مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
آسیان ڈجیٹل وزراء کی دوسری میٹنگ (اے ڈی جی ایم آئی این)میں بھارت۔آسیان ڈجیٹل عملی منصوبہ 2022 کو منظوری
اطلاعاتی و مواصلاتی تکنالوجیاں (آئی سی ٹی)شہریوں اور ملک کے مابین افزوں رابطے کے توسط سے جمہوری نظام اور اداروں کو مضبوطی فراہم کرتی ہیں
Posted On:
29 JAN 2022 10:16AM by PIB Delhi
نئی دہلی، 29 جنوری 2022:
گزشتہ روز بھارت کے ساتھ ورچووَل طریقے سے آسیان ڈجیٹل وزراء کی دوسری میٹنگ (اے ڈی جی ایم آئی این) کا اہتمام کیا گیا۔ مواصلات کے وزیر مملکت (ایم او ایس سی) محترم جناب دیووسنگھ چوہان اور میانمار کے نقل وحمل اور مواصلات کے وزیر محترم ایڈمیرل تن آنگ سان نے مشترکہ طور پر اس میٹنگ کی صدارت کی۔
اے ڈی جی ایم آئی این 10 آسیان (شمال مشرقی ایشیائی ممالک کی انجمن)ممالک کے ٹیلی کام وزراء کی ایک سالانہ میٹنگ ہے۔ ان ممالک میں برونئی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملیشیا، میانمار، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویتنام شامل ہیں جبکہ ڈائیلاگ شراکت دار ممالک میں آسٹریلیا، کناڈا، چین، یوروپی یونین، بھارت، جاپان، جمہوریہ کوریا، نیوزی لینڈ، روس، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔ میٹنگ کے دوران ڈجیٹل شمولیت اور اتحاد کے جذبے کے ساتھ علاقائی ڈجیٹل اشتراک کو مضبوط بنانے سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلہ خیالات اور غوروخوض کیا گیا۔
ڈجیٹل وزراء کے اس ممتاز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، جناب دیوو سنگھ چوہان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اطلاعاتی اور مواصلاتی تکنالوجیاں شہریوں اور ملک کے مابین افزوں رابطہ کاری کے ذریعہ جمہوری نظام اور اداروں کو تقویت بہم پہنچاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی ٹی کا استعمال آزادی اظہار، انسانی حقوق اور اطلاعات کی آزادانہ روانی کو فروغ دیتا ہے، ساتھ ہی اس کا استعمال فیصلہ سازی کے عمل میں شہریوں کے لیے مواقع میں اضافہ کرتا ہے اس کے علاوہ یہ دیہی علاقوں میں آباد لوگوں کی زندگیوں میں تغیر لانے کے مضمرات کا حامل بھی ہے۔
وزیر موصوف نے محترم وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی اس تصوریت کا ذکر کیا، جس کے تحت ملک کی ترقی کے لیے تکنالوجی پر مبنی مختلف حل کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اپنے خطاب میں جناب چوہان نے کہا کہ کووِڈ۔19 نہ صرف صحت عامہ کے نظام کے لیے چنوتی ہے، بلکہ یہ متعدد ممالک کے اقتصادی اور سماجی ڈھانچے کو بھی متاثر کر رہا ہے۔ اس منظرنامے کے تحت، اطلاعاتی اور مواصلاتی تکنالوجیاں (آئی سی ٹی)ایک مضبوط وسیلے کے طور پر سامنے آئی ہیں، جو زندگی کے مختلف پہلوؤں پر وبائی مرض کے اثرات کو کم کرنے میں اہل ہیں اور عالمی معیشت کے لیے بنیاد فراہم کرتی ہیں۔
وزراء کی اس میٹنگ میں بھارت ۔ آسیان ڈجیٹل عملی منصوبہ 2022 کو منظوری دے دی گئی۔ عملی منصوبے میں سرقہ کیے گئے اور نقلی موبائل ہینڈ سیٹوں کے استعمال سے نمٹنا، ملک گیر پبلک انٹرنیٹ کے لیے وائی فائی نیٹ ورک انٹرفیس نظام تیار کرنا، صلاحیت سازی اور اطلاعاتی و مواصلاتی تکنالوجیوں کےمیدان میں ابھرنے والے شعبوں کے بارے میں جانکاری ساجھا کرنا، جیسے انٹرنیٹ آف تھنگس، 5جی، جدید سیارچہ مواصلات، سائبر فارینسک، وغیرہ سے متعلق نظام شامل ہیں۔اطلاعاتی اور مواصلاتی تکنالوجیوں میں جاری اور مجوزہ پروجیکٹس بھارت اور آسیان ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنائیں گے۔
************
ش ح۔اب ن ۔ م ف
U. No. 844
(Release ID: 1793484)
Visitor Counter : 189