وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav g20-india-2023

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے سی ایس آر کونکلیو کے دوران مال سال 2020-21 کے لئے مسلح افواج یوم پرچم فنڈ میں نمایاں تعاون دینے والوں کی عزت افزائی


سابق فوجیوں، ویر ناریوں اور ان کے منحصرین کی فلاح و بہبود کے لئے فیاضی کے ساتھ عطیات دینے کی اپیل

Posted On: 02 DEC 2021 5:24PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  2/دسمبر 2021 ۔

وزیر دفاع کی تقریر کی اہم جھلکیاں:

  • ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ جنگوں کے دوران اور سرحد پار دہشت گردانہ سرگرمیوں کی روک تھام کرکے بھارت کی سالمیت اور اقتدار اعلیٰ کی حفاظت کی ہے
  • یہ ہماری اخلاقی ذمے داری ہے کہ ہم جنگی مشاہیر، ویر ناریوں اور ان کے منحصرین کی مدد کریں
  • جس طرح سے ہماری حفاظت کی ذمے داری ہماری افواج پر ہے اسی طرح ان کے اہل خانہ کی ذمے داری ہمارے اوپر ہے
  • نجی شعبے کو حکومت کی پالیسیوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے  اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہئے

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے نئی دہلی میں 2 دسمبر 2021 کو مسلح افواج یوم پرچم کارپوریٹ سماجی ذمے داری (سی ایس آر) کونکلیو کے تیسرے ایڈیشن کے دوران مالی سال (ایف وائی) 2020-21 کے دوران مسلح افواج یوم پرچم فنڈ (اے ایف ایف ڈی ایف) میں نمایاں تعاون دینے والوں کی عزت افزائی کی۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے چیئرمین جناب دنیش کھارا اور سن ٹی وی گروپ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر محترمہ کاویری کلاندھی ایسے معروف چندہ دہندگان میں شامل ہیں جن کی اس موقع پر عزت افزائی کی گئی۔

اپنی تقریر میں جناب راج ناتھ سنگھ نے ان سبھی کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے اے ایف ایف ڈی ایف میں گراں قدر تعاون دیا اور سابق فوجیوں، ویر ناریوں اور ان کے منحصرین کی بازآبادکاری و فلاح و بہبود کے لئے مزید فیاضی کے ساتھ عطیات دینے کی اپیل کی۔ انھوں نے جنگوں کے دوران اور سرحد پار سے دہشت گردانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے دوران ملک کی سالمیت اور اقتدار اعلیٰ کا دفاع کرنے کے لئے مسلح افواج کی شجاعت اور قربانی کی ستائش کی۔ انھوں نے قوم کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کردینے والے بہادر سپاہیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر دفاع نے کانٹیکٹ ٹریسنگ میں سول ایڈمنسٹریشن کی رضاکارانہ مدد، کمیونٹی سرویلانس، کووڈ-19 کی وبا کے خلاف جنگ کے دوران متعدد مقامات پر قرنطینہ مراکز کے بندوبست کے لئے سابق فوجیوں کی ستائش کی۔ یہ کہتے ہوئے کہ سابق فوجیوں سمیت مسلح افواج کے عملے کو حکومت سبھی ممکنہ مدد بہم پہنچارہی ہے، انھوں نے ان کی فلاح و بہبود کو ایک سماجی ذمے داری اور لوگوں کا اخلاقی فریضَہ قرار دیا کہ وہ آگے آئیں اور فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی مدد کریں۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جس طرح ہمارے تحفظ کی ذمے داری ہمارے فوجیوں پر ہے، اسی طرح سے ان کی اور ان کے اہل خانہ کی ذمہ داری ہمارے اوپر ہے۔ ’گورو ماہ‘ جسے سینک بورڈوں کے ذریعے ملک بھر میں منایا جاتا ہے، اس سماجی ذمے داری کی انجام دہی کا ایک طریقہ ہے۔ اپنے ملک کی حفاظت کے تئیں اپنی ذمے داری پوری کرنے کے لئے ہمیں بڑے اور کھلے ذہن کے ساتھ آگے آنا چاہئے۔ ہمیں اپنی ذاتی اور ادارہ جاتی شہرت سے اوپر اٹھ کر اپنے ملک اور اپنے فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہئے۔

