وزارت سیاحت

جناب جی کشن ریڈی نے پہلی انکریڈیبل انڈیا انٹرنیشنل کروز کانفرنس 2022 کے دوران سیاحت سے متعلق تھیم پر متعدد مباحثوں میں حصہ لیا


ہندوستان کا لمبا ساحل نہ صرف تجارت کی تعمیر اور ہماری برآمدات کو بڑھانے کا ایک بنیادی ذریعہ ہے بلکہ سیاحت کے فروغ کا بھی ایک موقع ہے: جناب جی کشن ریڈی

کروز سیاحت تفریحی اور سفری صنعت کے سب سے متحرک اور تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں سے ایک ہے: مرکزی وزیر سیاحت

Posted On: 15 MAY 2022 8:33PM by PIB Delhi

پہلی انکریڈیبل انڈیا انٹرنیشنل کروز کانفرنس 2022 کا انعقاد 14 اور 15 مئی، 2022 کو ممبئی میں ہوا۔ سیاحت، ثقافت اور شمال مشرقی خطہ کی ترقی (ڈی او این ای آر) کے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی نے بھی 15 مئی کو  سیاحت سے متعلق متعدد تھیم اور مباحثوں  کے شرکاء سے خطاب کیا، جس میں ’ریور کروزنگ اور کروز سیاحت کے امکانات: کامیابی کی کہانیاں اور منزل کی ترقی‘ بھی شامل تھا۔

اپنے خطاب کے دوران مرکزی وزیر نے کہا، ’’ہندوستان کا 7500 کلومیٹر لمبا ساحلی علاقہ سمندری شعبے میں اسے لیڈر بناتا ہے۔  ہماری قیمتی سمندری تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہماری تہذیب و ثقافت کے اثرات ایشیا سے باہر تک تھے۔ ہندوستان کا لمبا ساحل نہ صرف  تجارت کی تعمیر اور ہماری برآمدات کو بڑھانے کا بنیادی ذریعہ ہے، بلکہ سیاحت کے فروغ کا بھی ایک موقع ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہندوستان کو زمانہ قدیم سے ندیوں کا ملک کہا جاتا رہا ہے۔ خود ’ہندوستان‘ لفظ سندھو ندی سے ماخوذ ہے۔ ہم ایک ایسے ملک ہیں جہاں ندیوں کو دیوی دیوتاؤں کے طور پر پوجا جاتا ہے۔‘‘

اس دو رزہ کانفرنس میں ملک کی کروز سیاحت کے شعبہ میں بڑے پیمانے پر موجود مواقع کو پیش کیا گیا، جس کا مقصد کروز مسافروں کے لیے ہندوستان کو پہلی پسند بتانا، علاقائی رابطے کو ہائی لائٹ کرنا، لائٹ ہاؤس جیسی نئی منزل اور توجہ کی تعمیر کو فروغ دینا اور  کروز سیاحت کے شعبہ کی ترقی کے لیے ہندوستان کی تیاری کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا۔ ندی کی کروزنگ اور کروز سیاحت سے متعلق حکومت ہند کی کوششوں کے بارے میں بتاتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا، ’’سال 2014 سے ہندوستان میں کروز سیاحت اور ندی کروزنگ کی ترقی کے لیے نئے سرے سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ کروز سیاحت تفریحی اور سفری صنعت کے سب سے شاندار اور تیزی سے بڑھنے والے شعبوں میں سے ایک ہے۔ آج، وزارت سیاحت، مرکزی مالیاتی امداد کی اسکیم کے ذریعے بندرگاہوں اور کروز ٹرمنلوں کی تعمیر، لائٹ ہاؤس کی تعمیر، چھوٹی کشتیوں کی خرید اور  ریور کروز سرکٹ  کی تعمیر وغیرہ کے لیے سیاحتی انفراسٹرکچر بنانے میں مدد کر رہی ہے۔‘‘

