وزارت دفاع
وزیردفاعجناب راج ناتھ سنگھ نے 12 ہائی اسپیڈ گارڈ بوٹس، جو ہندوستان کے 100 ملین امریکی ڈالر کے بقدر قرض فراہمی کی اسکیم کے تحت تعمیر کی گئیں ہیں، ویتنام کو سونپیں
انہوں نے اسے 'میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ' وژن اور ہندوستانی دفاعی مینوفیکچرنگ سیکٹر کی پیشہ ورانہ مہارت کی ایک روشن مثال کے طور پر بیان کیا
وزیر دفاع نے ویتنام کو، تعاون میں اضافہ کرتے ہوئے ہندوستان کے دفاعی صنعتی انقلاب کا حصہ بننے کی دعوت دی
Posted On:
09 JUN 2022 11:40AM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 09 جون 2022 کو ہائی فونگ میں ہانگ ہا شپ یارڈ کے دورے کے دوران 12 ہائی اسپیڈ گارڈ کشتیاں ویتنام کو سونپیں۔ یہ کشتیاں ویتنام کو حکومت ہند کی طرف سے 100 ملین امریکی ڈالر کے بقدر قرض فراہمی کی اسکیم کے تحت تیار کی گئی ہیں۔ ابتدائی پانچ کشتیاں ہندوستان میں لارسن اینڈ ٹوبرو (ایل اینڈ ٹی) شپ یارڈ میں اور باقی سات ہانگ ہا شپ یارڈ میں بنائی گئیں۔ حوالگی کی تقریب میں ہندوستان اور ویتنام کے اعلیٰ سول اور فوجی حکام موجود تھے۔
اپنے خطاب میں،وزیر دفاع نے اس پروجیکٹ کو 'میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ' کی ایک روشن مثال قرار دیا جو کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے تصور سے پوری طرح ہم آہنگ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 وبائی امراض کی وجہ سے پیش آنے و الی مشکلات کے باوجود پروجیکٹ کی کامیاب تکمیل ہندوستانی دفاعی مینوفیکچرنگ سیکٹر کے ساتھ ساتھ ہانگ ہا شپ یارڈ کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ پروجیکٹ مستقبل میں ہندوستان اور ویتنام کے درمیان کئی اور تعاون پر مبنی دفاعی پروجیکٹوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے ویتنام کو دعوت دی کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں اضافہ کرتے ہوئے ہندوستان کی دفاعی صنعتی تبدیلی کا حصہ بنے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستانی دفاعی صنعت نے وزیر اعظم کے ’آتم نر بھر بھارت‘ ویژن کے تحت اپنی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہندوستان کو دفاعی مینوفیکچرنگ کا مرکز بنانے کے لیے ایک گھریلو صنعت کی تعمیر کا ارادہ ہے جو نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ بین الاقوامی ضروریات کو بھی پورا کرے گی۔
وزیر دفاع ویتنام کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ 08 جون 2022 کو ہنوئی میں اپنی مصروفیات کے پہلے دن، جناب راج ناتھ سنگھ نے ویتنام کے وزیر برائے قومی دفاع جنرل فان وان گیانگ کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔ دونوں فریقوں نے دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے ’2030 کی سمت میں بھارت-ویتنام دفاعی شراکت داری پر مشترکہ وژن سے متعلق بیان‘ پر دستخط کیے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند لاجسٹک سپورٹ کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے ایک مفاہمت نامے پر بھی دستخط کیے گئے۔ وزیردفاع نے ویتنام کے صدر جناب نویان ژوان فک اور وزیر اعظم مسٹر فام من چن سے بھی ملاقات کی۔
*************
ش ح ۔ س ب ۔ ف ر
U. No.6291
(Release ID: 1832510)
Visitor Counter : 207