نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

ہم بھارت اور افریقہ کی شراکت داری کو انتہائی ترجیح دیتے ہیں: نائب صدر


بھارت کا افریقہ کے ساتھ تعاون و اشتراک صحت، ڈیجیٹل اور سبز ترقی کے گرد مرکوز ہوگا: گیبون میں کاروباری برادری سے نائب صدر جمہوریہ کا خطاب

بیرون ممالک بھارتی برادری کی کامیابی نے بھارتیوں اور بھارت کے بارے میں دنیا کے تاثر کو ڈرامائی طور پر بدل دیا ہے: نائب صدر

نائب صدر جمہوریہ نے اپنے سہ ملکی دورے پر گیبون میں بھارتی برادری سے گفت و شنید کی

Posted On: 01 JUN 2022 7:08PM by PIB Delhi

نئی دہلی، یکم جون 2022:

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارت اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ دنیا کی ترقی عالمی جنوب کی ترقی پر منحصر ہے اور ہم بھارت اور افریقہ کے تعلقات کو انتہائی ترجیح دیتے ہیں۔

نائب صدر جمہوریہ گیبون، سینیگال اور قطر کے سہ ملکی دورے پر ہیں۔موصوف  گزشتہ روز گیبون کے شہر لیبرویل میں بھارت گیبون کاروباری تقریب میں کاروباری برادری سے خطاب کر رہے تھے۔ افریقہ کے ساتھ بھارت کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'افریقہ کے ساتھ تعاون کا بھارت کا اپنا وژن صحت، ڈیجیٹل اور سبز ترقی کے گرد مرکوز ہوگا، اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہی افریقہ کی ترجیحات بھی ہیں۔

جناب نائیڈو نے کہا کہ بھارت گیبون باہمی تجارت عالمی وبا کے باوجود 2021-22 میں ایک ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے اور اب بھارت گیبونی برآمدات کی دوسری سب سے بڑی منزل ہے۔ انھوں نے تیل اور گیس، کان کنی، ادویات، لکڑی کی پروسیسنگ وغیرہ جیسے متنوع شعبوں میں خاص طور پر گیبون اسپیشل اکنامک زون (جی ایس ای زیڈ) میں متعدد بھارتی کمپنیوں کی موجودگی کا بھی ذکر کیا۔ اس سے قبل آج جناب نائیڈو نے گیبون اسپیشل اکنامک زون (جی ایس ای زیڈ) کا دورہ کیا اور سہولیات کا مشاہدہ کیا اور وہاں کے بھارتی کاروباری افراد سے گفت و شنید کی۔

توانائی تعاون پر بات کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ گیبون بھارت کی توانائی کی سلامتی کی ضرورت کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے 2021-22 میں گیبون سے تقریبا 670 ملین امریکی ڈالر مالیت کا خام تیل درآمد کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپ اسٹریم اور ڈاون اسٹریم دونوں سمت میں تعاون بڑھا کر تیل اور گیس کے شعبے میں بھارت اور گیبون کے رشتے کو متنوع بنانے کے نمایاں امکانات موجود ہیں۔

 

صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار جو سرکاری وفد کا حصہ بھی ہیں، نے کاروباری برادری سے خطاب کیا اور دیگر شعبوں کے علاوہ سبز توانائی، خدمات، صحت اور زراعت میں بھارت گیبون تعاون کی مزید جستجو پر زور دیا۔ انھوں نے مشورہ دیا کہ بھارت اور گیبون کو اپنی اقتصادی شراکت داری کو وسیع کرنا چاہیے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے اپنی معیشت میں تکمیلی رابطوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔ ڈاکٹر بھارتی پروین پوار نے مزید کہا کہ اگر ہم اشتراک کے لیے بنیادی طاقتوں اور ممکنہ راستوں کو شناخت کرلیں تو مل کر بہت کچھ کیا جاسکتا ہے۔

کاروباری تقریب کے بعد جناب نائیڈو کی میزبانی بھارتی برادری نے اپنے دورے کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب میں کی۔ جناب نائیڈو نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ گیبون میں مختلف شعبوں میں ایک چھوٹی لیکن اہم بھارتی برادری نمایاں تعاون کر رہی ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نے 31 کو گیبون کے شہر لیبرویل میں بھارتی برادری سے خطاب کیا مئی 2022

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ دنیا بھر میں 30 ملین سے زیادہ بھارتی باشندے بھارت کی خارجہ پالیسی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بیرون ملک بھارتی برادری کی کامیابی نے بھارتیوں اور بھارت کے بارے میں دنیا کے تاثر کو ڈرامائی طور پر  بدل کر رکھ دیا ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی ترجیح "دنیا بھر میں غیر مقیم بھارتی باشندوں کے ساتھ لازوال روابط قائم کرنا اور ان باصلاحیت اور وسائل سے بھرپور دماغوں کے لیے مناسب ذرائع اور میکنزم تشکیل دینا ہے تاکہ وہ نئے بھارت کی تشکیل میں موثر طور پر حصہ لے سکیں"۔

 

‏جناب نائیڈو نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ گیبون میں بھارتی برادری نے ہندوستانی ثقافت کو زندہ رکھا ہے اور اس حقیقت کو سراہا کہ بڑے بھارتی تہوار پوری برادری مل کر مناتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ مقامی قوانین اور رسم و رواج کا احترام کریں اور ساتھ ہی 'شراکت اور خیال' اور بزرگوں اور فطرت کے احترام کی پرانی بھارتی اقدار کا تحفظ کریں۔‏

‏گیبون کے دورے پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ گیبونی لوگوں کی محنتی فطرت اور اپنے ملک کی بھرپور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کی کوششوں کے بہت مداح ہیں۔ انہوں نے صدر جمہوریہ کے ساتھ اپنی بات چیت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے گیبون کے صدر کو یقین دلایا ہے کہ بھارت گیبون کے ساتھ مل کر گیبونی نوجوانوں کو مہارتوں سے لیس کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کاشتکاری کے شعبے میں زرعی تعاون اور علم کی بھارت سے گیبون منتقلی کے بے پناہ امکانات ہیں۔‏

‏جناب نائیڈو نے یاد دلایا کہ ہندوستانی حکومت نے براعظم میں بھارت کی سفارتی موجودگی بڑھانے کے مقصد سے افریقہ میں 18 نئے مشن قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سے یقینی طور پر افریقہ میں ہماری اقتصادی رسائی میں اضافہ ہوگا اور افریقہ میں کام کرنے میں دلچسپی رکھنے والی ہندوستانی صنعت کے لیے بے حد اہمیت کا حامل ہوگا۔ انہوں نے بین الاقوامی حکمرانی کو مزید مساوی بنانے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی توسیع اور جامع سمت میں مل کر کام کرنے کے لیے بھارت اور افریقہ کے مابین مضبوط تعاون پر بھی زور دیا۔‏

‏اس دورے میں جناب نائیڈو کے ساتھ صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار، رکن پارلیمنٹ جناب سشیل کمار مودی، رکن پارلیمنٹ جناب وجے پال سنگھ تومر اور رکن پارلیمنٹ جناب پی رویندرناتھ، نائب صدر سیکرٹریٹ اور وزارت خارجہ کے سینئر عہدیداران بھی موجود ہیں۔‏

***

(ش ح - ع ا - ع ر)

U. No. 6001


(Release ID: 1830240) Visitor Counter : 178


Read this release in: English , Marathi , Hindi , Punjabi