وزیراعظم کا دفتر

راشٹریہ ایکتا دیوس پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن

Posted On: 31 OCT 2021 10:49AM by PIB Delhi

 

نمسکار!

’راشٹریہ ایکتا دیوس‘ پر ملک کے تمام شہریوں کو بہت بہت مبارکباد! ایک بھارت، شریشٹھ بھارت کے لیے زندگی کا ہر لمحہ جس نے وقف کیا، ایسے قومی معمار سردار ولبھ بھائی پٹیل کو آج ملک اپنا خراج عقیدت پیش کر رہا ہے۔

سردار پٹیل جی صرف تاریخ میں ہی نہیں، بلکہ ملک کے ہم شہریوں کے دل میں بھی ہیں۔ آج ملک بھر میں اتحاد کا پیغام لے کر آگے بڑھ رہے توانائی سے پر ہمارے ساتھی ہندوستان کی یکجہتی کے تئیں یکجہتی کے جذبے کی علامت ہیں۔ یہ جذبہ ہم ملک کے کونے کونے میں ہو رہی قومی یکجہتی پریڈ میں، اسٹیچو آف یونٹی پر منعقد ہو رہے پروگراموں میں بخوبی دیکھ رہے ہیں۔

ساتھیوں،

بھارت صرف ایک جغرافیائی  اکائی نہیں ہے بلکہ اصولوں، عزائم، تہذیب و ثقافت کے لبرل معیاروں سے لیس ملک ہے۔ کرۂ ارض کے جس حصے میں ہم 130 کروڑ سے زیادہ ہندوستانی رہتے ہیں، وہ ہماری روح کا، ہمارے خوابوں کا، ہماری امیدوں کا اٹوٹ حصہ ہے۔ سینکڑوں برسوں سے بھارت کے سماج میں، روایات میں، جمہوریت کی جو مضبوط بنیاد تیار ہوئی اس نے ایک بھارت کے جذبہ کو مضبوط کیا ہے۔ لیکن ہمیں یہ بھی یاد رکھنا ہے کہ کشتی میں بیٹھے ہر مسافر کو کشتی کا خیال رکھنا ہی ہوتا ہے۔ ہم ایک رہیں گے، تبھی آگے بڑھیں گے، ملک اپنے اہداف کو تبھی حاصل کر پائے گا۔

ساتھیوں،

سردار پٹیل ہمیشہ چاہتے تھے کہ  بھارت مضبوط ہو، بھارت شمولیتی بھی ہو، بھارت حساس ہو اور بھارت محتاط بھی ہو، منکسر مزاج ہو، ترقی یافتہ بھی ہو۔انہوں نے ملک کے مفاد کو ہمیشہ سب سے اوپر رکھا۔ آج ان کی ترغیب سے بھارت، بیرونی اور اندرونی، ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے میں پوری طرح سے کامیاب ہو رہا ہے۔ گزشتہ 7 برسوں میں ملک نے دہائیوں پرانے غیر مطلوبہ قوانین سے آزادی پائی ہے، قومی یکجہتی کو سنبھالنے والے اصولوں کو نئی اونچائی دی ہے۔ جموں و کشمیر ہو، نارتھ ایسٹ ہو یا دور ہمالیہ کا کوئی گاؤں، آج سبھی ترقی کے راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ملک میں ہو رہی جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر ملک میں جغرافیائی اور تہذیبی دوریوں کو مٹانے کا کام کر رہی ہے۔ جب ملک کے لوگوں کو ایک حصہ سے دوسرے حصہ میں جانے سے پہلے ہی سو بار سوچنا پڑے، تو پھر کام کیسے چلے گا؟ جب ملک کے کونے کونے میں پہنچنے کی آسانی ہوگی، تو لوگوں کے درمیان دلوں کی دوری بھی کم ہوگی، ملک کا اتحاد بڑھے گا۔ ایک بھارت- شریشٹھ بھارت کے اسی جذبہ کو مضبوط کرتے ہوئے، آج ملک میں سماجی، اقتصادی اور آئینی یکجہتی کا ’مہا یگیہ‘ چل رہا ہے۔ پانی-زمین-آسمان- خلاء، ہر محاذ پر بھارت کی استطاعت اور عزم لاثانی ہے۔ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے بھارت خود انحصاریت کے نئے مشن پر چل پڑا ہے۔

اور ساتھیوں،

ایسے وقت میں ہمیں سردار صاحب کی ایک بات ضرور یاد رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا تھا-

“By common endeavour we can raise the country to a new greatness, while a lack of unity will expose us to fresh calamities.”

