وزارت خزانہ

محکمہ انکم ٹیکس نے تمل ناڈو میں تلاشی مہم  انجام دی

Posted On: 06 AUG 2022 3:55PM by PIB Delhi

محکمہ انکم ٹیکس نے 02.08.2022 کو فلم انڈسٹری سے وابستہ کچھ پروڈیوسروں، تقسیم کاروں اور فنانسروں کے معاملوں میں تلاشی اور ضبطی کی کارروائیاں کیں۔ چنئی، مدورائی، کوئمبٹور اور ویلور میں واقع تقریباً 40 مقامات پر تلاشی کی کارروائیاں کی گئیں۔

تلاشی کی کارروائیوں کے دوران، بے حساب نقد لین دین اور سرمایہ کاری سے متعلق کئی مجرمانہ دستاویزات اور ڈیجیٹل ثبوت وغیرہ ضبط کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تلاشی کے دوران خفیہ اور پوشیدہ جگہوں کا بھی پتہ چلا ہے۔

فلم فنانسروں کی تلاشی مہم کے دوران بے حساب نقد قرضوں سے متعلق پروموشنری نوٹ وغیرہ جیسے دستاویزات کا انکشاف ہوا ہے ، جو کہ مختلف فلم پروڈکشن کمپنیوں اور دیگر کو پہلے سے ادا کیے گئے تھے ۔ فلم پروڈکشن  کمپنیوں کے معاملات میں، حاصل کردہ شواہد سے ٹیکس چوری کا پتہ چلتا ہے، کیونکہ فلموں کی ریلیز سے حاصل ہونے والی اصل رقم اکاؤنٹ کے باقاعدہ کھاتوں میں دکھائی جانے والی رقوم سے کہیں زیادہ ہے۔ان کمپنیوں نے اس طرح حاصل کیے گئے بے حساب آمدن کو غیر اعلانیہ سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ مختلف غیر اعلانیہ ادائیگیوں کے لیے بھی استعمال کیا ہے۔

اسی طرح فلموں کی تقسیم کے معاملوں میں ضبط کیے گئے شواہد تھیٹروں سے بے حساب نقدی کی وصولی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ شواہد کے مطابق تقسیم کاروں  نے سنڈیکیٹ تشکیل دے کر منظم طریقے سے تھیٹر کی وصولیوں کو مخفی رکھا ہے جس کے نتیجے میں اصل آمدنی کوکم دکھایا گیا ہے۔

اب تک کی تلاشی مہم کے نتیجے میں 200 کروڑ روپےسے زیادہ غیر اعلانیہ آمدنی کا انکشاف ہوا ہے۔ 26 کروڑ  کی نامعلوم نقد رقم اور 3 کروڑ روپے سے زائد کے بے حساب طلائی زیورات ضبط کر لیے گئے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح ۔ رض  ۔ ج ا  (

8775

 



(Release ID: 1849250) Visitor Counter : 101


Read this release in: English , Hindi , Tamil , Telugu