صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے بنگلورو میں واقع راشٹریہ ملٹری اسکول کی پلیٹینم جُبلی تقریبات میں شرکت کی
بطور سپریم کمانڈر، میں مسلح افواج بشمول جنگی کرداروں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھ کر خوش ہوں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 JUN 2022 5:59PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووِند نے آج (13 جون 2022 کو) بنگلورو میں واقع راشٹریہ ملٹری اسکول کی پلیٹینم جبلی تقریبات میں شرکت کی اور خطاب کیا۔
بنگلورو کے راشٹریہ ملٹری اسکول کی پلیٹینم جبلی تقریبات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے تمام کیڈٹس، اساتذہ، سابق طلبا اور اسٹاف اراکین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کے قیام سے لے کر اب تک ، اس نے ایک طویل عرصہ طے کیا ہے اور اسے ملک میں بہترین بورڈنگ اسکولوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردست، اس اسکول میں 23 ریاستوں کے کیڈٹس تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے کیرلا تک، اس اسکول کے کیٹڈس ہماری ’’کثرت میں وحدت‘‘ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے اعتماد جتاتے ہوئے کہا کہ آپسی میل جول نے کیڈٹس کو ایک دوسرے کی ثقافت، زبان اور روایات کو سیکھنے اور قدر کرنے میں مددفراہم کی۔
صدرجمہوریہ نے یہ کہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ اس تعلیمی سال سے، فوجی تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیاں ملک بھر میں راشٹریہ ملٹری اسکولوں میں داخلہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیاں متعدد روایات کو توڑتے ہوئے مختلف میدانوں میں نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں اور ملک کو فخر کا احساس کرا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور سپریم کمانڈر، وہ مسلح افواج بشمول جنگی کرداروں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد دیکھ کر خوش ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس مقتدر اسکول میں داخلہ لینے والی لڑکیاں ملک کے دفاع میں تعاون فراہم کریں گی اور تعمیر قوم میں اپنا کردار ادا کریں گی۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ اسکول کا نعرہ ’’شیلم پرم بھوشنم‘‘ یا ’’کردار اعلیٰ ترین خوبی ہے‘‘زیرتربیت طلبا کے لیے ہمیشہ ایک مشعل راہ بنا رہنا چاہئے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ اسکول طلبا ء کو جامع تعلیم فراہم کرانا جاری رکھے گا اور ان میں فوجی اخلاقیات اور نظم و ضبط جیسی خصوصیات پیدا کرتا رہے گا۔
**********
(ش ح –ا ب ن۔ م ف)
U.No:6442
(ریلیز آئی ڈی: 1833637)
وزیٹر کاؤنٹر : 190