پنچایتی راج کی وزارت
پنچایتی راج کی وزارت نے آزادی کا امرت مہوتسو کے موقع پر آئیکونک ہفتہ تقریبات کے حصے کے طور پر صاف اور سبز گاؤں نیز وافر مقدار میں دستیاب پانی والے گاؤں سے متعلق ایس ڈی جی کی لوکلائزیشن پر قومی کانفرنس کا اہتمام کیا
Posted On:
16 APR 2022 8:41PM by PIB Delhi
نئی دہلی۔ 16 اپریل "ہمیں سوچ اور ذہنیت میں مثبت تبدیلیاں لانی ہوں گی تاکہ پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جی) کو حاصل کیا جا سکے جنہیں ہم نے نو موضوعات کے طور پر اپنایا اور شروع کیا ہے۔ ہمیں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے اور دیہی ہندوستان کو تبدیل کرنے کے لیے زمینی سطح پر ردعمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے''، پنچایتی راج کے مرکزی وزیر مملکت جناب کپل موریشور پاٹل نے آزادی کا امرت مہوتسو کے موقع پر آئیکونک ہفتہ کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر وزارت پنچایتی راج کے زیر اہتمام پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جی) سے متعلق لوکلائزیشن پرمنعقدہ قومی کانفرنس میں ملک بھر سے آئے پنچایتی راج کے نمائندوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔
جناب کپل موریشور پاٹل نے اپنے خطاب میں بتایا کہ اقوام متحدہ نے 2000 میں ملینیم ترقیاتی اہداف کا آغاز کیا تھا، اس کے بعد پائیدار ترقی کے اہداف وجود میں آئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ اگر ہم اپنے طرز زندگی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں ایس ڈی جی کے اہداف کا تعین کرنا ہو گا اور ایس ڈی جی کو حاصل کرنے کے لیے کام کرنا ہو گا کیونکہ پائیدار ترقی کے تمام اہداف اہم ہیں۔ مرکزی وزیر جناب کپل موریشور پاٹل نے پنچایتوں کو مہاتما گاندھی کے صاف اور صحت مند ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کی تلقین کی۔ جناب کپل موریشور پاٹل نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سوچھتا مہم میں حصہ لیں اور سماج اور قوم کے تئیں ذمہ داری کے احساس کے ساتھ سوچھتا ابھیان کو آگے بڑھائیں۔
آزادی کا امرت مہوتسو منانے کے لیے آئیکونک ہفتہ کی تقریبات کے چھٹے دن، پنچایتی راج کی وزارت نے پائیدار ترقی کے اہداف (ایل ایس ڈی جی) کی لوکلائزیشن پر قومی سطح کی کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں وسیع تر پائیدار ترقی کے اہداف کے ساتھ منسلک موضوع 5: صاف اور سبز گاؤں اور موضوع 4: کافی پانی۔وافر مقدار میں دستیاب پانی والے گاؤں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
پنچایتی راج کے مرکزی وزیر مملکت جناب کپل موریشور پاٹل نے پنچایتی راج کی وزارت کے سکریٹری جناب سنیل کمار ، وزارت جل شکتی کے محکمہ برائے پینے کا پانی اور صفائی ستھرائی کی سکریٹری ، محترمہ ونی مہاجن، ایڈیشنل سکریٹری، ایم او پی آر ،ڈاکٹر چندر شیکھر کمار، اور جوائنٹ سکریٹری، ایم او پی آر محترمہ ریکھا یادو کے ساتھ شمع روشن کر کے کانفرنس کا افتتاح کیا۔
