عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے میونسپل بنیادی ڈھانچے پر زور دیا، کہا: زراعت سے مینوفیکچرنگ کی طرف منتقلی، جموں و کشمیر کے لیے زیادہ ملازمتیں پیدا کرنے اور مجموعی خوش حالی کے لیے اہم ہیں
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نئی دہلی میں آئی آئی پی اے میں جموں و کشمیر کے شہری بلدیاتی اداروں کے میئرز/چیئر پرسنز اور میونسپل کمشنرز/چیف ایگزیکٹیو افسران کے لیے شہری نظم و نسق سے متعلق تین روزہ اورینٹیشن پروگرام سے خطاب کیا
منتخب نمائندوں کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی، معیار زندگی میں بہتری، ماحولیات، نقل و حرکت، پانی اور صفائی ستھرائی جیسے شہری مشنوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
ڈاکٹر جتیندر نے جموں کے شہری اداروں کے لیے ورکشاپ سے خطاب کیا اور میونسپل انفراسٹرکچر پر زور دیا
Posted On:
11 MAY 2022 6:11PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 11/مئی 2022 ۔ جموں و کشمیر کے شہری بلدیاتی اداروں کے میئرز/چیئرپرسنز اور میونسپل کمشنرز/چیف ایگزیکٹو آفیسرز کے لیے شہری نظم و نسق سے متعلق اورینٹیشن ورکشاپ/پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے، ارضیاتی سائنس کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزیر مملکت (آزادانہ چارج) وزارت سائنس و ٹکنالوجی، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت اور عملہ و عوامی عوامی شکایات کے وزیر مملکت، ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (آئی آئی پی اے) کے چیئرمین بھی ہیں، نے میونسپل انفراسٹرکچر پر زور دیا اور کہا کہ زرعی پیداوار کی پروسیسنگ، بنائی کی صنعت اور آئی ٹی خدمات کی ترقی جیسے شعبوں میں، اقتصادی سرگرمیوں کے معاون کے طور پر میونسپل انفرااسٹرکچر کو فروغ دینے کے لئے مرکز کے زیر انتظام اس علاقہ کے چھوٹے اور درمیانہ شہر اہم رول ادا کریں گے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ زراعت کے شعبے سے مینوفیکچرنگ کی طرف منتقلی جموں و کشمیر کے لیے خاص طور پر اہم ہے جس نے ریاستی معیشت میں تیز رفتار اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے مخصوص اقدامات کیے ہیں، خاص طور پر پچھلے تین سالوں کے دوران۔ ان اقدامات سے ریاست کے اقتصادی پروفائل میں تبدیلی آئے گی اور مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں میں مزید ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے عظیم منصوبے ہیں اور اسی کے مطابق ہم نے 74ویں آئینی ترمیمی ایکٹ کے مطابق شہری بلدیاتی ادارے قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منتخب اداروں کے ساتھ حکومت ہند کے شہری مشن جیسے کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، معیار زندگی میں بہتری، ماحولیات، نقل و حرکت، پانی اور صفائی ستھرائی کی پوری صلاحیت حاصل کریں گے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نشاندہی کی کہ تین روزہ اورینٹیشن پروگرام سرکاری مشنوں، اسکیموں اور پروگراموں کے بارے میں مناسب ایکسپوزر فراہم کرے گا۔ انھوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ریاست کے قصبے سووچھ بھارت مشن (شہری)، روزی روٹی کو فروغ دینے، اے ایم آر یو ٹی (اٹل مشن فار ریجوونیشن اینڈ اربن ٹرانسفارمیشن) اور پی ایم سواندھی کے تعلق سے اہم قدم اٹھا رہے ہیں، جو اسٹریٹ وینڈروں کو ورکنگ کیپٹل لون اور بروقت ادائیگی اور ڈیجیٹل لین دین پر رعایتوں کے ساتھ مدد کررہے ہیں۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ پانی، صفائی، نقل و حرکت اور رہائش توجہ کے اہم شعبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن، ہر گھر نل سے جل پر توجہ مرکوز کر رہا ہے اور بتایا کہ ریاست نے تمام شہری علاقوں میں او ڈی ایف (کھلے میں رفع حاجت سے پاک) کا درجہ حاصل کرلیا ہے۔ اسمارٹ سٹیز مشن انفراسٹرکچر اور گورنینس فراہم کر رہا ہے، جبکہ پی ایم اے وائی سستی رہائش گاہوں پر توجہ دے رہی ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ عالمی مثالوں کی روشنی میں، بھارت نے بھی شہری علاقوں کے اندر اور اس کے آس پاس مینوفیکچرنگ اور خدمات کی توسیع پر عمل کیا ہے اور یہ نان فارم شعبہ جی ڈی پی میں 86 فیصد کا تعاون دے رہا ہے، جبکہ شہری ہندوستان میں صرف 35-40 فیصد آبادی رہ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں یہ نظر آتا ہے کہ شہر کاری کی اوسط سطح والی ریاستوں کی فی کس آمدنی ان ریاستوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے جہاں شہر کاری کی سطح کم ہے، جیسے بہار، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، اوڈیشہ وغیرہ۔ گجرات سے لے کر تمل ناڈو تک کی ریاستیں یا تو 50 فیصد تک (تامل ناڈو) پہنچ چکی ہیں یا شہری اکثریت کے قریب ہیں۔
جموں و کشمیر پر واپس آتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یو ٹی میں 2011 میں 27 فیصد شہری آبادی تھی اور یہ شہر کاری کے آدھے راستے کی طرف بڑھنے کی سمت میں ایک چیلنج ہے، جس کا مطلب ہے کہ آنے والی دہائیوں میں صنعتوں اور سرمایہ کاری پر زیادہ توجہ دی جائے۔ اس سفری عمل کا مطلب میونسپل سروسز اور انفراسٹرکچر کے لیے مؤثر طریقے سے شہری سیکٹر کی اصلاحات میں تیزی لانا ہے، جیسا کہ ہمارے شہری مشنوں نے شروع کیا ہے، انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے میونسپل اداروں کے منتخب رہنماؤں کا کردار اہم ہوگا، کیونکہ یہ رہنما نچلی سطح کے رہنماؤں کا ایک پول تیار کرتے ہیں اور جمہوریت کے ہمارے وفاقی ڈھانچے میں نیچے سے اوپر کی قیادت کو فروغ دیتے ہیں۔
اپنے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ آزادی کے 75 ویں سال میں آئی آئی پی اے کی طرف سے اس کورس کا انعقاد انڈیا @ 2047 کے لیے ہمارے منصوبوں کے پیش نظر خاص اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 25 سالوں کے دوران بھارت نیم شہری (25 فیصد سے زیادہ) سے شہری اکثریت والے معاشرے میں منتقلی کے دور سے گزرے گا اور معاشی ترقی اور شہر کاری ساتھ ساتھ چلیں گے۔ وزیر موصوف نے امید ظاہر کی کہ شہری نظم و نسق پر یہ تین روزہ دورہ ہمارے ہر منتخب نمائندے کے لیے لائیو کیسز اور ایجنڈا فراہم کرے گا اور ریاست کو صاف ستھرا، سرسبز و شاداب اور پیداواری شہر بنانے کی ہماری کوششوں میں اضافہ کرے گا۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO.5252
(Release ID: 1824561)
Visitor Counter : 140