نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

ہماری نوجوان نسل کو تحریک دینے کے لیے،  بہت سے کم معروف مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے آگاہ کیا جانا چاہیے: نائب صدر جمہوریہ


ہماری نوجوان نسل کو تحریک دینے کے لیے،  بہت سے کم معروف مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے آگاہ کیا جانا چاہیے: نائب صدر جمہوریہ

xنائب صدر نے جناب ہیموتی نندن بہوگنا کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک جرأت مند اور نڈر رہنما تھے جنھوں نے غریبوں اور پسماندہ لوگوں کے لیے کام کیا

Posted On: 04 MAY 2022 6:37PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ تحریک آزادی کے ہمارے بہت سے جاں بازوں کو وہ شناخت اور احترام نہیں ملا جس کے وہ مستحق تھے۔ اس لیے انھوں نے لوگوں کو ایسے عظیم مرد و خواتین کی قربانیوں سے آگاہ کرنے پر زور دیا تاکہ نئی نسل کو ان کے نقش قدم پر چلنے اور قوم کی تعمیر کے لیے کام کرنے کی ترغیب ملے۔

آج اُپ راشٹرپتی نواس میں آنجہانی مجاہد آزادی اور سیاسی رہنما جناب ہیم وتی نندن بہوگنا کی سوانح حیات جاری کرنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہماری تحریک آزادی کی تاریخ مادر وطن کے لیے قربانی اور بے لوث عقیدت کی بے شمار کہانیوں سے بھری پڑی ہے اور ہمیں اپنے شاندار ماضی پر فخر کرنا چاہیے۔

مذکورہ کتاب 'ہیم وتی نندن بہوگنا: اے پولیٹیکل کروسیڈر' (انگریزی) اور 'ہیم وتی نندن بہوگنا: بھارتیہ چیتنا کے سمواہک' (ہندی میں نظر ثانی شدہ ایڈیشن) کے عنوان سے پروفیسر ریتا بہوگنا جوشی اور ڈاکٹر رام نریش ترپاٹھی نے لکھی ہے۔

جناب ہیم وتی نندن بہوگنا کو ایک معروف مجاہد آزادی، ایک اصول پسند سیاست داں اور ہوشیار منتظم قرار دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ انھوں نے اپنی پوری زندگی قوم کی خدمت کے لیے وقف کردی تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب ہم ان کی سوانح حیات کا مطالعہ کرتے ہیں تو پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ وہ باغی تھے لیکن جب ہم پڑھتے ہیں تو یہ واضح ہو جاتا ہے کہ ان کے نزدیک قوم سب سے پہلے ہے۔

یہ دیکھتے ہوئے کہ جناب بہوگنا کی تصور آزادی سے گہری وابستگی ہے، جناب نائیڈو نے کہا کہ وہ سترہ سال کی کم عمر میں تحریک آزادی میں شامل ہوئے اور بھارت چھوڑو تحریک میں ان کے کردار کے لیے برطانوی اہلکاروں نے انھیں قید اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ مادر وطن سے ان کی بے لوث محبت کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ایک واقعے کا حوالہ دیا جس میں جناب بہوگنا نے فریڈم فائٹر کوٹا کے تحت انھیں پیش کی گئی اراضی قبول کرنے سے انکار کردیا تھا اس درخواست کے ساتھ کہ اسے کسی اور ضرورت مند مجاہد آزادی کو الاٹ کیا جاسکتا ہے۔

جناب بہوگنا کو اصولوں اور گاندھیائی اقدار کا فرد قرار دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کرنے پر ان کی ستائش کی۔ ان کی حساس فطرت کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اپنے طالب علمی کے دنوں سے جناب بہوگنا نے ہمیشہ اسکول میں غریب بچوں کے لیے کام کیا اور مختلف طریقوں سے ان کی مدد کرنے کی کوشش کی۔ جب وہ اترپردیش کے وزیر اعلی تھَ تو ریاست ایس سی/ ایس ٹی برادری میں زمین کی تقسیم میں بھارت میں پہلے نمبر پر رہی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کی شراکت سے متاثر ہو کر سری ونوبا بھاوے نے انھیں مٹی نندن کا خطاب دیا۔

سماج کے پسماندہ طبقات کے لیے جناب بہوگنا کے لیے فکرمندی کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ اکثر لڑکوں کو جمع کرتے اور گاؤں میں صفائی مہم چلاتے اور دور دراز سے پینے کا پانی لانے میں خواتین کی مدد کرتے۔ سوچھ بھارت مشن جیسے مختلف پروگراموں کے ذریعے عام آدمی کے ان مسائل کو ترجیحی طور پر لینے پر حکومت کی ستائش کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے ہر شہری سے اپیل کی کہ وہ ان پروگراموں کے نفاذ میں فعال شراکت دار بنے اور بھارت کو صاف ستھرا، اور سبز بنانے کے لیے کام کرے۔

نائب صدر جمہوریہ نے ایک واقعے کا بھی ذکر کیا جب 1980 میں جناب بہوگنا نے اپنی سیاسی جماعت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اصولی طور پر پارلیمنٹ سے بھی بیک وقت مستعفی ہو گئے تھے حالانکہ اس وقت ان کے استعفے کو لازمی قرار دینے کے لیے کوئی اینٹی ڈیفیکشن قانون موجود نہیں تھا۔ انھوں نے اس طرح کے اصولی اور اعلی اخلاقی معیارات کو آج ہمارے ارکان پارلیمنٹ کے لیے ایک رہ نما مینارہ قرار دیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جناب بہوگنا کی بے چینی اقتدار کی خاطر نہیں بلکہ نظام میں مثبت تبدیلی کے لیے تھی۔

بھارتی سیاست اور تحریک آزادی کی ایک اہم شخصیت کی اس اچھی تحقیق کے ساتھ بصیرت افروز سوانح حیات لکھنے پر مصنفین کی ستائش کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ کتاب اس ملک کے نوجوانوں کے لیے محرک بنے گی اور انھیں حب الوطنی اور ضرورت مندوں کی خدمت کے راستے پر چلنے کی ترغیب دے گی۔

اس موقع پر مرکزی وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ جناب پشکر سنگھ دھامی، مرکزی وزیر مملکت قانون و انصاف پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل، اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی جناب وجے بہوگنا، محترمہ ریتا بہوگنا جوشی اور دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔

***

(ش ح - ع ا- ع ر)

U. No. 5022


(Release ID: 1822732) Visitor Counter : 157


Read this release in: Hindi , English , Punjabi , Tamil