وزارتِ تعلیم
azadi ka amrit mahotsav

گرم ہواؤں کے مضر اثرات سے نمٹنے کے لیے اسکولوں کے ذریعے اپنائی جانے والی احتیاطی تدابیر سے متعلق رہنما خطوط

Posted On: 11 MAY 2022 7:00PM by PIB Delhi

وزارت تعلیم نے گرم ہواؤں کے مضر اثرات سے نمٹنے کے لیے اسکولوں کے ذریعے اپنائی جانے والی احتیاطی تدابیر سے متعلق آج درج ذیل رہنما خطوط جاری کیے۔

  1. اسکول کے اوقات اور روزمرہ کے معمولات میں تبدیلی
  • اسکول میں پڑھائی جلد شروع کر سکتے ہیں اور  دوپہر سے پہلے ختم کر  سکتے ہیں۔ اسکول کھلنے کا وقت صبح 7 بجے ہو سکتا ہے۔
  • اسکول کے روزانہ کے وقت میں کمی کی جا سکتی ہے۔
  • کھیل/دیگر بیرونی سرگرمیاں، جو فی الحال طلباء کو سخت دھوپ میں ہی کرنی پڑتی ہیں، انہیں  صبح کے اوقات میں مناسب طریقے سے  ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔
  • اسکول کی اسمبلی کسی سایہ دار جگہ پر یا کلاس روم کے اندر ہی کی جانی چاہیے اور اس کی مدت بھی کم کر دینی چاہیے۔
  • اسکولوں میں چھٹی ہونے کے وقت بھی ٹھیک اسی طرح کا خیال رکھا جا سکتا ہے۔
  1. آمد و رفت
  • اسکول کی بس/وین میں بہت زیادہ بھیڑ نہیں ہونی چاہیے۔ اس میں اتنے ہی طلباء ہونے چاہئیں جتنے طلباء کے بیٹھنے کی جگہ ہے۔
  • بس/وین میں پینے کا پانی اور ’فرسٹ ایڈ کٹ‘ دستیاب ہونی چاہیے۔
  • پیدل/سائیکل سے اسکول آنے والے طلباء کو مشورہ  دیا جانا چاہیے کہ وہ اپنے سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔
  • پبلک ٹرانسپورٹ سے بچنے اور دھوپ میں کم از کم وقت رہنے کے لیے والدین کو بیدار کریں کہ حتی الامکان وہ ہی طلباء کو لینے کے لیے اسکول آیا کریں۔
  • اسکولی بس/وین کی پارکنگ سایہ دار جگہوں پر کی جا سکتی ہے۔
  1. پانی لگاتار پیتے رہیں
  • طلباء کو مشورہ دیا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی پانی کی بوتلیں، ٹوپی اور چھتریاں اپنے ساتھ ہی رکھیں اور کھلے میں باہر جانے پر ان کا استعمال کریں۔
  • اسکولوں کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ وہ خاص کر ایسے کئی مقامات پر پینے کا پانی مہیا کرائیں جہاں ارد گرد کے مقابلے کم درجہ حرارت ہو۔
  • ٹھنڈا پانی مہیا کرانے کے لیے واٹر کولر/مٹی کے برتن (گھڑے) کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
  • ہر کلاس روم میں ٹیچر کو طلباء کو اپنی پانی کی بوتلوں سے پانی پینے کے لیے یاد دلانا چاہیے۔
  • گھر واپس جاتے وقت اسکولوں کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ طلباء کی بوتلوں میں پانی لازمی طور پر ہو۔
  • طلباء کو گرم ہوا سے بچنے کے لیے لگاتار مناسب مقدار میں پانی پینے کی اہمیت سے واقف کرایا جانا چاہیے اور باقاعدگی سے تھوڑے تھوڑے وقفہ پر معقول مقدار میں پانی پینے کی صلاح دی جانی چاہیے۔
  • لگاتار مناسب مقدار میں پانی پینے سے بیت الخلاء کا استعمال بڑھ سکتا ہے اور اسکولوں کو بیت الخلاء کو صاف ستھرا رکھ کر اس کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
  1. غذائی اشیاء اور کھانا

