وزارت دفاع

عمان کی شاہی فوج کا دستہ مشترکہ جنگی مشق النجاح –چہارم کے لیے ہندوستان پہنچا

Posted On: 31 JUL 2022 11:16AM by PIB Delhi

نئی دہلی۔ 31 جولائی       ہندوستانی فوج اور عمان کی شاہی فوج کے دستوں کے درمیان ہند-عمان مشترکہ فوجی مشق ’’النجاح‘‘ کا چوتھا ایڈیشن یکم اگست  سے 13 اگست 2022 تک مہاجن فیلڈ فائرنگ رینجز (راجستھان) کے فارن ٹریننگ نوڈ پر ہونے جا رہا ہے۔ سلطان آف عمان پیرا شوٹ رجمنٹ کے 60 اہلکاروں پر مشتمل عمان کی شاہی فوج  مشق کے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ ہندوستانی فوج کی نمائندگی 18 میکانائزڈ انفنٹری بٹالین کے دستے کررہے ہیں۔ جنگی مشق النجاح چہارم کے پچھلے ایڈیشن کا اہتمام مسقط میں 12 سے 25 مارچ 2019 تک کیا گیا تھا۔

مشق کے دائرہ کار میں پیشہ ورانہ تعامل، مشقوں اور طریقہ کار کی باہمی تفہیم، مشترکہ کمان اور کنٹرول کے  ڈھانچوں  کا قیام اور دہشت گردی کے خطرات کا خاتمہ شامل ہے۔ مشترکہ مشقوں میں انسداد دہشت گردی آپریشن، علاقائی سلامتی کے آپریشن اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت امن برقرار رکھنے کے آپریشن پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ علاوہ ازیں، مشترکہ جسمانی تربیت کے نظام الاوقات، جنگی مہارتوں کی مشقوں، تکنیکوں اور طریقہ کار کا اہتمام کیا جائے گا۔

48 گھنٹے طویل مشق کے لیے ایک جامع تربیتی پروگرام تیار کیا گیا ہے جس میں مشترکہ موبائل وہیکل چیک پوسٹوں کا قیام، مشترکہ محاصرہ اور تلاشی کی کارروائیوں کے بعد ایک تعمیر شدہ علاقے میں مشترکہ کمرے میں مداخلت کی مشقیں شامل ہیں۔

مشترکہ فوجی مشق کا مقصد ہندوستانی فوج اور عمان کی شاہی فوج کے درمیان دفاعی تعاون کی سطح کو بڑھانا ہے اور یہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینےکا باعث  ہو گا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/IMG-20220731-WA0004F4BU.jpg

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح ۔ رض  ۔ ج ا  (

8435



(Release ID: 1846745) Visitor Counter : 138


Read this release in: English , Hindi , Tamil , Telugu