وزیر موصوف نے مزید کہا، ’’حکومت ہند کروز مسافروں اور کروز کشتیوں کے لیے وقف ٹرمنلوں کی تعمیر کی خاطر بھی کام کر رہی ہے۔ وزارت سیاحت اور جہاز رانی کی وزارت کے ذریعے مشترکہ طور پر کروز سیاحت سے متعلق ایک ڈیڈیکیٹڈ ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔ ہم نے حال ہی میں ساگریکا کا افتتاح کیا ہے، جو کہ کوچی میں واقع ایک بین الاقوامی کروز ٹرمنل ہے، جو ایک لاکھ سے زیادہ مہمانوں کو خدمات مہیا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ،  ہم متعدد ساحلی علاقوں میں کروز ٹرمنل، لائٹ ہاؤس اور دیگر سیاحتی انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے بھی مالی مدد فراہم کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد 2023 تک منتخب بندرگاہوں پر گھریلو اور بین الاقوامی کروز ٹرمنلوں کو فروغ دینا ہے۔ چونکہ بہت سے ہندوستانی کروز کے لیے غیر ملکی علاقوں کا رخ کرتے ہیں، اس لیے ہم اسے ہندوستان کے اندر ہی فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

وزارت سیاحت فی الحال  مرکزی مالی امداد کے ذریعے سودیش، درشن اور پراشد نام کی تین بڑی اسکیمیں چلا رہی ہے، جن کا مقصد سیاحت سے متعلق انفراسٹرکچر کی تعمیر ہے۔ سودیش کے تحت 76 میں سے 10 پروجیکٹ، جنہیں منظور کیا جا چکا ہے اور جو سیاحتی تھیم اور پروجیکٹوں سے متعلق ہیں، انہیں آندھرا پردیش، پڈوچیری، مغربی بنگال، مہاراشٹر، گوا، اوڈیشہ، انڈمان اور نکوبار جزائر اور تمل ناڈو میں نافذ کیا جا رہا ہے۔  اس کے لیے اب تک 650 کروڑ روپے منظور کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وزارت نے مختلف ریاستوں میں  کروز ٹرمنلوں اور اس سے وابستہ انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے 228.61 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔

مرکزی وزیر نے اس کانفرنس کا اہتمام کرنے کے لیے بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت کی تعریف کی اور کہا، ’’میں اپنے ساتھی جناب سربانند سونووال جی کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس کانفرنس کا اہتمام کیا۔ آنے والے دنوں میں ہم ہندوستان کو کروز کے عالمی مرکز کی شکل میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ آزادی کے بعد ہم پہلی بار، قومی سیاحتی پالیسی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ایسے میں جب کہ ہندوستان آزادی کا امرت مہوتسو کے ذریعے اپنی آزادی کے 75 سال کا جشن منا رہا ہے، آئیے ہم ندی کی کروزنگ کو نیا اختراعی سیاحتی پروڈکٹ بنانے کا عہد کریں۔‘‘

مرکزی وزیر نے کروز صنعت کے تجارتی سربراہان اور متعلقین کے ساتھ دو بدو گفتگو بھی کی۔

 

کانفرنس کے متعدد اجلاس کا مقصد کروز سرکٹ کی ترقی سے متعلق موضوعات پر گفتگو کرنا تھا، جس میں کروز کی منزل، کروز انفراسٹرکچر، سیاحت، مہمان نوازی اور جہاز رانی  میں ہنر مند افرادی قوت کی تشکیل، کروز سیکٹر کے لیے موافق پالیسی اور وبائی مرض کے بعد کے مواقع پر توجہ مرکوز کی گئی۔ کروز سیاحت کی ترقی اور فروغ کے لیے وزارتیں اور حکومت ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔ وہ پالیسی فریم ورک بنانے، بین الاقوامی، گھریلو/ساحلی اور ندی کروز سیکٹر میں کروز کے انتظام اور آپریشن کے لیے ایس او پی تیار کرنے میں بھی مصروف ہیں۔ بین الاقوامی معیار  کے مطابق کروز ٹرمنلوں کی تجدید اورجدید کاری کے لیے متعدد قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 5404

 



(Release ID: 1825667) Visitor Counter : 115


Read this release in: English , Hindi , Telugu