پی ایم پوشن

  • گرمی سے کھانا خراب ہو سکتا ہے، اس لیے پی ایم پوشن کے تحت گرم پکا ہوا کھانا گرم اور تازہ پیش کیا جانا چاہیے۔ انچارج ٹیچر پیش کرنے سے پہلے کھانے کی جانچ کر سکتے ہیں۔
  • ٹفن لانے والے بچوں کو صلاح دی جا سکتی ہے کہ وہ ایسا کھانا نہ لائیں جو کافی جلدی خراب ہو سکتا ہے۔
  • اسکول میں کینٹین کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ تازہ اور صحت بخش کھانا ہی دیا جائے۔
  • لنچ/ٹفن کے وقت بچوں کو ہلکا کھانا کھانے کی صلاح دی جا سکتی ہے۔
  1. آرامدہ کلاس روم
  • اسکولوں کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ سبھی پنکھے کام کر رہے ہیں اور سبھی کلاس روم مناسب طریقے سے ہوادار ہیں۔
  • اگر ممکن ہو تو متبادل پاور بیک اَپ کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔
  • سورج کی روشنی کو سیدھے کلاس روم میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے پردے/بلائنڈز/اخبار وغیرہ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
  • اگر اسکول کے ذریعے اپنے ارد گرد کے ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ’خس‘ کے پردے، بانس/جوٹ کی چِک جیسا کوئی مقامی روایتی طریقہ اپنایا جا رہا ہے، تو اسے جاری رکھا جا سکتا ہے۔
  1. یونیفارم
  • طلباء کو ڈھیلے اور ہلکے رنگ کے سوتے کپڑے پہننے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
  • اسکولوں میں یونیفارم یا پوشاک جیسے کہ نیک ٹائی کے سلسلے میں  ضابطوں میں ڈھیل دے سکتے ہیں۔
  • چمڑے کے جوتے کی جگہ پر کینوس کے جوتے پہننے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
  • طلباء کو صلاح دی جا سکتی ہے کہ وہ پوری بازو کی قمیض یا شرٹ پہنیں۔
  1. فرسٹ ایڈ کی سہولیات
  • ہلکا لو لگنے پر بطور علاج او آر ایس کے پاؤچ، یا نمک اور چینی کا محلول اسکولوں میں پہلے سے دستیاب رہنا چاہیے۔
  • معمولی لو لگنے کی حالت میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو طلباء کو فرسٹ ایڈ (ابتدائی طبی مدد) فراہم کرنے کی ٹریننگ دی جانی چاہیے۔
  • لو لگنے کی حالت میں اسکولوں کو قریبی اسپتال/دواخانہ/ڈاکٹر/نرس وغیرہ تک فوری رسائی کو یقینی بنانا چاہیے۔
  • اسکول کے اندر ضروری میڈیکل کٹ دستیاب ہونا چاہیے۔
  1. طلباء کیا کریں اور کیا نہ کریں

گرم ہواؤں سے متعلق کیا کریں اور کیا نہ کریں جیسی ہدایات اسکول میں کسی اہم جگہ پر چسپاں کی جانی چاہئیں۔ ان میں درج ذیل چیزیں شامل ہو سکتی ہیں:

کیا کریں:

  • پیاس نہ ہو تب بھی مناسب مقدار میں پانی پئیں۔
  • اپنے جسم میں پانی کی مقدار کو برقرار رکھنے کے لیے او آر ایس، گھر میں بنائی گئی لسی، تورنی (چاول کا پانی)، لیموں کا پانی، بٹر ملک وغیرہ کا استعمال کریں۔
  • ہلکے وزن، ہلکے رنگ کا، ڈھیلا، سوتی کپڑا پہنیں۔
  • اپنے سر کو کپڑے، ٹوپی یا چھتری وغیرہ سے ڈھانپ کر رکھیں۔
  • جہاں تک ممکن ہو، گھر کے اندر ہی رہیں۔
  • چکر آ رہا ہو یا طبیعت خراب لگ رہی ہو، تو فوراً ڈاکٹر کو دکھائیں۔

کیا نہ کریں:

  • خالی پیٹ یا بہت زیادہ کھا لینے کے بعد گھر سے باہر نہ جائیں۔
  • دھوپ میں نکلنے سے بچیں، خاص کر دوپہر کے وقت بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔
  • دوپہر میں باہر نکلنے پر محنت والی سرگرمیوں سے بچیں۔
  • گھر سے باہر ننگے پیر نہ نکلیں۔
  • جنک/باسی/مسالے دار کھانا کھانے سے بچیں۔
  1. امتحان کے مراکز:
  • بچوں کو امتحان کے ہال میں خود اپنی شفاف پانی کی بوتل لانے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
  • امتحان کے مراکز میں پورٹیبل پینے کا پانی دستیاب ہونا چاہیے جو امیدواروں کے لیے آسانی سے قابل رسا ہو۔
  • امتحان کے مراکز کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ امتحان کے ہال میں جب بھی امیدوار اپنی سیٹ سے پانی مانگیں، انہیں فوراً ان کی سیٹ تک پانی پہنچایا جائے۔
  • امتحان کے ہال میں پنکھے ہونے چاہئیں۔
  • امتحان کے مراکز پر طلباء کے انتظار کرنے والی جگہ سایہ دار ہونی چاہیے اور وہاں پر پانی کا بھی انتظام ہونا چاہیے۔
  • امتحان کے مراکز کو کسی بھی ناگہانی حالت کے لیے مقامی ہیلتھ ورکر اور میڈیکل سینٹر سے جڑا ہونا چاہیے۔
  1. رہائشی اسکول

مذکورہ بالا کے علاوہ، رہائشی اسکول ذیل میں بتائے گئے اقدامات پر عمل کر سکتے ہیں:

  • اسٹاف نرس کے پاس گرمیوں کے موسم میں ہونے والی عام بیماریوں سے متعلق ضروری دوائیں دستیاب ہونی چاہئیں۔
  • طلباء کو لو لگنے کو روکنے سے متعلق باتیں بتائی جانی چاہئیں۔
  • ہاسٹل کی کھڑکیوں پر پردے لگے ہونے چاہئیں۔
  • کھانے میں لیموں، چھاچھ اور پانی کی زیادہ مقدار والے موسمی پھل شامل ہونے چاہئیں۔
  • مسالے دار کھانا کھانے سے بچیں۔
  • کلاس روم، ہاسٹل اور ڈائننگ ہال میں پانی اور بجلی کی لگاتار سپلائی  ہونی چاہیے۔
  • اسپورٹس اور کھیل سے  متعلق سرگرمیاں شام کے وقت ہونی چاہئیں۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 5257


(Release ID: 1824559) Visitor Counter : 411