پنچایتی راج کی وزارت کے سکریٹری جناب سنیل کمار نے گاؤں کی ترقی میں صفائی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے بارے میں بیداری پیدا کرنا بہت ضروری ہے اور اسے کمیونٹی کے درمیان مکمل طور پر جاری رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے تجویز دی کہ منتخب نمائندوں کو اس ہدف کو اولین ترجیح کے طور پر طے کرنا چاہیے۔ انہوں نے صاف اور سبز توانائی پر پندرہویں مالیاتی کمیشن (ایف ایف سی) کی گرانٹ کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے حکمت عملی اورلائحہ عمل کے بارے میں مزید وضاحت کی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام 9 موضوعات ایک دوسرے سے منسلک ہیں اس لیے ہمیں ہر موضوع پر اسی کے مطابق توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ وافر مقدار میں دستیاب پانی والے گاؤں کے موضوع پر اتراکھنڈ کی کوتھار گرام پنچایت اور صاف اور سبز گاؤں کے موضوع پر تلنگانہ کی میٹاپلی گرام پنچایت کے موضوعاتی ویڈیو دکھائے گئے۔
وزارت جل شکتی کے محکمہ برائے پینے کا پانی اور صفائی ستھرائی کی سکریٹری محترمہ ونی مہاجن نے بتایا کہ کس طرح ہندوستان نے کھلے میں رفع حاجت کا خاتمہ کیا اور او ڈی ایف سے پاک قرار دیا اور او ڈی ایف پلس پلس کی سمت کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بایو ویسٹ انرجی، ٹھوس مائع فضلہ مینجمنٹ، گرے واٹر مینجمنٹ وغیرہ کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پنچایتوں کے منتخب نمائندوں سے پندرہویں مالیاتی کمیشن، منریگا اور سوچھ بھارت مشن (ایس بی ایم) کے تحت دستیاب فنڈ کو پوری طرح خرچ کرنے یا استعمال کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن کے تحت وزارت جل شکتی کا مقصد 2024 تک ہر گھر کو صاف اور پینے کے قابل نل کا پانی فراہم کرنا ہے۔
قومی کانفرنس کے پہلے تکنیکی اجلاس کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے، جناب کپل چودھری، ڈائریکٹر(ایس بی ایم)، وزارت جل شکتی کے محکمہ برائے پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی نے صفائی کی اہمیت کی وضاحت کی۔ کرناٹک کے نوڈل آفیسر ایس بی ایم جناب سرینواس نے ٹھوس کچرے کے انتظام پر اُڈپی کی تھیمیٹک ویڈیو فلم شیئر کی۔
جناب اتل بگائی، ہیڈ، کنٹری آفس، یو این ای پی، انڈیا نے لوگوں کی پائیدار ترقی کی سمت میں زمینی سطح پر صاف اور سرسبز ماحول کی اہمیت پر بات کی۔ پروفیسر پرتیک شرما، وائس چانسلر، ٹیری اسکول آف ایڈوانس اسٹڈی اور این ٹی پی سی اسکول آف مینجمنٹ سے ڈاکٹر دیب جیت پالت نے دیہی تناظر میں ایل ایس ڈی جی کے لیے قابل تجدید توانائی کے مسائل کے پائیدار حل پر توجہ مرکوز کی ۔ لداخ، تمل ناڈو، مغربی بنگال، ہماچل پردیش اور میگھالیہ کی گرام پنچایتوں کی ریاست وار ویڈیو پریزنٹیشن کا ایک موضوعاتی ویڈیودکھایا گیا اور پنچایتوں کے منتخب نمائندوں نے بھی اپنا تجربہ شیئر کیا۔
دوسرے تکنیکی اجلاس کی صدارت جناب پنکج کمار، سکریٹری، آبی وسائل، دریا کی ترقی اور گنگا کی بحالی، وزارت جل شکتی نے کی۔ جناب پرتول سکسینہ، ڈائرکٹر، ایم او جے ایس نے وافر مقدار میں دستیاب پانی والے گاؤں کے بارے میں اپنے خیالات کا تبادلہ کیا ۔ واٹر ایڈ انڈیا اور دیپک پاریکھ انسٹی ٹیوٹ کے مقررین نے بھی دیہی تناظر میں قابل تجدید توانائی سے منسلک مسائل پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایل ایس ڈی جی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ راجستھان، کرناٹک، کیرالہ، مہاراشٹر، میزورم اور ناگالینڈ کی ریاستوں نے اپنے تجربات، چیلنج اور کامیابی کی کہانیاں شیئر کیں۔
*****
(ش ح ۔ رض ۔ ج ا (
U-4365
(Release ID: 1817642)
Visitor Counter : 209