صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

ایچ بی ٹی یو جیسے اداروں کو اپنے طلباء میں اختراعی اور کاروباری صلاحیت کا جذبہ پیدا کرنا چاہئے: صدر جمہوریہ   کووند


صدر جمہوریہ ہند  نےہارکورٹ بٹلر ٹیکنیکل یونیورسٹی، کانپور کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کی

Posted On: 25 NOV 2021 2:11PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے کہا کہ ایچ بی ٹی یو جیسے اداروں کو اپنے طلبہ میں اختراع اور  کاروباری  صلاحیت کا جذبہ  پیدا کرنا چاہیے۔ وہ آج (25 نومبر 2021) کانپور میں ہارکورٹ بٹلر ٹیکنیکل یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایچ بی ٹی یو کو تیل، پینٹ، پلاسٹک اور فوڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اس کے نمایاں کاموں کے لئے  تسلیم کیا گیا ہے۔ اس ادارے کی شاندار تاریخ 20ویں صدی کے آغاز سے ہندوستان میں ہونے والی صنعتی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔  ’مانچسٹر آف دی ایسٹ‘، 'لیدر سٹی آف دی ورلڈ' اور 'انڈسٹریل ہب' کے طور پر کانپور  کی  شہرت کے پیچھے ایچ بی ٹی یو کے ذریعہ فراہم کردہ ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کا اہم کردار رہا ہے۔

 صدر جمہوریہ نے کہا کہ جب  ایچ  بی ٹی یو  اپنا  صد سالہ جشن منا رہا ہے، ملک آزادی کے 75 سال کی یاد میں آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے، اور سال 2047 میں، جب ملک آزادی کا صد سالہ جشن منائے گا ، تب ایچ بی ٹی یو  اپنے  125 سال مکمل کر رہا ہوگا۔  اداروں کی درجہ بندری  کے قومی فریم  ورک (این آئی آر ایف) میں ایچ بی ٹی یو کی موجودہ رینکنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ،جو کہ 166 ویں مقام  پر ہے، صدر جمہوریہ  نے کہا کہ ایچ بی ٹی یو کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ سال 2047 تک اس یونیورسٹی کو ٹاپ 25 میں شامل کیا جائے۔  انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے انہیں عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہیں یقین ہے  کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ایچ بی ٹی یو  اور ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

 ہندوستان میں اختراعات اور ٹکنالوجی کی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ دنیا میں صرف وہی ممالک سب سے آگے ہیں جو اختراعات اور نئی ٹیکنالوجی کو ترجیح دیتے ہیں اور اپنے شہریوں کو مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ ہمارے ملک نے ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی اپنی ساکھ بڑھائی ہے لیکن ہمیں ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ اس تناظر میں ایچ بی ٹی یو  جیسے اداروں کا کردار اہم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تکنیکی اداروں کو اپنے طلباء میں جدت طرازی  اور صنعت کاری کا جذبہ پیدا کرنا چاہیے۔ طلبہ کو شروع سے ہی ایسا ماحول فراہم کیا جائے جس میں وہ ’’نوکری کے متلاشی‘‘ کے بجائے ’’نوکری دینے والا‘‘ بن کر ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

 تکنیکی تعلیم میں طالبات کی کم شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ  نے کہا کہ انہوں نے ملک بھر کے کئی تعلیمی اداروں کے کنووکیشنز میں شرکت کی ،جہاں انہوں نے دیکھا کہ لڑکیوں کی کارکردگی بے حد متاثر کن ہے،  لیکن ٹیکنیکل  تعلیم کے میدان میں طالبات کی شرکت تسلی بخش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وقت کی اہم ضرورت ہے کہ زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کو ٹیکنکل  تعلیم کے میدان میں آگے آنے کی ترغیب دی جائے،  اس سے خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔

گزشتہ ہفتے  کے روز  نئی دہلی میں منعقدہ سووچھ سرویکشن ایوارڈز 2021 کا حوالہ دیتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ   ملک کے شہری اداروں میں سووچھ سرویکشن میں کانپور شہر  2021 میں 21  ویں مقام پر آگیا ہے ، جو کہ  2016 میں 173 ویں  مقام پر تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانپور  کے لوگوں کو  جانتے ہیں،  اگر وہ کچھ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ اسے حاصل کرلیتے ہیں۔ انہوں نے ان پر بھی  زور دیا کہ وہ شہر کی صفائی کو ایک عوامی تحریک بنائیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کانپور کی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن اندور شہر سے تحریک حاصلر  کریں گے، جو کہ مسلسل صفائی میں ملک میں پہلے مقام پر ہے، اور کانپور کو ملک کے پانچ سب سے زیادہ   صاف  ستھرے شہروں میں  شامل کرانے  کے لئے  کوشش  کریں گے ۔

ہندی میں صدر جمہوریہ کے  خطاب  کے لئے  یہاں کلک کریں۔

Please click here to see the President's speech in Hindi

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح- ع م- ق ر)

U-13281


(Release ID: 1774995) Visitor Counter : 134