وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

انکم ٹیکس محکمے نے چھتیس گڑھ میں تلاشی کی کارروائیاں انجام دیں  

Posted On: 29 DEC 2021 2:52PM by PIB Delhi

نئی دلّی ،29 دسمبر/ انکم ٹیکس محکمے نے رائے پور اور کوربا  کے دو معروف گروپوں کے خلاف 22 دسمبر ، 2021 ء کو  تلاشی اور ضبطی  کی کارروائیاں انجام دیں ۔ یہ گروپ  لوہے اور اسٹیل کی مصنوعات تیار کرنے ، کوئلے کی دھلائی اور نقل و  حمل وغیرہ کے کاروبار میں مصروف ہے  ۔ تلاشی کی کارروائیاں  چھتیس گڑھ کے رائے پور ، کوربا   ، بلاس پور اور رائے گڑھ اضلاع میں واقع  35 سے زیادہ مقامات پر انجام دی گئیں  ۔

          ایک گروپ  کے یہاں تلاشی کی کارروائیوں میں  متوازی  کیش بک  سمیت مختلف  دستاویزات اور  ڈجیٹل شواہد  ضبط کئے گئے ہیں ۔  ان کیش بُکس کی ابتدائی جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ اِس میں  200 کروڑ روپئے سے زیادہ کے بغیر  حساب کتاب والے لین دین کا ریکارڈ ہے ۔ جمع کئے گئے شواہد  سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ اِس گروپ  کی کچھ اکائیاں  حقیقی پیداوار کو کم کرکے دکھانے اور  بغیر کھاتوں کے نقد رقم میں فروخت کرنے  میں مصروف ہیں ۔ ایک ایسی ہی اکائی کے معاملے میں متوازی کھاتوں کی کتابوں سے تقریباً 50 کرو ڑ روپئے کے لین دین کا انکشاف ہوا ہے  ، جنہیں  اصل کھاتوں میں نہیں دکھایا گیا ہے ۔ تلاشی کی ٹیم نے یہ بھی پایا ہے کہ یہ گروپ  متعلقہ گروپ اکائیوں سے ، جو نقل و حمل  وغیرہ میں مصروف ہیں ، جعلی خریداری  کی انوائس حاصل کرکے قابل ٹیکس آمدنی   پر ٹیکس کی چوری کر رہا ہے ۔ 

          دوسرے گروپ  سے متعلق  قابل اعتراض دستاویزات اور دیگر شواہد  کے تجزیے سے  یہ پوری طرح واضح ہوتا ہے کہ یہ گروپ   شیئر کیپٹل حاصل کرکے اور جعلی خریداری  کے اخراجات دکھا کر شیئر کی قسطوں  وغیرہ کے ذریعے آمدنی  پر ہونے والے ٹیکس  کو مختلف طریقوں سے بچا رہا ہے ۔  اس گروپ کے ایک کلیدی  شخص نے  20 کروڑ روپئے کی  بغیر حساب کتاب والی آمدنی کو قبول کیا ہے ۔

          اب تک  تلاشی کی کاررائی سے 3 کروڑ روپئے سے زیادہ کی نقد رقم  اور زیورات  ضبط کئے گئے ہیں ، جن کے بارے میں کوئی حساب کتاب نہیں ہے ۔

          مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح  ۔ و ا ۔ ع ا ) (29-12-2021)

U. No.  14949

 


(Release ID: 1786166) Visitor Counter : 172


Read this release in: English , Hindi , Telugu