نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر نے ملک کی ترقی میں دیہی معیشت کے اہم رول پر روشنی ڈالی
اقتصادی ترقی کے ساتھ کسانوں کی فلاح کا اٹوٹ رشتہ ہے: نائب صدر
نائب صدر نے زراعت کو ’یگیہ‘ بتایا اور زراعت کی جدیدکاری کی اپیل کی
نائب صدر نے وبائی مرض کے دوران کسانوں کی بے لوث خدمت کے لیے ان کی تعریف کی
نائب صدر نے سورن بھارت ٹرسٹ میں منعقد ایک پروگرام میں رایتو نیستم انعامات تقسیم کیے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2021 6:25PM by PIB Delhi
نائب صدر جناب ایم وینکیا نائیڈو نے ملک کی ترقی میں دیہی معیشت کے اہم رول پر روشنی ڈالتے ہوئے آج کہا کہ اس کا کسانوں کی بھلائی کے ساتھ اٹوٹ رشتہ ہے۔
وبائی مرض کے دوران دیگر صف اول کے سپاہیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہنے اور ملک میں غذائی اجناس کی ریکارڈ پیداوار کو یقینی بنانے کے لیے کسانوں کی تعریف کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ان کے ذریعے کی گئی بے لوث خدمت ناقابل فراموش ہے۔
مُپّا وراپو فاؤنڈیشن اور رایتو نیستم کے ذریعے وجے واڑہ میں واقع سورن بھارت ٹرسٹ میں منعقد ایک پروگرام میں کسانوں، توسیعی افسران اور صحافیوں کو زراعت کے شعبہ میں ان کے تعاون کے لیے انعامات تقسیم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ با صلاحیت لوگوں کی شناخت کرنا اور انہیں انعامات سے نوازنا ہندوستانی تہذیب کا حصہ ہے۔ اس سے نہ صرف انعام حاصل کرنے والوں کا جوش بڑھتا ہے بلکہ دوسروں کو بھی ترغیب ملتی ہے۔
زراعت کو ایک ’یگیہ‘ بتاتے ہوئے انہوں نے ہندوستانی کسانوں کے جدید طریقوں کو اپنانے کی کوشش کرنے اور لاکھوں لوگوں کا پیٹ بھرنے میں ان کی قابل ذکر حصولیابی کے لیے تعریف کی۔
جناب نائیڈو نے کاشتکار برادری سے ماحولیاتی تحفظ پر خاص توجہ دینے کی اپیل کی۔ اس سلسلے میں انہوں نے ہر ایک کسان کو پود کاری اور آبی تحفظ کو اہمیت دینے کی صلاحیت دی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب سائنس و ٹیکنالوجی کے ذریعے دنیا کی ترقی ہو رہی ہے، زراعت پیچھے نہیں رہ سکتی ہے۔ لہٰذا، اسے جدید سائنسی طور طریقوں کو اپنانا ہوگا۔ زراعت کو منافع بخش بنانا صرف سرکار کی ذمہ داری نہیں ہے۔ کسانوں کو جدیدکاری کا فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے کے لیے ہر ایک شخص کو آگے آنا چاہیے۔
نائب صدر نے تعلیم یافتہ نوجوانوں سے بھی زراعت میں دلچسپی پیدا کرنے اور کسانوں کو تکنیکی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے پرائیویٹ سیکٹر سے بھی آگے آنے اور زراعت کی جدیدکاری میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کی۔ زراعت کی جدیدکاری پر وسیع مذاکرہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں سائنس دانوں، پالیسی سازوں اور میڈیا کو پہل کرنی چاہیے۔
اس موقع پر نائب صدر نے زراعت سے متعلق کتابوں کا بھی اجرا کیا۔ اس سے پہلے، انہوں نے جدید زرعی آلات کی ایک نمائش کا جائزہ لیا۔
نائب صدر نے گزشتہ 17 برسوں سے کسانوں کو بیدار کرنے کے لیے رایتو نیستم ماہانہ جریدہ نکالنے اور انعامات تقسیم کرنے کی شروعات کرنے کے لیے جناب یدل پتی وینکٹیشور راؤ کی تعریف بھی کی۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U:12369
(ریلیز آئی ڈی: 1768070)
وزیٹر کاؤنٹر : 181