وزارت دفاع
چیف آف آرمی اسٹاف بنگلہ دیش کے تین روزہ دورے پر روانہ
Posted On:
17 JUL 2022 6:06PM by PIB Delhi
بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان بہترین دو طرفہ دفاعی تعلقات کو جاری رکھتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل منوج پانڈے 18 سے 20 جولائی 2022 تک بنگلہ دیش کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ آرمی سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل منوج پانڈے کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
آرمی چیف 18 جولائی 2022 کو شیکھا انیربن پر پھولوں کی چادر چڑھا کر 1971 کی جنگ آزادی کے دوران عظیم قربانی دینے والے بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے دورے کا آغاز کریں گے۔ اس دورے کے دوران فوج کے سربراہ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے سینئر حکام سے ملاقات کریں گے اور دفاع سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں وہ دھانمنڈی میں بابائے قوم بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمان میموریل میوزیم کو بھی خراج تحسین پیش کریں گے۔
اپنے دورے کے دوسرے روز آرمی چیف ڈیفنس سروسز کمانڈ اینڈ سٹاف کالج میرپور کے طلباء اور فیکلٹی سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد وہ بنگلہ دیش انسٹی ٹیوٹ آف پیس سپورٹ اینڈ آپریشن ٹریننگ (بی آئی پی ایس او ٹی) کا دورہ کریں گے اور ان کے ساتھ بات چیت کریں گے، جو بنگلہ دیش کا ایک اہم ادارہ ہے جو اقوام متحدہ کے مختلف امن کارروائیوں میں تعیناتی کے لیے امن فوجیوں کو تربیت دیتا ہے۔ اس کے بعد وہ میرپور میں بنگ بندھو ملٹری میوزیم کا دورہ کریں گے۔
چیف آف آرمی اسٹاف کا دورہ دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان متعدد اسٹریٹجک امور پر قریبی رابطے اور تعاون کے لیے ایک محرک کے طور پر کام کرے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔م ع۔ع ن
(U: 7674)
(Release ID: 1842232)
Visitor Counter : 211