نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ نے اسکولوں پر زور دیا کہ وہ ایک مضبوط کردار کو فروغ دیں اور چھوٹی عمر سے ہی بچوں میں قومی اقدار کو ابھاریں
’تمام ترمشکلات کے باوجود ہندوستان کی تہذیبی اقدار کی وحدت اور ہم آہنگی کی حفاظت کریں‘
نائب صدرجمہوریہ نے اسکولوں پر زور دیا کہ وہ طلباء کی اپنی مادری زبان میں آزادانہ بات چیت کرنے کی حوصلہ افزائی کریں
’ مادری زبان خود اعتمادی کو بڑھاتی ہے اور ثقافتی وابستگی کا احساس دلاتی ہے‘
نائب صدر جمہوریہ نے حیدرآباد پبلک اسکول کی گولڈن جوبلی تقریبات کا افتتاح کیا
Posted On:
30 JUL 2022 5:06PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج اسکولوں پر زور دیا کہ وہ بچوں میں ایک مضبوط اخلاقی کردار پیدا کریں اور چھوٹی عمر سے ہی اتحاد، ہم آہنگی اورآفاقی بھائی چارے کی قومی اقدار کو ابھاریں۔
جناب نائیڈو نے یاد کیا کہ ’’ہمارے بانی رہنماؤں نے ایک ایسے ہندوستان کا تصور کیا تھا جو مذہب، نسل، ذات پات، صنف یا یہاں تک کہ جائے پیدائش کی بنیاد پر امتیازی سلوک نہ کرے۔ ایسی جامع اور تکثیری اقدار ہی ہندوستان کو قوموں کی جماعت میں ایک خاص ملک بناتی ہیں۔ ان اقدار پر عمل کریں اور تمام تر مشکلات کے باوجود ان کی حفاظت کا عہد کریں۔‘‘
نائب صدر جمہوریہ آج حیدرآباد میں رامناتھ پورکے حیدرآباد پبلک اسکول کی گولڈن جوبلی تقریبات کا افتتاح کررہے تھے۔ اس سنگ میل پر اسکول کی تعریف کرتے ہوئے، انہوں نے تعلیمی اداروں میں ’ایکسی لنس‘ کو واچ ورڈ بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے اسکولوں کو مشورہ دیا کہ وہ’’قومی تعلیمی پالیسی 2020 سے بھرپور فائدہ اٹھائیں‘‘ اور فکری، اخلاقی اور تخلیقی لحاظ سے طلباء کی ہمہ جہت ترقی ونشونما کو فروغ دیں۔
اسکولوں میں مادری زبان کے استعمال کے موضوع پر بات کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ اسکول ’’طالب علم کی مادری زبان کو حقیر سمجھتے ہیں اور انہیں خصوصی طور پر انگریزی میں بولنے اور سیکھنے کی ترغیب دیتے ہیں‘‘۔ انہوں نے واضح کیا کہ’’کسی کی مادری زبان میں سیکھنا اور آزادانہ طور پر بات چیت کرنا نہ صرف تعلیمی نتائج کو بہتر بناتا ہے، بلکہ اس سے بھی اہم بات، خود اعتمادی کو بڑھاتا ہے اور طلباء کو ثقافتی وابستگی کا احساس دلاتا ہے‘‘۔
قومی تعلیمی پالیسی کی سفارشات کا حوالہ دیتے ہوئے، نائب صدرجمہوریہ نے پرائمری سطح پر ذریعہ تعلیم کو مادری زبانوں کی طرف منتقل کرنے اور اسے آہستہ آہستہ اعلیٰ سطحوں تک دینے کی خواہش ظاہرکی ۔ انہوں نے زور دیا کہ ’’ہمارے بچوں کی شخصیت اور ان کے کردار کی تشکیل میں مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔‘‘
وقت کی پابندی اور نظم و ضبط کو کامیابی کے لیے انتہائی اہم اوصاف قرار دیتے ہوئے انھوں نے طلبہ کو زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے بلند مقصد اور محنت کرنے کی تلقین کی۔خود کے ملک کے دوسرے اعلیٰ ترین آئینی عہدے تک پہنچنے کے لیے ’ڈسپلن ، لگن، عزم اورسخت محنت‘ کوکریڈٹ دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے زور دیا کہ ’’محنت کا کوئی متبادل نہیں ہے۔‘‘
ایچ پی ایس، رامناتھ پور کے وسیع و عریض اور سرسبز و شاداب کیمپس کی تعریف کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے خواہش ظاہرکی کہ تمام تعلیمی اور دیگر اداروں کو اس طرح سے ڈیزائن کیا جائے تاکہ احاطے میں سورج کی روشنی اور ہوا کا آزادانہ بہاؤ ممکن ہو۔ فطرت کے ساتھ محبت اور ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزارنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، انھوں نے طلباء سے توقع کی کہ وہ نہ صرف اپنی پڑھائی پر بلکہ اپنی جسمانی فٹنس پر بھی توجہ دیں۔
تقریب کے دوران روایتی ’وندنا نرتیم‘ کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان طلباء کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے بچوں کو چھوٹی عمر سے ہی ہندوستانی فن اور ثقافت کو اپنانے کی ترغیب دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں موسیقی اور رقص کی ایک عظیم روایت ہے، جو نہ صرف ہمارے غیر مادی ثقافتی ورثے کا حصہ ہے بلکہ ذہنی تناؤ کو دور کرنے کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔
اس موقع پر تلنگانہ کے وزیرداخلہ جناب محمد محمود علی، رکن قانون ساز اسمبلی ،جناب بی سبھاش ریڈی، ،محترمہ وکاتی کرونا، سکریٹری، ایجوکیشن اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز، حیدرآباد پبلک اسکول، انتظامیہ، عملہ، والدین، اسکول کے سابق طلباء اور دیگر موجود تھے۔
************
ش ح ۔ ف ا ۔ م ص
(U: 8422)
(Release ID: 1846557)
Visitor Counter : 167