نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ نے حقیقت پر مبنی تحقیق کے ذریعے بھارتی تاریخ کا دوبارہ معروضی جائزہ لینے پر زور دیا
مورخین کو سچائی کے تئیں عہد بستہ ہونا چاہیئے : نائب صدر جمہوریہ
نائب صدرِ جمہوریہ نے بھارتی تاریخ کے منتخب یا نامکمل واقعات پیش کرنے پر خبردار کیا
نائب صدر جمہوریہ نے جدوجہدِ آزادی کے گمنام بھارتی ہیروز سے متعلق مزید تحقیق پر زور دیا
’ آزادی کے جنگجوؤں کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنا حب الوطنی کا ہمارا اعلیٰ ترین مشن ہے ‘
نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ جدوجہد ِآزادی ہمیں سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی اہمیت سکھاتی ہے
تاریخ ایسا مخصوص موضوع نہیں ہونا چاہیئے ، جس پر چند لوگوں کی اجارہ داری ہو: نائب صدرِ جمہوریہ
نائب صدر جمہوریہ نے انڈین کونسل آف ہسٹوریکل ریسرچ ( آئی سی ایچ آر ) کے گولڈن جوبلی سال کی اختتامی تقریب میں شرکت کی، جدوجہد آزادی پر نمائش کا افتتاح کیا
Posted On:
28 MAR 2022 5:21PM by PIB Delhi
نائب صدرجمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ مورخین کو سچائی کے تئیں عہد بستہ رہنا چاہیئے اور انہوں نے حقائق پر مبنی تحقیق کے ذریعہ بھارتی تاریخ کا دوبارہ معروضی جائزہ لینے پر زور دیا۔
تاریخی تحقیق میں زیادہ علمی وسعت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے ’’ بھارتی تاریخ کے منتخب یا نامکمل واقعات ‘‘ پیش کرنے کے خلاف خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی حقائق کو نظریاتی نقطہ ٔنظر کے ذریعے بیان کرنا ایک مسخ شدہ نظریہ پیش کرتا ہے ، جیسا کہ نوآبادیاتی دور میں کیا گیا تھا۔ اس کے بجائے، انہوں نے مورخین پر زور دیا کہ وہ ’انڈین کونسل آف ہسٹوریکل ریسرچ ( آئی سی ایچ آر ) ‘ جیسے خصوصی اداروں کی مدد سے تاریخ کی سائنٹفک تحریروں کو مستحکم کریں۔
نائب صدر جمہوریہ ، ثقافت کی وزارت کے زیر اہتمام انڈین کونسل آف ہسٹوریکل ریسرچ (آئی سی ایچ آر) کے گولڈن جوبلی سال کی اختتامی تقریب میں شرکت کر رہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر آئی سی ایچ آر کے ذریعہ منعقدہ’ بھارت کی جدو جہدِ آزادی ‘ پر ایک نمائش کا بھی افتتاح کیا۔
جناب نائیڈو نے جدوجہد ِآزادی کے گمنام بھارتی ہیروز کے بارے میں مزید تحقیق کرنے پر بھی زور دیا، جن میں سے بہت سوں کا ذکر ’’تاریخ کی کتابوں میں محض حاشیے تک ہی محدود‘‘ ہے ۔ آزادی کا امرت مہوتسو کے ایک حصے کے طور پر، جناب نائیڈو نے کہا کہ ان کی انفرادی کہانیوں کو ، ان کے درد، جدوجہد اور اس عظیم فخر کو ظاہر کرنے کے لئے دستاویزی شکل دی جانی چاہیئے ، جس کے ساتھ انہوں نے مادر وطن کے لئے جدوجہد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ’اَن کہی تاریخ ‘ کے بارے میں بھی بتایا جانا چاہیئے۔
جناب نائیڈو نے مشورہ دیا کہ مقبول ہیروز کے بارے میں بھی ، اِن شخصیات کے مختلف پہلوؤں پر زیادہ جامع انداز میں گہرائی میں تحقیق کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں قبائلی اور کسانوں کی بغاوتوں کا زیادہ تفصیل سے مطالعہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ، جنہوں نے کسی تنظیمی حمایت کے بغیر برطانیہ سے لڑائی لڑنے میں عوام کے غیرمتزلزل حوصلے کا مظاہرہ کیا ۔
جناب نائیڈو نے کہا کہ ایسے بہت سے لوگ ہیں ، جنہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں انگریزوں کے خلاف جنگ لڑی اور یہ کہ وہ سبھی ’قومی ہیرو‘ ہیں۔
