ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت

فاریسٹ آفیسرز کو بے آواز لوگوں کی آواز بننے اور ملک کے وسیع قدرتی وسائل کے مالکان    نہیں بلکہ ٹرسٹی کی حیثیت سے کام کرنے کی ضرورت ہے: جناب  بھوپیندر یادو


بھوپیندر یادو نے انڈین فاریسٹ سروس کے  زیر تربیت افسران سے خطاب کیا

Posted On: 17 JAN 2022 5:29PM by PIB Delhi

ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا کی  تبدیلی کے وزیر جناب بھوپیندر یادو نے آج کہا کہ فاریسٹ آفیسرز کو بے آواز لوگوں کی آواز بننے اور  ایک ایسے نقطہ نظر کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے جو مقامی کمیونٹی کی خواہشات اور ضروریات کے تئیں سنجیدہ ، انسانی ہمدردی سے بھرپور اور حساس ہو۔ وزیر موصوف ، اندرا گاندھی نیشنل فاریسٹ اکیڈمی، دہرادون میں 2020 کے 64  ویں بیچ کے انڈین فاریسٹ سروس (آئی ایف ایس)  کے زیر تربیت افسران سے  ورچووئل طریقے سے خطاب کر رہے تھے۔

نوجوان افسروں سے خطاب کرتے ہوئے  جناب یادو نے کہا کہ ملک موجودہ  قومی قیادت کے تحت ترقی کے تمام  شعبوں میں  انقلابی تبدیلی کا خواہاں ہے اور ساتھ ہی ساتھ مختلف ماحولیاتی محاذ پر چیلنجوں اور بحرانوں اور ان کے مظاہر مثلاً  آب و ہوا  کی تبدیلی، زمین کے بنجر ہونے، آلودگی اور حیاتیاتی تنوع کے نقصان جیسے معاملات سے  بھی نمٹ رہا ہے  ۔ اسی لیے موجودہ دور میں ان کا کردار پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے اور اس پر عمل کرنے میں اور بھی اہم ہو جاتا ہے۔

مرکزی وزیر ماحولیات نے کاربن کے اخراج، کاربن  کے صفر اخراج کی ڈیٹ لائن، شمسی توانائی کے تناسب اور توانائی کے مرکب میں دیگر ماحول دوست ذرائع، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، صحرا سے نمٹنے اور بنجر زمین کی بازیابی  وغیرہ سے متعلق وعدوں اور اہداف پر  روشنی ڈالی۔ انہوں نے  افسران سے کہا کہ وہ ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے تخلیقی اور اختراعی خیالات کے ساتھ آگے آئیں۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سرکاری نظام کی ایک مضبوط، قابل اور اہل  افرادی قوت کے طور پر نوجوان آئی ایف ایس  افسران کو اپنے دائرہ اختیار کے تحت جنگلاتی علاقے میں رہنے والی برادریوں اور دیگر شہریوں کے تئیں  بھی فعال طور پر  معاشرتی مرکوز/شہریوں پر  مبنی اور انہیں سہولت بہم پہنچانے والا بننے کی ضرورت ہے۔

وزیر مملکت جناب  اشونی کمار چوبے نے  بھی زیر تربیت افسران سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگل میں رہنے والی برادریوں  اور دیگر  لوگوں کے ساتھ  مل کر کام کرنے کے بہت سے شعبے ہیں، جہاں ایک ہمدردانہ، ذمہ دارانہ، تعاون پر مبنی نقطہ نظر اپنانے اور فرائض کی انجام دہی کی کلیدی بنیاد ہونی چاہیے اور اس سارے عمل میں انسانی ہمدردی کے ساتھ ساتھ زیادہ ایماندارانہ  اور شہریوں پر  مرکوز  نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے۔

ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا کی  تبدیلی کی وزارت کی سکریٹری محترمہ لیلا نندن اور  ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا کی  تبدیلی کی وزارت میں  ڈائریکٹر جنرل (جنگلات) اور  اسپیشل سکریٹری   جناب سی پی گوئل نے  زیر تربیت  افسران سے  خطاب کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ م ع۔ ن ا۔

U-501               



(Release ID: 1790654) Visitor Counter : 128


Read this release in: English , Hindi , Tamil , Telugu