وزیر دفاع نے آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد مسلح افواج کے لئے عوام الناس کے ذریعے کئے گئے تعاون کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ جذبہ ہمیشہ بھارتی روایات کا حصہ رہا ہے۔ انھوں نے ’بھارت کے ویر‘ کا ذکر کیا جس کا آغاز انھوں نے مرکزی مسلح پولیس دستوں کے افسروں اور جوانوں کی بہبود کے لئے اس وقت کیا تھا جب وہ وزیر داخلہ تھے۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے صنعت اور پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگ کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ دفاعی شعبے میں نجی شعبے کی شراکت داری کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے ذریعے بنائی گئی پالیسیوں کا فائدہ اٹھائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ملک کی ترقی میں نجی شعبے کی طاقت اور ان کے رول کو تسلیم کیا ہے۔ 2014 سے ہم نے نجی شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی ہے۔ دفاعی شعبہ اب آپ کے خیرمقدم کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ آپ کی ترقی اس ملک کی ترقی کو یقینی بنائے گی اور طویل مدت میں یہ مسلح افواج کے امپاورمنٹ کا ذریعہ بنے گی۔ اس میں سبھی کا فائدہ ہی فائدہ ہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے دفاع کے وزیر مملکت جناب اجے بھٹ نے اے ایف ایف ڈی ایف میں رضاکارانہ تعاون کی ستائش کی۔ انھوں نے عطیہ دہندگان سے اپیل کی کہ وہ برسرکار اور سبکدوش مسلح افواج کے عملے کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے ویژن کے شریک بنے رہیں۔ انھوں نے سرحدوں کے تحفظ کے لئے مسلح افواج کے نظم و ضبط، تندہی اور صلاحیتوں اور قدرتی و غیر قدرتی آفات کے دوران ان کے اہم تعاون کی ستائش کی۔

سکریٹری (سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود) جناب بی آنند نے اے ایف ایف ڈی ایف کے ذریعے چلائی جارہی 17 اسکیموں پر روشنی ڈالی جن میں مالی گرانٹ، تعلیمی گرانٹ اور شادی گرانٹ شامل ہیں، جس سے سابق فوجیوں، جنگی بیواؤں اور ان کے منحصرین کی مدد ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجموعی طور پر سالانہ ان 17 اسکیموں کی مالی اعانت کے لئے 210 کروڑ روپئے کی ضرورت ہوتی ہے، تاہم اے ایف ایف ڈی ایف ہر سال محض 95 کروڑ روپئے ہی حاصل کرپاتا ہے۔ انھوں نے مستفیدین کی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے اس فنڈ میں فیاضانہ طور پر تعاون کی اپیل کی۔

مالی سال 2020-21 میں 32.86 کروڑ روپئے کی عطیات موصول ہوئیں، جبکہ مالی سال 2019-20 میں 47.73 کروڑ کی عطیات ملی تھیں۔ مالی سال 2020-21 میں تقریباً 133 کروڑ روپئے 38000 انفرادی مستفیدین کے مابین تقسیم کیے گئے۔ کرکی اور موہالی میں پیراپلیجک ری ہیبلٹیشن سینٹرز، دہرادون، لکھنؤ اور دہلی میں چیشائر ہومز اور ملک بھر میں 36 وار میموریل ہاسٹل کے لئے ادارہ جاتی گرانٹس دستیاب کرائی گئیں۔

مسلح افواج یوم پرچم سی ایس آر کونکلیو کا مقصد وزارت دفاع کے سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے محکمہ کے ذریعہ سابق فوجیوں، بیواؤں اور ان کے منحصرین کی بازآبادکاری، ری سیٹلمنٹ اور فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کرنا اور ان کوششوں کے لئے سی ایس آر سپورٹ حاصل کرنا ہے۔

کیندریہ سینک بورڈ کے سکریٹری ایئر کموڈور بی اہلووالیا، وزارت دفاع کے دیگر سینئر سول و ملیٹری اہلکار اور کارپوریٹ و نجی شعبے کے نمائندے کونکلیو کے دوران موجود تھے۔

 

 

******

 

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO.13657



(Release ID: 1777494) Visitor Counter : 144


Read this release in: English , Hindi