صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
منگولیا کے پارلیمانی وفد کی صدر جمہوریہ سے ملاقات
Posted On:
01 DEC 2021 6:02PM by PIB Delhi
نئی دہلی، یکم دسمبر 2021 ۔ اسٹیٹ گریٹ ہیورل آف منگولیا کے چیئرمین عالی جناب گومبوجو ژدن شاتر کی قیادت میں ایک پارلیمانی وفد نے آج (یکم دسمبر 2021) راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔
بھارت میں وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت اور منگولیا کے درمیان تہذیبی، تاریخی، روحانی اور ثقافتی رشتے ہیں۔ مشترکہ اقدار اور جمہوریت و حریت کے تصورات ہمارے رشتوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ منگولیا کے ’تیسرے پڑوسی‘ اور ’روحانی پڑوسی‘ ہونے کے ناطے بھارت منگولیا کے ساتھ اپنی اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید گہرا بنانے کے لئے مسلسل تعاون کا منتظر ہے۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس دورے سے ہمارے دو طرفہ تعلقات کی عظمت میں مزید اضافہ ہوگا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ بدھ ازم بھارت اور منگولیا کے درمیان ایک خصوصی تعلق کا باعث ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کے مسودات کے قومی مشن نے منگولیا کے کنجور مسودات کی طباعت کا کام شروع کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت گینڈن موناسٹری میں موجود بودھ مسودات کی ڈیجیٹل کاری میں تعاون دے رہا ہے۔
آب و ہوا کی تبدیلی کے عالمی مسئلے کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ آب و ہوا کی تبدیلی کا اثر ہمارے جیسے ترقی پذیر ملکوں پر خاص طور سے زیادہ ہوگا، لہٰذا یہ ضروری ہے کہ ہم ایسے مشترکہ مسائل کے تدارک کے لئے مل جل کر کام کریں۔ انھوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ منگولیا نے بین الاقوامی شمسی اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
منگولیا میں بھارت کے ذریعے شروع کئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے منگولیا میں آئل ریفائنری پروجیکٹ کے تعلق سے ہوئی پیش رفت پر مسرت کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ بھارت – منگولیا کے درمیان مضبوط تعاون اور اسٹریٹیجک شراکت داری کی ایک علامت ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت اس پروجیکٹ کی مقررہ وقت پر تکمیل کے تئیں پابند عہد ہے، کیونکہ اس سے منگولیا کے توانائی تحفظ کے کام میں زبردست اضافہ ہوگا۔
کووڈ-19 کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لئے بھارت اور منگولیا کے درمیان باہمی تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صدر موصوف نے کہا کہ منگولیا کی حکومت کے ذریعے دوسری لہر کے دوران دیے گئے بروقت اور گراں قدر تعاون کی ہم ستائش کرتے ہیں۔ انھوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ بھارت ٹیکوں اور دواؤں کی سپلائی کے ذریعے منگولیا کی مدد کرسکتا ہے۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO.13590
(Release ID: 1776969)
Visitor Counter : 173