نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر جمہوریہ نے ہندوستان میں مالیاتی خواندگی میں بہتری لانے پر زور دیا


نائب صدر جمہوریہ نے ملک کی اقتصادی ترقی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے رول کی ستائش کی

کاروباری برادری کو ضابطوں پر عمل کرنے کے لئے رہنمائی کرنے میں چارٹرڈ کھاتوں کی ایک بڑی ذمہ داری ہے:نائب صدر جمہوریہ

فیصلہ لینے میں اخلاقی متبادل ، اقدار اور روایتوں کا مظاہرہ کریں:آئی سی اے آئی طلباء سے نائب صدر جمہوریہ

جناب نائیڈو نے کہا کہ اگر آپ میں ذہانت اور صلاحیت ہے اور اِس میں کردار بھی شامل ہیں تو آپ کسی بھی شعبے میں بلندی حاصل کرسکتے ہیں

تمام پیشوں کا آخری مقصد لوگوں کی زندگی کو زیادہ خوشحال اور زیادہ آرام دہ بنانا ہے: جناب نائیڈو

نائب صدر جمہوریہ نے ارناکولم میں آئی سی اے آئی بھون کا سنگ بنیاد رکھا

Posted On: 03 JAN 2022 5:43PM by PIB Delhi

نئی دہلی،03؍جنوری؍2022:

 

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج لوگوں کے درمیان مالیاتی خواندگی میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ جیسے پیشہ وروں سے لوگوں کے بڑے فوائد کےلئے مالیاتی ضابطوں اور قوانین کو عام اور آسان زبان میں سمجھاتے ہوئے اِس سمت میں کام کرنے پر اِصرار کیا۔

آج کیرالہ کے ارناکولم  میں آئی سی اے آئی  بھون کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ روزانہ کی زندگی میں مالیات اور حساب کتاب جیسے موضوعات سے نمٹنے کے دوران کئی طرح کے پیچیدہ قوانین اور ضابطوں سے نمٹنا پڑتاہے۔اِس سلسلے میں اُنہوں نے جی ایس ٹی جیسی اِصلاحات کے توسط سے کاروباری ماحول کو آسان بنانے کےلئے حکومت کی کوششوں کی ستائش کی اور سی اے پیشہ وروں سے پالیسی سازی کے عمل سے لے کر زمینی سطح پر اِ س کی عمل آوری تک ضابطوں کی اِس تبدیلی میں سرگرم رول ادا کرنے پر زور دیا۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی کاروباری برادری کو ضابطوں اور قوانین پر عمل کرنے کے لئے رہنمائی کرنے کی ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ کچھ کالی بھیڑیں پوری کاروباری برادری کو بدنام کرتی ہیں۔ اُنہوں نے طلباء کو سخت محنت کرنے ، ڈسپلن کے ساتھ رہنے اور قانون پر عمل کرنے کی صلاح دی۔جناب نائیڈو نے کیرالہ کی اُن نرسوں کی مثال دی ، جنہوں نے پوری دنیا میں اپنی سخت محنت سے اچھا نام کمایا ہے اور کہا ’’اگر آپ میں ذہانت اور صلاحیت ہے اور اِس میں کردار بھی شامل ہوں تو آپ کسی بھی شعبے میں اعلیٰ مقام حاصل کرسکتے ہیں۔‘‘

قوم کی اقتصادی ترقی میں اکاؤنٹنٹ کے رول کی ستائش کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے اُنہیں ’قومی تعمیر میں قابل فخر شراکت دار‘قرار دیا۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ بدلتے وقت کے ساتھ اُن کے پیشے کے لئے نئے شکوک آتے رہتے ہیں، اُنہوں نے اُنہیں فیصلہ لینے میں اخلاقی متبادل ، قدروں اور روایتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کی۔

اُنہوں نے کہا کہ اپنے ملازمین اور ممبروں کی سخت محنت اور وقف کے ساتھ آئی سی اے آئی تعلیم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے شعبے میں سب سے باوقار اداروں میں سے ایک کی شکل میں اُبھرا ہے۔ دنیا میں دوسری سب سے بڑی اکاؤنٹنگ باڈی بننے کے لئے آئی سی اے آئی کی ستائش کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے اِس حقیقت پر مسرت ظاہر کی کہ اِس کی تقریباً 27.85فیصد ممبر خاتون ہیں اور 42.30فیصد طالبات لڑکیاں ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ایک صحت مند روایت ہے اور اسے بنائے رکھاجانا چاہئے۔