جناب نائیڈو نے کہا کہ ’’یہ ہمارا فرض اور ہمارا سب سے بڑا حب الوطنی کا مشن ہے کہ ہم اُن آزادی کے مجاہدین کو یاد کریں ، جنہوں نے سامراجی حکمرانوں سے آزادی حاصل کرنے کے لئے لڑائی لڑی ۔
بھارت کی تہذیبی اقدار جیسے بھائی چارہ، رواداری اور پرامن بقائے باہم کا ذکر کرتے ہوئے ، نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ’’ان اقدار سے ہمارا تعارف ہے اور یہ ہماری ثقافتی تاریخ میں مسلسل موجود رہی ہیں ۔ وقت کے ساتھ ساتھ بادشاہ اور بادشاہتیں تبدیل ہوئی ہیں لیکن یہ اقدار ہماری رہنمائی کے لئے ہمیشہ موجود رہی ہیں ۔ ‘‘
انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ جغرافیائی ، لسانی، مذہبی اور نسلی تنوع کے باوجود ، ہم بھارتی اقدار میں ہمیشہ ساجھیدار رہے ہیں ۔ یہ وجہ ہے کہ میں کہتا ہوں کہ ہم بنیادی طور پر پہلے بھارتی ہیں اور ہماری علاقائی، مذہبی اور لسانی شناخت ، اس کے بعد میں آتی ہیں۔
لوگوں سے بھارتی تاریخ کے بارے میں سنجیدگی سے سیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ تاریخ ہمارے ذہنوں میں موجود کسی بھی احساسِ کمتری کو دور کر سکتی ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ ہماری جدو جہد ِ آزادی کی کہانیوں کا ذکر نہ صرف ہمیں قوم پرستی کی اہمیت کو یاد دلاتا ہے بلکہ سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے ۔
اس بات کا مشورہ دیتے ہوئے کہ تاریخ کو چند لوگوں کی اجارہ داری والا مخصوص موضوع نہیں ہونا چاہیئے ، نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ادبی اور تاریخی وسائل اور قدیم اور عہد وسطیٰ کے تاریخی واقعات کے ترجمے کے شعبے میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
جناب نائیڈو نے ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ بچوں کے لئے اہم تاریخی مقامات کے باقاعدہ دورے کا اہتمام کریں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اسکول کی نصابی کتابوں میں آزادی کے جنگجوؤں کی زندگیوں کی کہانیوں کو دلچسپ انداز میں پیش کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا یقین ہے کہ ہماری تاریخی شخصیات کی زندگیوں کو اگلی نسلوں کے لئے تحریک کا ذریعہ ہونا چاہیئے ۔
نائب صدر جمہوریہ نے تاریخی تحقیق میں 50 سال مکمل کرنے اور بھارتی تاریخ میں اہم خلا ء کو پر کرنے کے لئے آئی سی ایچ آر کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے لوگوں سے ، خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آئی سی ایچ آر کی طرف سے ملک کے مختلف حصوں میں لگائی جانے والی نمائشوں کا دورہ کریں تاکہ بھارت کے لئے سوراج حاصل کرنے کی عظیم جدوجہد کو بہتر طریقے سے سمجھا جا سکے۔ انہوں نے ارکانِ پارلیمنٹ پر بھی زور دیا کہ وہ نمائش دیکھنے جائیں اور مجاہدینِ آزادی کے تعاون کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور آئی سی ایچ آر کی کوششوں کی ستائش کریں ۔
اس موقع پر تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ اور اینٹر پرینیور شپ کے مرکزی وزیر جناب دھرمیندر پردھان ، آئی سی ایچ آر کے چیئرمین پروفیسر رگھوویندر تنور ، آئی سی ایچ آر کے سابق چیئرمین پروفیسر اروند پی جام کھیڑ کر ، آئی سی ایچ آر کے رکن سکریٹری پروفیسر کمار رتنم اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔
( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا )
U. No. 3378
(Release ID: 1810680)
Visitor Counter : 171