وزارتِ تعلیم
مر کزی وزیر تعلیم نے میگھالیہ میں کیندریہ ہندی سنستھان کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا
Posted On:
21 NOV 2021 7:30PM by PIB Delhi
تعلیم اور ہنر کے فروغ کے مرکزی وزیر جناب دھرمیندر پردھان نے آج ماؤدیانگ دیانگ ایسٹ کھاسی ہیلس میں کیندریہ ہندی سنستھان کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا ۔میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ جناب کونارڈ کے سنگھما بھی اس افتتاحی پروگرام میں موجود تھے۔ مرکزی وزیرنے میگھالیہ حکومت کا اس بات کے لئے شکریہ ادا کیا کہ اس نے ماؤ دیانگ دیانگ میں سنستھان کو قائم کئے جانے کے لئے مطلوبہ آراضی سمیت ضروری مدد فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ سنستھان ہندی کے اساتذہ ،ہندی سیکھنے اور نیز اس میں تحقیق کرنے والے لوگوں کے فائدے کے لئے کام کرے گا۔اس کے علاوہ ادارہ میگھالیہ ، تری پورہ اور میزورم ریاستوں کے لوگوں کی ضرورتوں کو بھی پوری کرے گا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی این ای پی 2020 ملک کے تعلیم کے منظرنامے کو یکسر تبدیل کرنے کا ایک نظریاتی طریقہ کار ہے اور اس کے ذریعہ حقیقی مقاصد حاصل ہوں گے اور تعلیمی پالیسی کا اثر بنیادی سطح تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی کی سب سے اہم خصوصیات میں سے ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پرائمری سطح پر تعلیم مادری زبان میں دی جائے ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت دئے گئے مقررہ وقت میں نشانے کو حاصل کرنے کی پر زور کوشش کررہی ہے۔
اس ملک کی گو نا گوں ثقافت، زبان ، روایت اور اس گو نا گونیت کے درمیان بقائے باہم کے جذبے کو تسلیم کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس زبان کی خوبی یہ ہے کہ لوگ اپنی روایتی اور مالا مال ثقافت کو ایک دوسرے کے ساتھ بانٹتے ہیں ۔وزیر موصوف نے کہا کہ مالا مال مادری زبانوں کا تحفظ کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جانا چاہئے تاکہ لوگ انٹر نیٹ کا استعمال اپنی مادری زبان میں کرسکیں اور دنیا کے دیگر حصوں میں رہنے والے لوگوں کو اپنی مالا مال ثقافت اور روایت سے روشناس کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں اختراع اور تشکیل دئے جانے کے جذبے کی حوصلہ افزائی ہوگی نیزوہ لوگوں سے منسلک تمام اہم امور کو دنیا تک پہنچاپائیں گے۔
جناب پردھان نے اس خطے کی مالا مال ثقافت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے سے بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے ،اس کی بہت ہی مالا مال ثقافت ہےاوریہ فطری وسائل سے بھی مالا مال ہے۔ آئی آئی ایم کے نئے کیمپس سمیت اس خطے میں کئی اچھے تعلیمی ادارے قائم ہورہے ہیں ۔تعلیم کے وزیر نے کہا کہ اس خطے کے نوجوانوں کے لئے بہت کچھ کیا جانا باقی ہے ۔انہوں نے نوجوان نسل کے لئے ایک بہتر ماحول فراہم کرنے کے تئیں کام کرنے کی سبھی کو نصیحت کی ۔انہوں نےکہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ میگھالیہ میں لگ بھگ 3.5 لاکھ کالج جانے والے طلبا ہیں اور یہ ہر ایک کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک ساز گار ماحول تشکیل دیں تاکہ بہتر تعلیم ،ہنر، ان کی روزگار کی صلاحیت کو فروغ دینے اور بنیادی تحقیق کی اہمیت کے بارے میں انہیں آگاہ کیا جاسکے۔اس سمت میں کی جانے والی کوششوں میں پہلا قدم زبانوں کو سیکھنے کےعمل کو آسان بنانا ہے۔
وزیر موصوف نے سنیچر کو گوہاٹی میں منعقد ہوئے نارتھ ایسٹ ایجوکیشن کانکلیو کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ نارتھ ایسٹ خطے میں تقریباً180 زبانیں اور بولیاں ہیں جنہیں مختلف قبائلی برادریاں بولتی ہیں اور قومی تعلیمی پالیسی اس ورثے کے فروغ اور تحفظ کے لئے طے شدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں کیندریہ ہندی سنستھان اور انگلیش اینڈ فارین لیگویجیز یونیورسٹی(ای ایف ایل یو) ایکسلینس کے ایک مرکز کے طور پر کام کرنے لگیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھاسی ،گارو ، اور جن جاتیہ زبانوں کو ٹیکنالوجی کی مدد سے مالا مال بنانے نیز انہیں محفوظ رکھنے کے لئے میگھالیہ سرکار کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
جناب پردھان نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ زبان ہی ایک ایسا آلہ ہے جو دنیا بھر کے لوگوں کو آپس میں جوڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ پر اس خطے کی زبانیں سیکھنے کے دستیاب ذرائع کے ذریعہ ریاست کے باہر کے لوگوں کو اس علاقے کی مالا مال ثقافت اور وراثت کو جاننے کا موقع ملے گا۔
وزیر موصوف نے اس موقع پر دو کتابوں‘ سمن وے پو رووترسنچیان’ اور‘ ہندی کھاسی گارو جینتیا انگلش کنسائز ڈکشنری’کابھی اجراء کیا۔انہوں نے جامع ڈکشنری میں دلچسپی دکھاتے ہوئے کہا کہ اس سے زبانوں کو مالا مال بنانے میں مدد ملے گی۔
میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ جناب کونارڈ کے سنگھما نے ان کی ریاست میں کیندریہ ہندی سنستھان کے افتتاح پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سنستھان کی موجودگی سے میگھالیہ اور تمام تر شمال مشرقی خطے کے نوجوانوں کو ہندی سیکھنے اور اس میں مہارت حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔
میگھالیہ کے تعلیم کے وزیر جناب لکھمن رمبوئی اور سنسکرت بھارتی کے نامور ماہرین تعلیم اور بانی ممبر جناب چامو کرشنا شاستری ،کیندریہ ہندی سنستھان کی ڈائریکٹر پروفیسر وینا شرما اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سینئر اہلکار بھی اس پروگرام میں موجود تھے ۔
************
ش ح ۔ ش ر۔ م ش
U. No.14028
(Release ID: 1773933)
Visitor Counter : 184