اقلیتی امور کی وزارتت

اترپردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے ’’ہنر ہاٹ‘‘ کے 31ویں ایڈیشن، ’’کمبھ آف کوشل کبیر‘‘ اور ’’برج راج اتسو‘‘ کا آج برندابن میں افتتاح کیا


’’ہنر ہاٹ‘‘ کے کاریگر اور دست کار وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ’’آتم نربھر بھارت‘‘ کے تصور کو تقویت دے رہے ہیں: جناب یوگی آدتیہ ناتھ

Posted On: 10 NOV 2021 6:39PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،  11/نومبر2021 ۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے آج برندابن میں ’’ہنرہاٹ‘‘ کے 31ویں ایڈیشن، ’’کمبھ آف کوشل کبیر‘‘ اور ’’برج راج اُتسو‘‘ کا افتتاح کیا اور کہا کہ ہنرہاٹ کے کاریگر و دست کار وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ’’آتم نربھر بھارت‘‘ کے ویژن کو تقویت دے رہے ہیں۔

افتتاح کے بعد جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ’’برج راج اُتسو‘‘ کے توسط سے ملک کی صلاحیتوں کو اقلیتی امور کی مرکزی وزارت نے ایک پلیٹ فارم بھی دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صلاحیتیں کسی ذات، نسل یا مذہب تک محدود نہیں ہی۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کورونا کے دوران ہمیں کچھ منتر دیے تھے۔ جناب مودی نے ہر ضرورت مند کی زندگی اور روزی روٹی کو بچانے کے عزم کے ساتھ کام کیا اور آتم نربھر بھارت کا نعرہ دیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ہنرہاٹ‘‘ کے کاریگر اور دست کار ’’آتم نربھر بھارت‘‘ کے تصور کو تقویت دے رہے ہیں۔ ہمارا بھارت دستکاری اور کاریگری کے معاملے میں مالامال ہے۔ بھارت کی دست کاری اور کاریگری صدیوں پرانی ہے۔ ’’ہنرہاٹ‘‘ کے کاریگروں اور دست کاروں نے اس کاریگری اور دست کاری کو نسل در نسل لوگوں تک پہنچایا ہے۔ اس کاریگری اور دست کاری کا احترام کیا جانا چاہئے، اس کاریگری کو مزید شمولیت پر مبنی بنایا جانا چاہئے۔

جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے ’’ہنر ہاٹ‘‘ میں ’’وشو کرما واٹیکا‘‘ کا دورہ کیا۔ انھوں نے عظیم مجاہد آزادی راجا مہندر پرتاپ سنگھ کے مجسمہ کی گل پوشی کی اور ’’میرا گاؤں میرا دیش‘‘ میں ’’کھٹیا‘‘ پر بیٹھ کر متعدد روایتی کھانوں کا لطف بھی لیا۔

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب مختار عباس نقوی، رکن پارلیمنٹ محترمہ ہیما مالنی، اترپردیش کے توانائی کے وزیر جناب شری کانت شرما، اترپردیش کے کابینہ وزیر جناب لکشمی نارائن چودھری، یوپی برج تیرتھ وکاس پریشد کے وائس چیئرمین جناب شیلجا کانت مصرا، اقلیتی امور کی وزارت کی سکریٹری محترمہ رینوکا کمار اور دیگر سینئر اہلکار و معززین اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے محترمہ ہیما مالنی نے کہا کہ ملک کے ہر حصے کے کاریگر اور دست کار ’’ہنر ہاٹ‘‘ میں موجود ہیں، جس سے روایتی ثقافتی تقریبات کو بھی فروغ ملتا ہے۔

’’وشو کرما واٹیکا‘‘ کے علاوہ متھرا کے برندابن کے کمبھ میلہ گراؤنڈ میں منعقد کئے جارہے ’’ہنر ہاٹ‘‘ میں 10 سے 19 نومبر تک ’’سرکس‘‘ کی نمائش بھی کی جائے گی، جس میں بھارتی سرکس فن کار طرح طرح کے روایتی تفریحی پروگرام پیش کریں گے۔

’’برج راج اتسو‘‘ میں ’’ہنرہاٹ‘‘ میں تقریباً 400 کاریگر، دست کار اور ماہرین طباخی حصہ لے رہے ہیں۔ اترپردیش، راجستھان، دہلی، ناگالینڈ، مدھیہ پردیش، منی پور، بہار، آندھرا پردیش، جھارکھنڈ، گوا، پنجاب، اتراکھنڈ، لداخ، کرناٹک، گجرات، ہریانہ، جموں و کشمیر، مغربی بنگال، مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، تمل ناڈو اور کیرالہ  سمیت 30 سے زیادہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے کاریگر اور دستکار لکڑی، پیتل، بانس، شیشہ، کپڑا، کاغذ، چکنی مٹی وغیرہ سے تیار کی گئیں اپنی دیسی مصنوعات لے کر آئے ہیں۔ ’’ہنر ہاٹ‘‘ میں ملک کے مختلف حصوں کے روایتی ویجیٹیرین فوڈ بھی دستیاب ہیں۔

انو کپور، کیلاش کھیر، سریش واڈیکر، پنیت اِسار (مہا بھارت شو پیش کرنے کے لئے)، سدانند بسواس، انوپ جلوٹا، معروف بھجن گلوکار عثمان میر، معروف گلوکارہ رانی اندرانی اور دیگر جیسے معروف فنکار برندابن میں منعقدہ ’’ہنرہاٹ‘‘ میں ہر روز شام کے وقت ہونے والے متعدد ثقافتی اور موسیقی کے پروگراموں میں اپنے فن کی نمائش کریں گے۔

گزشتہ 6 برسوں کے دوران ’’ہنر ہاٹ‘‘ کے توسط سے 6 لاکھ سے زیادہ کاریگروں، دست کاروں اور ان سے وابستہ لوگوں کو روزگار اور روزگار کے مواقع دستیاب کرائے گئے ہیں۔ ’’ہنر ہاٹ‘‘ ورچول اور آن لائن پلیٹ فارم http://hunarhaat.org اور جیم پورٹل پر بھی دستیاب ہے۔ ملک و بیرون ملک کے لوگ ڈیجیٹل اور آن لائن بھی ’’ہنر ہاٹ‘‘ کی مصنوعات خرید سکتے ہیں۔

اگلے ’’ہنر ہاٹوں‘‘ کا انعقاد لکھنؤ (12 سے 21 نومبر)، پرگتی میدان، نئی دہلی (14 سے 27 نومبر)، حیدرآًاد (26 نومبر سے 5 دسمبر)، سورت (10 سے 19 دسمبر)، نئی دہلی (22 دسمبر 2021 سے 2 جنوری 2022) میں کیا جائے گا۔ ’’ہنر ہاٹ‘‘ کا انعقاد آنے والے دنوں میں میسورو، گوہاٹی، پونے، احمدآباد، بھوپال، پٹنہ، پڈوچیری، ممبئی، جموں، چنئی، چنڈی گڑھ، آگرہ، پریاگ راج، گوا، جے پور، بنگلورو، کوٹا، سکم، سری نگر، لیہہ، شیلانگ، رانچی، اگرتلا اور دیگرمقامات پر بھی ہوگا۔

 

******

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO.12720



(Release ID: 1770764) Visitor Counter : 107


Read this release in: English , Hindi