نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر نے کپاس کی پیداوار اور پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے اور کسانوں کی آمدنی کو ترجیح دینے کو کہا ہے


نائب صدر نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائلز کارکنوں کو بہتر طور پر ہنرمند بنایا جائے، چھوٹے کاروباروں کو مدد دی جائے اور عالمی مقابلہ آرائی کو بہتر بنایا جائے

نائب صدر نے ٹیکسٹائلز کارکنوں کی ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے رول کے لئے تعریف کی اور کہا کہ کپاس ہماری تہذیبی وراثت کے لئے ایک گرانقدر علامت ہے

جناب نائیڈو نے کپاس پر تجدید شدہ ٹیکنالوجی مشن کی ضرورت کو اجاگر کیا

نائب صدر نے سی آئی ٹی آئی – سی ڈی آر اے گولڈن جبلی تقریبات کا افتتاح کیا

Posted On: 12 APR 2022 1:28PM by PIB Delhi





 

 

نائب صدر جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج تمام متعلقہ اداروں اور افراد سے کہا ہے کہ وہ ہندوستان میں کپاس کی پیداوار اور پیداواری صلاحیت میں بہتری لانے کے لئے مل کر کوشش کریں تاکہ کسانوں کی آمدنی بڑھ سکے۔ کپاس پیدا کرنے والے دیگر ملکوں کے مقابلے ہندوستانی کپاس کی کم پیداوار پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ بہتر تحقیق کے ذریعے اور بہترین طور طریقے استعمال کر کے کسانوں کی رہنمائی کی جائے۔

 

جناب نائیڈو نے ہندوستانی سوتی ٹیکسٹائلز کی عالمی مسابقانہ صلاحیت کو بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں اپنی روایتی طاقت کو بروئے کار لانا ہے۔ جدید ترین زرعی و اقتصادی طور طریقے اختیار کرنے ہیں اور کپاس کی صنعت میں ایک عالمی لیڈر کی حیثیت کو مستحکم کرنا ہے۔

زراعت کے بعد ٹیکسٹائلز کا سیکٹر ملک میں روزگار دینے والا دوسرا بڑا سیکٹر ہے ۔ اس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے زرعی پیداوار میں اضافے، مشینوں کے استعمال کو بڑھانے، ٹیکسٹائلز کارکنوں کو ہنر مند بنانے اور اس شعبے کو فروغ دینے کے لئے چھوٹے کاروباری اداروں کی مدد کرنے پر زور دیا۔ جناب نائیڈو نے خصوصی کپاس کی قسموں مثلاً زیادہ لمبے اسٹیپل (ای ایل ایس) اور نامیاتی کپاس کی جانب توجہ دینے کو کہا۔

 

نائب صدر آج نئی دلی میں وگیان بھون سے سی آئی ٹی آئی سی ڈی آر اے گولڈن جبلی تقریبات کا افتتاح کر رہے تھے۔ ہندوستانی ٹیکسٹائلز صنعت کی کنفیڈریشن ( سی آئی ٹی آئی) ہندوستان میں ٹیکسٹائلزکا ممتاز صنعتی چیمبر ہے اور کپاس کی تحقیق اور فروغ کی تنظیم (سی ڈی آر اے)سی آئی ٹی آئی کی ایک توسیعی شاخ ہے، جو کپاس کے شعبے میں بیجوں کے فروغ اور توسیعی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

 

ہندوستانی معیشت میں کاٹن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ کپاس ہماری تہذیبی وراثت کی گرانقدر علامت بھی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کاٹن نے ہماری جدو جہد آزادی میں کلیدی رول ادا کیا تھا، جو کہ سودیشی تحریک کی بنیاد تھی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو جوڑتے ہوئے کپاس برٹش راج کے خلاف لڑائی میں ہندوستانیوں کو متحد کرنے کا ایک کلیدی وسیلہ تھی۔

 

جناب نائیڈو نے اس بات پر تشویش کا اظہارکیا کہ دنیا میں کپاس پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک (23 فیصد) ہونے کے باوجود اور دنیا میں کپاس کی کاشت کا سب سے بڑا رقبہ (39 فیصد) رکھنے کے باوجود ہندوستان میں اس کی فی ہیکٹیئر پیداوار 460 کلو گرام لِنٹ فی ہیکٹیئر ہے، جبکہ دنیا کے دیگر ملکوں میں یہ اوسطاً 800 کلو گرام لِنٹ فی ہیکٹیئر ہے۔ اس کا ازالہ کرنے کےلئے انہوں نے کاشتکاری کا گھناؤ بہتر بنانے، کپاس کی کٹائی کے لئے جدید مشینوں کا استعمال کرنے اور زرعی و اقتصادی تحقیق پر توجہ مرکوز کرنے کو کہا۔

 

کپاس کے پہلے ٹیکنالوجی مشن کے فائدوں کو یاد کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ مشن کو جدید طور سے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بیجوں کی ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے، پیداوار بڑھانے، عالمی پیمانے کے طورطریقوں کو اختیار کرنے اور صاف ستھری اور اعلیٰ معیار کی کپاس پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کسانوں کی آمدنی کو بڑھایا جا سکے۔

 

نائب صدر نے کہا کہ ہندوستان سوئی دھاگوں کے اعتبار سے دنیا میں اہم حیثیت رکھتا ہے، لیکن اسے کپڑے اور ملبوسات میں مقابلہ آرائی کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے چھوٹے کاروباروں کو مدد دینے اور ٹیکسٹائلز کارکنوں کو بہتر طور سے ہنرمند بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اس سیکٹر کے لئے اسکیموں کا مقصد ان نشانوں کو حاصل کرنا ہے۔

 

روایتی کپڑوں کی برآمدات میں بہتر مسابقت کے لئے ہندوستان کے ٹیکسٹائلز سیکٹر کو سراہتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ ہم تیزی سے ابھرتے ہوئے شعبوں مثلاً ٹیکنیکل ٹیکسٹائلز کو نظرانداز نہیں کرسکتے، جن کی دنیا بھر میں زبردست مانگ ہے۔

 

اس موقع پر جناب نائیڈو نے سی آئی ٹی آئی سی ڈی آر اے پروجیکٹ کے حوالوں سے کپاس سائنسدانوں اور کسانوں کو انعامات سے نوازا۔ انہوں نے اس موقع پر ایک کافی ٹیبل بک کا بھی اجرائ کیا۔

 

اس پروگرام میں ٹیکسٹائلز، کامرس اور صنعت، صارفین کے امور، خوراک اور سرکاری نظام تقسیم کے مرکزی وزیر پیوش گوئل، سی آئی ٹی آئی کے چیئرمین جناب راج کمار، سی آئی ٹی آئی سی ڈی آر اے کی کپاس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین جناب پی ڈی پٹوڈیا، سی آئی ٹی آئی کے ڈپٹی چیئرمین جناب راکیش مہرا، ٹیکسٹائلز وزارت میں سکریٹری جناب اپیندر پرساد سنگھ اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شامل تھے۔

***

ش ح۔ ع س۔ ک ا

 


(Release ID: 1816156) Visitor Counter : 190