نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
مصنف کے الفاظ سے معاشرے میں فکر انگیز بحث کا آغاز ہونا چاہیے، ان سے غیر ضروری تنازعات جنم نہیں لینے چاہئیں: نائب صدر جمہوریہ
اظہار رائے کی آزادی کا استعمال کرتے ہوئے لسانی شائستگی اور آداب کا خیال رکھیں: جناب وینکیا نائیڈو
اظہار رائے کی آزادی کو ذمہ داری سے استعمال کریں، کسی کے عقیدے یا جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائیں: نائب صدر جمہوریہ
مصنفین اور مفکرین ملک کا فکری سرمایہ ہیں: نائب صدرجمہوریہ
تمام بھارتی زبانیں قومی زبان ہیں: نائب صدر
نائب صدر نے بھارتی زبانوں کے درمیان مکالمے کی اپیل کی، یونیورسٹیوں سے نصاب میں دیگر بھارتیزبانوں میں کاموں کے ترجمے کو شامل کرنے پر زور دیا
نائب صدر جمہوریہ نے قومی ذرائع ابلاغ سے تمام بھارتی زبانوں اور ان کے ادب کو جگہ دینے کی اپیل کی
نائب صدر نے جناب وشوناتھ پرساد تیواری کو ان کی سوانح عمری "استی اور بھَوَتی" کے لیے 33 واں مورتی دیوی سمان پیش کیا
Posted On:
18 DEC 2021 6:42PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 18 دسمبر 2021:
نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج آزادی اظہار کو ذمہ داری سے استعمال کرنے اور دوسروں کے عقیدے یا جذبات کو ٹھیس نہ پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ جناب نائیڈو نے فرد کے عوامی اظہار میں الفاظ کی شائستگی کا خیال رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ مصنفین اور مفکرین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ معاشرے میں فکر انگیز بحث کا آغاز کریں گے نہ کہ تنازعات کو جنم دیں گے۔
نائب صدر جمہوریہ نے درج بالا باتیں آج نئی دہلی کے ساہتیہ اکیڈمی آڈیٹوریم میں بھارتیہ گیان پیٹھ کے زیر اہتمام 33 ویں مورتی دیوی ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ ہندی کے ممتاز مصنف جناب وشوناتھ پرساد تیواری کو ان کے شاندار کام "استی اور بھَوَتی" کے لیے اس سال کے مورتی دیوی سمان سے نوازا گیا۔
اس موقع پر جناب نائیڈو نے مصنفین اور مفکرین کو قوم کا فکری سرمایہ قرار دیا جو اسے اپنے تخلیقی خیالات اور ادب سے ثروت مند کرتے ہیں۔ انھوں نے 'لفظ' اور 'زبان' کو انسانی تاریخ کی اہم ترین ایجادات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادب ایک معاشرے کی فکری روایت کا زندہ وسیلہ ہے۔ "ایک معاشرہ جتنا زیادہ مہذب ہوگا، اس کی زبان بھی اتنی ہی بہتر ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ معاشرے کو جتنا بیدار کیا جائے گا، اس کا ادب اتنا ہی وسیع تر ہوگا۔
ملک کے بھرپور لسانی تنوع کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے اسے بھارت کی قومی طاقت قرار دیا جس نے ہمارے ثقافتی اتحاد کی تشکیل کی ہے۔ انھوں نے بھارتی زبانوں کے درمیان مکالمے میں اضافے کی خوہاش کیاور مشورہ دیا کہ ہر فرد کو دیگر بھارتی زبانوں کے کچھ الفاظ، محاورے اور جملے سیکھنے چاہئیں۔ انھوں نے اسے ملک کے لسانی اور جذباتی اتحاد کے لیے ایک اہم مشق قرار دیا۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہر بھارتی زبان 'قومی زبان' ہے، نائب صدر جمہوریہ نے قومی ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ تمام بھارتی زبانوں اور ان کے ادب کو مناسب جگہ دیں۔
بھارت کی شاندار ثقافت اور اقدار اور اخلاقیات کے احترام کی روایت پر زور دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے مصنفین کو ملک میں ثقافتی نشاۃ ثانیہ کے ذریعے ان خوبیوں کو بحال کرنے کی تلقین کی۔ دھرم کا مطلب بیان کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ دھرم مذہب نہیں بلکہ یہ ہم سب پر عائد کردہ فریضہ ہوتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی اپنے فرائض تندہی سے انجام دے رہا ہے تو وہ حقیقی معنوں میں محب وطن ہے۔
بھارتی زبانوں میں ادب کے ترجمے اور فروغ کے لیے ساہتیہ اکیڈمی جیسے اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ اس سمت میں مزید کوششوں کی ضرورت ہے اور اس کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیوں سے مکمل فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ دیگر بھارتی زبانوں سے ترجمہ شدہ ادبی کاموں کو ہمارے یونیورسٹی کے نصاب میں شامل کیا جانا چاہیے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یونیورسٹی کی تحقیق سے معاشرے کو بڑے پیمانے پر فائدہ ہونا چاہیے، نائب صدر جمہوریہ نے تحقیقی مقالوں کو کتابی شکل میں شائع کرنے پر زور دیا۔ گذشتہ چند برسوں کے دوران کئی شہروں میں منعقد ہونے والے ادبی میلوں یا لٹ فیسٹ کا ذکر کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ ان لٹ فیسٹ نے نوجوان مصنفین کو اپنی تخلیقات سماج اور میڈیا کے سامنے پیش کرنے کا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔
اس تقریب کے دوران بھارتیہ گیان پیٹھ کے صدر جسٹس وجندر جین، بھارتیہ گیان پیٹھ کے منیجنگ ٹرسٹی جناب ساہو اکھلیش جین اور دیگر معززین موجود تھے۔
****
(ش ح- ع ا - ع ر)
U. No. 14492
(Release ID: 1783088)
Visitor Counter : 146