وزارت خزانہ
انکم ٹیکس کے محکمہ نے ہریانہ میں تلاشی اور ضبطی کی کارروائی انجام دی
Posted On:
17 JAN 2022 5:53PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 17/جنوری 2022 ۔ انکم ٹیکس کے محکمہ نے پلائی ووڈ / پلائی بورڈ، ایم ڈی ایف بورڈ، انورٹر اور موٹر گاڑیوں کی بیٹریوں کے مینوفیکچرنگ اور سیسہ کی صفائی کے کام سے وابستہ متعدد کاروباری گروپوں کے یہاں 11 جنوری 2022 کو تلاشی اور ضبطی کی کارروائی انجام دی۔ یمنانگر، امبالا، کرنال اور موہالی جیسے شہروں میں 30 سے زیادہ احاطوں میں پھیلے ہوئے ایسے کاروباری گروپوں کا اس تلاشی مہم کے دوران احاطہ کیا گیا۔
تلاشی کی کارروائی کے دوران متعدد قابل اعتراض دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد پائے گئے اور جنھیں پلائی ووڈ کے کاروبار سے متعلق اداروں کے یہاں سے ضبط کیا گیا۔ ضبط کئے گئے سامانوں میں متوازی اکاؤنٹ بکس بھی شامل ہیں جن میں خرید و فروخت اور اجرت کی ادائیگی اور ان گروپوں کے دیگر اخراجات کے نقد لین دین سے متعلق اندراجات ہیں۔ ان میں غیرمنقولہ جائیدادوں میں سرمایہ کاری سے متعلق لین دین کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ ان شواہد سے ان گروپوں کے طریقہ کار کی بھی وضاحت ہوتی ہے کہ کیسے یہ گروپ حقیقی فروخت سے تقریباً 40 فیصد تک کم خرید دکھاکر نقدی کا حصول کرتے تھے۔ ان قابل اعتراض شواہد کے ابتدائی تجزیے سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ اس گروپ نے گزشتہ تین برسوں کے دوران 400 کروڑ روپئے تک کی فروخت کو چھپانے کا کام کیا ہے۔
جہاں تک مینوفیکچرنگ کے معاملے کا تعلق ہے، تو ٹیم نے اجرت کی ادائیگی اور تقریباً 110 کروڑ روپئے کے خام مال کی نقد خرید سے متعلق قابل اعتراض شواہد کا پتہ لگایا۔ یہ وہ خرید ہے جس کا اندراج اکاؤنٹ بک میں نہیں ہے۔ بیٹری مینوفیکچرنگ اور سیسہ کی صفائی اور اس سے متعلقہ اداروں کا جہاں تک تعلق ہے تو ایسی کمپنیوں سے جن کا سرے سے وجود ہی نہیں ہے، 40 کروڑ روپئے سے زیادہ کی مشکوک خریداری کی بھی نشان دہی ہوئی ہے۔
ان شواہد کو ایک دوسرے کے ساتھ مربوط کرنے سے اس بات کا انکشاف بھی ہوتا ہے کہ اس طریقے سے جو بے حساب نقدی حاصل کی گئی اسے منظم طریقے سے پلائی ووڈ اور سیسہ کی صفائی کے کاروبار سے وابستہ اہم شخصیات کے ذریعے غیرمنقولہ جائیدادوں کی خرید میں لگایا گیا۔
تلاشی کی کارروائی کے نتیجے میں 6.60 کروڑ روپئے سے زیادہ کی بے حساب نقدی اور 2.10 کروڑ روپئے کے زیورات برآمد کئے گئے ہیں۔ کل ملاکر 22 بینک لاکروں کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور ان کی جانچ کی جانی ابھی باقی ہے۔
آگے کی جانچ ہے۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO.484
(Release ID: 1790564)
Visitor Counter : 147