈ ٹیکہ کاری پروگرام کے لیے کوون، آدھار – انوکھا شناختی نمبر، آن لائن تعلیم کے لیے دیکشا، بینکنگ کے لیے یو پی آئی،  200 سے زیادہ ای گورننس سروسز فراہم کرنے والے اُمنگ ایپ اور گاؤوں میں ای گورننس فراہم کرنے والے ایک لاکھ سے زیادہ کامن سروس سنٹرز کی کامیابی کو بھی نمایاں کریں گے۔

وزیر موصوف، دولت مشترکہ وزارتی گول میز کے ساتھ ساتھ وفد کے سربراہان کی میٹنگ میں بھی شرکت کریں گے۔ وہ ہندوستان کی جانب سے ’’جڑیں اور متحد ہوں‘‘ پر پالیسی بیان بھی دیں گے۔ موجودہ تعاون کو مزید گہرا کرنے اور باہمی دلچسپی کے نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات کو تلاش کرنے کے لیے، تقریب کے دوران مختلف دوست بیرونی ممالک کے ساتھ کئی دو طرفہ ملاقاتیں بھی طے کی گئی ہیں۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 10576



(Release ID: 1861637) Visitor Counter : 131


Read this release in: English , Hindi , Gujarati