نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر جمہوریہ نے اسکولوں اور والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو اپنی پسند  کی آرٹ کی شکلیں سیکھنے میں ان کی حوصلہ افزائی کریں


نائب صدر جمہوریہ نے  ثقافی نشاۃ الثانیہ کی ضرورت پر زور دیا

نائب صدر جمہوریہ نے جدوجہد آزادی کے گمنام ہیرو کے تعاون کو تسلیم کرنے کی اپیل کی

نائب صدر جمہوریہ  نے ہندوستانی فوک روایات کو محفوظ کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا

’ثقافتی روایات اور آرٹ کی شکلوں کو محفوظ کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے‘

جناب نائیڈو نے تدریسی نصابوں میں آرٹ کے مضامین کو واجب اہمیت دینے کی اپیل کی

نائب صدر جمہوریہ نے سنگیت ناٹک اکیڈمی اور للت کلا اکیڈمی فیلوشپ اور ایوارڈ تقسیم کیے

Posted On: 09 APR 2022 2:26PM by PIB Delhi

 

نائب صدر جمہوریہ، جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج تمام اسکولوں اور والدین سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کی بیش قیمتی ثقافتی وراثت کو محفوظ کرنے اور انہیں فروغ دینے کے حصہ کے طور پر بچوں کو اپنی پسند کی آرٹ کی شکلیں سیکھنے میں ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ اپنی جڑوں کی طرف واپس جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے ہندوستانی معاشرے میں ثقافتی نشاۃ الثانیہ کی اپیل کی۔

نائب صدر جمہوریہ نے یہ بھی کہا کہ  کٹھ پتلی جیسی ہماری بیش قیمتی روایتی فوک آرٹ کی شکلیں مغربی کلچر کے تئیں جنون کی وجہ سے غائب ہوتی جا رہی ہیں۔ نہ صرف حکومتوں بلکہ بڑے پیمانے پر معاشرہ کی سرگرم حصہ داری سے ان کا احیاء کیا جانا چاہیے۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ابتدائی عمر میں تخلیقیت اور آرٹ سے روبرو کرانے سے  بچوں کو اپنے ارد گرد کے ماحول سے زیادہ آشنا ہونے میں مدد ملے گی اور  وہ زیادہ با معنی زندگی گزار پائیں گے، جناب نائیڈو نے تعلیمی اداروں سے اس خواہش کا اظہار کیا کہ  وہ اپنے نصابوں میں آرٹ کے مضامین کو بھی یکساں اہمیت دی۔

نائب صدر جمہوریہ سنگیت ناٹک اکیڈمی اور للت کلا اکیڈمی فیلو شپ کی تقسیم کی تقریب کے ساتھ ساتھ 2018 کے اکیڈمی ایوارڈ اور 62ویں آرٹ ایوارڈز کی قومی نمائش  سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے متعدد فنکاروں کو پرفارمنگ آرٹس اور فائن آرٹس کے میدان میں ان کے تعاون کے لیے اعزازات پیش کیے۔

’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کی تقریبات کا حوالہ دیتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ  بہت سے گمنام ہیرو نے ہماری آزادی کے لیے قربانیاں دیں لیکن ان کی کہانیاں عوام کو زیادہ تر معلوم نہیں ہیں کیوں کہ انہیں ہماری تاریخ کی کتابوں میں زیادہ توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے اس قسم کے خرد برد کو درست کرنے  اور اس قسم کے کم معروف لوگوں کے جدوجہد آزادی کے دوران کے تعاون کو نمایاں کرنے کی اپیل کی۔

تحریک آزادی کے دوران لوگوں کے اندر حب الوطنی کے جذبات ابھارنے میں وژوئل اور پرفارمنگ آرٹس کے رول کو یاد کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ  آرٹ کا استعمال برطانوی مظالم کی کہانیاں مؤثر انداز میں پیش کرنے کا ایک ’’طاقتور سیاسی ہتھیار‘‘ تھا۔ انہوں نے یاد کیا کہ کیسے رابندر ناتھ ٹیگور، سبرامنیا بھارتی، قاضی نذر الاسلام اور بنکم چندر چٹرجی کے حب الوطنی پر مبنی  شعلہ انداز گیتوں اور نظموں نے عوام میں قومیت کا مضبوط جذبہ پیدا کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا، ’’طاقتور فنی اظہار کے ذریعے ہمارے مجاہدین آزادی کا تعاون ہماری جدو جہد آزادی کا اٹوٹ حصہ ہے اور  اسے بھلایا نہیں جانا چاہیے۔‘‘

’’ہمارے بیش قیمتی ماضی کو حال اور مستقبل سے جوڑنے والے دھاگہ کو مضبوطی عطا کرنے میں‘‘ فنکاروں کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ  آرٹ تمام ثقافتوں کے لوگوں کو متحد کرتا ہے، انہیں متاثر اور آمادہ کرتاہے، اسی لیے ’’پورے عمل میں تبدیلی کا ایک طاقتور ایجنٹ بن جاتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا، ’’ہماری عظیم ثقافتی روایات اور آرٹ کی متعدد شکلوں  کو محفوظ کرنے اور انہیں فروغ دینے کی ذمہ داری ہم میں سے ہر ایک کی ہے۔‘‘

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کی روایت ایک عظیم اصلاح شدہ آرٹ کی رہی ہے، جن کی تھیوریز کا ذکر قدیم کتابوں  میں موجود ہے۔ جناب نائیڈو نے  وزوئل اور پرفارمنگ آرٹ کو محفوظ کرنے کی اپیل کی جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ’’ملک کی ثقافتی وراثت اور ہماری قومی شناخت کو شکل عطا کرتی ہیں۔‘‘

اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ علاقائی کہانیوں سے متعلق ہندوستان کی بیش قیمتی روایت ایک ایسا شعبہ ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس کے بارے میں فوری قدم اٹھانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ فوک روایات کی متعدد شکلیں زوال پذیر ہیں اور ’’اب اپنی عظیم فوک روایات کو محفوظ کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنے کی ذمہ داری ہماری ہے۔‘‘

سیاحت، ثقافت اور شمال مشرقی خطہ کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی، سنگیت ناٹک اکیڈمی اور للت کلا اکیڈمی کی چیئر مین، محترمہ اوما نندوری، سنگیت ناٹک اکیڈمی کی سکریٹری، محترمہ تیمسونارو جمیر، للت کلا اکیڈمی کے سکریٹری، جناب رام کرشن ویڈالا، وزارت کامرس کی جوائنٹ سکریٹری، محترمہ سنجوکتا مدگل، مشہور فنکار اور دیگر شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/specificdocs/documents/2022/apr/doc20224939801.pdf

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 4075

 



(Release ID: 1815262) Visitor Counter : 147