وزارت دفاع
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ اور اترپردیش کے وزیر اعلیٰ نے اترپردیش دفاعی صنعتی گلیارے میں سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے لکھنؤ میں صلاح و مشورہ کیا
Posted On:
12 NOV 2021 4:54PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 12/نومبر 2021 ۔ وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ اور اترپردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے 12 نومبر 2021 کو لکھنؤ میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر اترپردیش دفاعی صنعتی گلیارے (یو پی ڈی آئی سی) میں سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے صلاح و مشورہ کیا۔ وزیر دفاع نے میٹنگ کے دوران وہاں موجود نجی دفاعی صنعتوں کے نمائندوں کے خیالات سنے اور پھر جناب سنگھ کو یو پی ڈی آئی سی میں سرمایہ کاری کی رفتار کے بارے میں بتایا گیا۔
میٹنگ میں صنعتی نمائندوں کی بڑی تعداد میں حاضری کی ستائش کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ذریعے’آتم نربھر بھارت‘ کا جو تصور پیش کیا گیا ہےاس ہدف کو حاصل کرنے میں مدد کے لئے اترپردیش میں جلد ہی ایک مضبوط دفاعی مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم قائم کیا جائے گا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ہم دفاعی صنعتوں کی ضرورتوں، جوکھم اور طاقت کو سمجھتے ہیں۔ اگر کسی صنعت میں جلد از جلد ہمارے ملک کو خودکفیل بنانے کی صلاحیت ہے تو وہ ہمارے لئے فائدہ مند صنعت ہے، لہٰذا میں مختلف پلیٹ فارموں پر اس بات پر زور دیتا رہا ہوں۔ انھوں نے اترپردیش اور تمل ناڈو میں دفاعی صنعتی گلیاروں کے قیام کو ان اہم اقدامات میں سے ایک بتایا جو دفاعی صنعتوں کی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے حکومت کی اٹوٹ عہد بستگی کو ظاہر کرتے ہیں۔
وزیر دفاع نے یہ اعلان بھی کیا کہ حکومت دفاعی صنعتی گلیاروں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور ڈیفنس مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لئے مرکز کے زیر اہتمام چلائی جانے والی اسکیم پر غور کررہی ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ سال 2000-2014 کے درمیان جاری کئے گئے 200 لائسنسوں کے مقابلے میں سال 2014 سے اب تک نجی صنعتوں کو 350 سے زیادہ لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ڈیزائن اور ڈیولپمنٹ پروجیکٹوں میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کے لئے پالیسی جاتی التزامات پر غور کیا جارہا ہے۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے صنعتی نمائندوں کی مخصوص تجاویز پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت دفاعی صنعت کو فروغ دینے کے لئے اصلاحات سے متعلق سبھی مشوروں پر غور کرے گی اور ان پر کارروائی کرے گی۔
وزیر دفاع نے حکومت کے کچھ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یو پی ڈی آئی سی دفاعی صنعتوں کو کنیکٹیوٹی، وسائل اور ماحول فراہم کرے گا اور ان کے لئے نئے مواقع لے کر آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ ڈی آر ڈی او کے ذریعے ٹیکنالوجی کی مفت منتقلی اور دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجیز تک رسائی کے لئے ایف ڈی آئی کی حد میں اضافہ نجی شعبے میں دیسی ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے ذریعے اٹھائے گئے کچھ اہم قدم ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت نے اس شعبے میں برسرکار عالمی بڑی کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس سے آپریشنز کی صلاحیتوں اور طاقت میں اضافہ ہوگا اور زیادہ تر دفاعی پلیٹ فارموں کی تعمیر بھارت میں ہی بھارتی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے توسط سے کی جائے گی۔ جناب سنگھ نے گھریلو خرید کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنے جدید کاری فنڈ کا تقریباً 64 فیصد حصہ تحویل سرمایہ بجٹ 2021-22 کے تحت گھریلو کمپنیوں سے خرید کے لئے طے کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ’میک‘ (ایم اے کے ای) زمرے میں اصلاح کی گئی ہے اور بہت چھوٹی، چھوٹی اور اوسط درجے کی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کے لئے اینوویشن فار ڈیفنس ایکسیلنس (آئی ڈیکس) کی شروعات کی گئی ہے۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ آئی ڈی ای ایکس – آئی ڈیکس سے متعلق خرید کے لئے ایک ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں، جسے مستقبل میں اور بڑھایا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ آئندہ پانچ برسوں کے لئے ہمارے اسٹارٹ اپس کو تعاون دینے کے لئے الگ سے 500 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر دفاع نے ایک درآمد کار سے درآمدکار بننے تک بھارت کی پیش رفت کی بنیاد رکھنے کا سہرا دفاعی صنعت کاروں کے سر باندھا۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں ہماری دفاعی برآمدات میں 334 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور آج ہم 75 ممالک کو برآمدات کررہے ہیں۔ انھوں نے اہم دفاعی صنعتوں سے تحقیق و ترقی اور مینوفیکچرنگ کے زیادہ سے زیادہ شعبوں کی نشان دہی کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ بڑے گھریلو کاروباری گھرانوں اور غیر ملکی اوریجنل ایکوئپمنٹ مینوفیکچرر (او ای ایم) معاون کمپنیوں کو نہ صرف یو پی ڈی آئی سی کی صلاحیت کا استعمال کرنے کے لئے بلکہ ان کے خیالات کو سننے کے لئے بھی مدعو کیا گیا ہے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے گزشتہ چار برسوں میں ریاست میں ایک سازگار کاروباری ماحول بنانے کے مقصد سے فوری کارروائی کرنے کے لئے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ستائش کی۔ ریاستی حکومت کے ذریعے شروع کئے گئے اصلاحی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے جناب سنگھ نے کہا کہ نئی پالیسی جاتی اصلاحات کے ساتھ ساتھ ’کاروبار میں آسانی‘ میں مسلسل بڑھتی رینکنگ کے ساتھ ریاست میں صنعتی ترقی کی راہ روشن ہوئی ہے اور یہ قدم ’اترپردیش‘ کو ’اتم پردیش‘ کی راہ پر آگے لے کر گیا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ انھیں بتایا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے یوپی ڈی آئی سی کے سبھی نوڈس پر تحویل اراضی کے لئے کام کیا ہے اور یہ تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ انھوں نے سرمایہ کاری کے لئے نظم و نسق کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست حکومت نے اس سلسلے میں قابل تحسین کام کیا ہے۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مرکزی حکومت تحقیق و ترقی اور بہت چھوٹی، چھوٹی اور متوسط درجے کی کمپنیوں کو فروغ دینے کے لئے ریاستی حکومت کے ساتھ ہاتھ سے ہاتھ ملاکر کام کررہی ہے، جناب راج ناتھ سنگھ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں اترپردیش دفاعی صنعتی گلیارہ ریاست میں صنعتی انقلاب کا علم بردار بنے گا۔
جناب سنگھ نے کہا کہ بڑی تعداد میں صنعتوں کے نمائندوں اور دیگر حصص داروں کی موجودگی حکومت اور دفاعی صنعت میں دیگر حصص داروں کے درمیان تعمیری بات چیت کا اشارہ ہے۔ وزیر دفاع نے اپنی تقریر کا اختتام یہ کہتے ہوئے کیا کہ اترپردیش دفاعی صنعتی گلیارہ اترپردیش میں ایک مضبوط دفاعی اور ایرو اسپیس شعبہ بنانے اور حکومت کے خودکفیل بھارت کے خواب کو عملی شکل دینے میں اہم رول ادا کرے گا۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اترپردیش انویسٹرس سمٹ میں موصولہ سرمایہ کاری کی تجاویز میں سے تین لاکھ کروڑ روپئے سے زیادہ کی تجاویز پر کام شروع کردیا گیا ہے اور ان میں سے زیادہ تر میں پروڈکشن شروع ہوچکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اترپردیش میں ہونے والے ڈیفنس ایکسپو 2020 میں 70 سے زیادہ ملکوں کی 1000 سے زیادہ کمپنیوں کے نمائندوں کی شراکت داری یوپی ڈی آئی سی کے لئے اہم ہے۔ انھوں نے کہا کہ اترپردیش میں دفاعی شعبے میں تحقیق و ترقی کو فروغ دینے کے لئے آئی آئی ٹی، بی ایچ یو اور آئی آئی ٹی کانپور جیسے تعلیمی ادارے اور تکنیکی صنعتیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یو پی ڈی آئی سی میں برہموس، ڈی آر ڈی او اور بھارت ڈائنامکس لمیٹڈ کے دو اہم پروجیکٹوں کو منظوری دینے کے لئے شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے یہ اطلاع بھی دی کہ دونوں پروجیکٹوں کے لئے زمین دستیاب کرادی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں سرمایہ کاری سے ریاست کو وزیراعظم نریندر مودی کے آتم نربھر بھارت کے ہدف میں تعاون دینے میں مدد ملے گی اور بھارت کو دفاعی شعبے میں ایک برآمداتی مرکز بننے میں مدد ملے گی۔
اترپردیش کے صنعت کے وزیر جناب ستیش مہانا، وزیر مملکت جناب دھرم دیو پرجاپتی، سکریٹری دفاع ڈاکٹر اجے کمار، دفاعی پیداوار کے سکریٹری جناب راج کمار، اترپردیش کے چیف سکریٹری راجندر کمار تیواری، ایڈیشنل چیف سکریٹری اور یوپی ای آئی ڈی اے کے چیف ایگزیکٹیو افسر جناب اونیش اوستھی، وزارت دفاع اور ریاستی حکومت کے افسران اور نجی صنعت کے نمائندوں نے اس صلاح و مشورے میں حصہ لیا ۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO.12798
(Release ID: 1771326)
Visitor Counter : 188