پچھلے 54برسوں میں اپنی اعلیٰ خدمات کے لئے آئی سی اے آئی کی اَرناکولم شاخ کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے اُمید ظاہر کی کہ مجوزہ عمارت خطے میں طلباء کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ضرورتوں کو پورا کرے گی۔

فائننس ، اکاؤنٹنگ  اور آڈیٹنگ  کے شعبے میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کو سب سےز یادہ مانگ والے پیشہ ور کے طورپر قرار دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے اُن سے یہ خواہش کی کہ وہ نئی تکنیک سمیت اپنے شعبے میں جدید ترقی کےساتھ جڑے رہیں۔ انہوں نے کہا ’’چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی نئی نسل کو  انتہائی تکنیکی دوست، اختراعی اور اُسے اختیار کرنے والا ہونا چاہئے۔‘‘

یہ دوہراتے ہوئے کہ تمام ٹیکنالوجی اور تمام پیشوں کا بنیادی مقصد لوگوں کی زندگی کو خوشحال اور زیادہ سے زیادہ آرام دہ بنانا ہے۔نائب صدر جمہوریہ نے مثال دی کہ جے اے ایم ٹرینٹی  اور ڈی بی ٹی نے کس طرح ہمارے ملک میں لاکھوں غریبوں کی زندگیوں کو بدل دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا ’’اِس نے مختلف سرکاری منصوبوں میں جو چھید تھا ، اُسے بند کیا ہے اور لوگوں کے لئے خدمات کی تقسیم کو آسان اور پریشان سے آزاد بنادیا ہے۔‘‘

اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہ ہندوستانی معیشت کووڈ-19 کے سبب لگنے والے غیر متوقع جھٹکے سے تیزی سے باہر آرہی ہے۔جناب نائیڈو نے کہا کہ کووڈ کے بعد کے پس منظر میں ملک پوری دنیا کو گونا گوں توانائی کے ساتھ پوری دنیا کو متوجہ کرنے والی صنعتوں کی ایک نئی کہانی پیش کرسکتاہے۔اُنہوں نے کہا’’ایک طرف حکومت طویل مدتی نقطہ نظر اور مکمل عہد بندی کے ساتھ کام کرتی ہے۔ یہ ضروری ہے کہ آئی سی اے آئی جیسے ادارے اُس سوچ کے ساتھ خود کو شامل کریں۔‘‘

ہندوستانی آزادی کے 75ویں سال کے موقع پر جاری ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے تمام لوگوں سے اِس قومی مہم میں شامل ہونے اور اِسے آتم نر بھر بھارت کے جذبے سے متحرک ایک عوامی تحریک بنانے پر زور دیا ۔

اس موقع پر پارلیمانی امور اور خارجہ امور کے وزیرمملکت جناب وی مورالی دھرن، کیرالہ حکومت کے وزیر صنعت  جناب پی راجیو، لوک سبھا کے ممبر پارلیمنٹ سی اے تھامس چازی کادن، لوک سبھا کے  ممبر پارلیمنٹ جناب ہیبی اِیڈن، کوچی میونسپل کارپوریشن کے میئر جناب ایم انل کمار، آئی سی اے آئی کے صدر سی اے نہار این جمبوساریہ، آئی سی اے آئی کے نائب صدر ، سی اے ڈاکٹر دیباشیش متھرا، آئی سی اے آئی کی اسی آئی آر سی شاخ ارناکولم کے چیئرمین  سی اے رینجت آر ویریئر، آئی سی اے آئی کی پی ڈی سی کمیٹی کے چیئرمین اور سینٹر کونسل ممبر سی اے بابو ابراہم کلّی وایالی،  طلباء اور دیگر اہم شخصیات تقریب میں موجود تھیں۔

 

************

 

 

 

ش ح۔ج ق۔ن ع

(U: 67)



(Release ID: 1787228) Visitor Counter : 117