نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ نے پولیس فورس سے خواتین کے خلاف جرائم سے متعلق معاملات کو لے کر مزید حساس ہونے کی اپیل کی
جناب نائیڈو کا کہنا ہے کہ خواتین کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرنا ان کی ترقی کے لیے ازحد اہم ہے
نائب صدر جمہوریہ نے سائبر جرائم اور 21ویں صدی کے دیگر جرائم سے نمٹنے کے لیے پولیس فورس کو اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور بہتر طور پر تیار رہنے کی نصیحت کی
جناب نائیڈو نے ریاست کی سماجی اقتصادی ترقی میں تمل ناڈو پولیس کے کردار کی ستائش کی
نائب صدر جمہوریہ نے آج چنئی میں تمل ناڈو پولیس کو پریزینڈشیئل کلرس پیش کیے
’’میرے دل میں چنئی کے لیے ایک خاص جگہ ہے؛ یہ شہر مجھے ہمیشہ زبردست خوشی کا احساس دلاتا ہے‘‘- نائب صدر جمہوریہ
Posted On:
31 JUL 2022 12:31PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج پولیس فورس سے خواتین کے خلاف جرائم سے متعلق معاملات کو لے کر مزید حساس ہونے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ خواتین کے لیے ایک محفوظ اور سازگار ماحول انہیں ترقی و مکمل قوت کے حصول میں مدد فراہم کرنے میں ازحد اہمیت کا حامل ہے۔
آج چنئی میں تمل ناڈو پولیس کو پریزیڈنشیئل پولیس کلرس پیش کرنے کے بعد پولیس اہلکاران سے خطاب کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے ملک میں خواتین پولیس اسٹیشنوں کی سب سے زیادہ تعداد اور خواتین پولیس عملے کی دوسری سب سے بڑی قوت کے لیے تمل ناڈو کی ستائش کی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف حصہ ہیں، تاہم انہیں مختلف محاذوں پر مساوی مواقع فراہم کرانے کے لیے ابھی بہت کچھ کام کیا جانا باقی ہے۔
سائبر جرائم اور آن لائن جعل سازی اور ٹرانس باؤنڈری جرائم جیسے دورِ جدید کے دیگر جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے پولیس فورس کو 21ویں صدی کے ان جرائم سے مؤثر انداز اور تیزرفتاری کے ساتھ نمٹنے کی غرض سے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور اس کے لیے تیار رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے سائنٹفک طریقہ سے سائبر جرائم سے متعلق معاملات کی تفتیش کے لیے مختلف سائبر فارینسک سہولتوں سمیت، 46 سائبر جرائم پولیسٹ اسٹیشنوں کے ساتھ ایک علیحدہ سائبر کرائم ونگ قائم کرنے کے لیے تمل ناڈو پولیس کی ستائش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’صلاحیتوں کی تجدید، بنیادی ڈھانچہ سہولتوں میں بہتری، اور پولیس فورس کے رویے میں تبدیلی ، کچھ ایسے اہم عناصر ہیں جو پولیس کی جدیدکاری میں کلیدی حیثیت کے حامل ہیں۔‘‘
نائب صدر جمہوریہ نے ثقافتی نوادرات کی چوری اور نقصان کے معاملات کی تفتیش کے لیے، ملک میں اپنی نوعیت کی اولین ایک آئیڈل ونگ قائم کرنے کے لیے تمل ناڈو پولیس کی ستائش کی۔ حال ہی میں امریکہ اور آسٹریلیا سے 10 انمول قدیم مورتیاں واپس لانے کے لیے ریاستی پولیس کی ستائش کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے قدیم ثقافتی ورثے اور تہذیبی اقدار کے تحفظ کے لیے ہرکوشش کرنی چاہئے۔ تمل ناڈو کے مالامال اور عظیم ثقافتی ورثے کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے اسے ہماری مستقبل کی پیڑھیوں کے لیے محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تمل ناڈو کو بھارت کی ازحد خوشحال اور صنعتی ریاستوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے ، جناب نائیڈو نے کہا کہ تیزی سے بدلتے سماجی اقتصادی ماحول میں پولیس کا کردار ازحد اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ریاست کی اقتصادی ترقی کے پس پشت کارفرما اہم وجوہات میں سے ایک امن و امان اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے میں ریاستی حکومت کا کردار ہے، جو کہ ریاست میں سرمایہ کاری راغب کرنے، نمو اور ترقی کے لیے لازمی ہے۔‘‘
پولیس عملے کے لیے کیے گئے مختلف فلاحی اقدامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے پولیس فورس میں تناؤ ، شراب نوشی اور خودکشی جیسے مسائل سے نمٹنے کی غرض سے ایک ’’پولیس ویل-بینگ پروگرام‘‘ شروع کرنے کے لیے تمل ناڈو کی خصوصی طور پر ستائش کی۔ انہوں نے تمل ناڈو کے 1076 کلو میٹر طویل ساحلی علاقے کی مؤثر انداز میں حفاظت اور ماہی گیروں کے تحفظ اور ان کی خیروعافیت کو یقینی بنانے میں ریاستی پولیس کے کردار کی ستائش کی۔
پریزیڈنشیئل پولیس کلرس پیش کرنے کے عمل کو تمل ناڈو پولیس کی تاریخ میں ایک عظیم لمحہ قرار دیتے ہوئے، جناب نائیڈو نے تمل ناڈو پولیس کے تمام زیر ملازمت اور سبکدوش اراکین کو نیک خواہشات سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ، ’’یہ آپ کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت، بے لوث خدمت اور ایثارکا اقرار ہے۔‘‘ نائب صدر جمہوریہ نے تمل ناڈو کے ڈائرکٹوریٹ جنرل آف پولیس اور ہیڈ آف پولیس فورس ڈاکٹر سی سلیندر بابو کو بھی مبارکباد پیش کی جن کی نگرانی میں تمل ناڈو پولیس کے اہلکاروں نے پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ جناب نائیڈو نے اس موقع پر ایک ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔
اپنے خطاب کے دوران، نائب صدر جمہوریہ نے چنئی کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی کو بھی یاد کیا اور اسے ایک ایسا خوبصورت شہر بتایا جو انہیں ہمیشہ زبردست خوشی کا احساس دلاتا ہے۔ یہ جناب نائیڈو کا بطور نائب صدر جمہوریہ ہند چنئی کا آخری دورہ تھا۔
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ جناب ایم کے اسٹالن، حکومت تمل ناڈو کے چیف سکریٹری ڈاکٹر وی ایرانی انبو، تمل ناڈو کے ڈی جی پی، ہیڈ آف پولیس فورس ڈاکٹر سی سلیندر بابو، حکومت تمل ناڈو کے اے سی ایس (داخلہ) جناب کے فنندرا ریڈی، چنئی کے ڈی جی پی/ سی او پی جناب شنکر جیوال، تمل ناڈو سرکل کے چیف پوسٹ ماسٹر جنرل جناب بی سلوا کمار، سینئر پولیس افسران اور دیگر افسران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
**********
(ش ح –ا ب ن۔ م ف)
U.No:8437
(Release ID: 1846747)
Visitor Counter : 188