اتحاد کی کمی جہاں نئے بحران لاتی، سب کی مشترکہ کوشش ملک کو نئی بلندیوں پر لے کر جاتی ہے۔ آزاد بھارت کی تعمیر میں سب کی کوشش جتنی تب اہم تھی، اس سے کہیں زیادہ آزادی کے اس امرت کال میں ہونے والی ہے۔ آزادی کا یہ امرت کال، ترقی کی مثالی رفتار کا ہے، مشکل اہداف کو حاصل کرنے کا ہے۔ یہ امرت کال سردار صاحب کے خوابوں کے بھارت کی تعمیر نو کا ہے۔

ساتھیوں،

سردار صاحب ہمارے ملک کو ایک جسم کے طور پردیکھتے تھے، ایک زندہ اکائی کی شکل میں دیکھتے تھے۔ اسی لیے، ان کے ’ایک بھارت‘ کا مطلب یہ بھی تھا کہ جس میں ہر کسی کے لیے یکساں مواقع ہوں، ایک جیسے خواب دیکھنے کا حق حاصل ہو۔ آج سے کئی دہائی پہلے، اُس دور میں بھی، ان کی تحریکوں کی طاقت یہ ہوتی تھی کہ ان میں مردو عورت، ہر طبقہ، مسلک کی مجموعی توانائی لگتی تھی۔ اس لیے، آج جب ہم ایک بھارت کی بات کرتے ہیں تو اس ایک بھارت کی شکل و صورت کیا ہونی چاہیے؟ اُس ایک بھارت کی شکل و صورت ہونی چاہیے- ایک ایسا بھارت، جس کی خواتین کے پاس یکساں مواقع ہوں! ایک ایسا بھارت، جہاں دلت، محروم، آدیواسی-بن واسی، ملک کا ہر ایک شہری خود کو ایک جیسا محسوس کرے! ایک ایسا بھارت، جہاں گھر، بجلی، پانی جیسی سہولیات میں تفریق نہیں، ایک جیسے حقوق حاصل ہوں!

یہی تو آج ملک کر رہا ہے۔ اسی سمت میں تو ہر روز نئے ہدف طے کر رہا ہے۔ اور یہ سب ہو رہا ہے، کیوں کہ آج ملک کے ہر عزم میں ’سب کی کوشش‘ جڑی ہوئی ہے۔

ساتھیوں،

جب سب کی کوشش ہوتی ہے تو اس سے کیا نتائج سامنے آتے ہیں، یہ ہم نے کورونا کے خلاف ملک کی لڑائی میں بھی دیکھا ہے۔ نئے کووڈ اسپتالوں سے لے کر وینٹی لیٹر تک، ضروری دوائیں بنانے سے لے کر 100 کروڑ ویکسین ڈوز کی منزل کو پار کرنے تک، یہ ہر ہندوستانی، ہر حکومت، ہر صنعت، یعنی سب کی کوشش سے ہی ممکن ہو پایا ہے۔ سب کی کوشش کے اسی جذبہ کو ہمیں اب ترقی کی رفتار کی، آتم نربھر بھارت بنانے کی بنیاد بنانا ہے۔ ابھی حال ہی میں سرکاری محکموں کی مشترکہ طاقت کو پی ایم گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان کے طور پر ایک پلیٹ فارم پر لایا گیا ہے۔ گزشتہ برسوں میں جو متعدد ریفارم کیے گئے ہیں، اس کا مجموعی نتیجہ ہے کہ بھارت سرمایہ کاری کی ایک دلکش منزل بن گیا ہے۔

بھائیوں اور بہنوں،

سرکار کے ساتھ ساتھ سماج کی رفتار کی طاقت بھی جڑ جائے تو بڑے سے بڑے عزائم کو پورا کرنا مشکل نہیں ہے، سب کچھ ممکن ہے۔ اور اس لیے، آج ضروری ہے کہ جب بھی ہم کوئی کام کریں تو یہ ضرور سوچیں کہ  اس کا ہمارے مجموعی قومی اہداف پر کیا اثر پڑے گا۔ جیسے اسکول کالج میں پڑھائی کرنے والا نوجوان ایک ہدف لے کر چلے کہ وہ کس سیکٹر میں کیا نیا انوویشن کر سکتا ہے۔ کامیابی ناکامی اپنی جگہ پر ہے، لیکن کوشش بہت ضروری ہے۔ اسی طرح جب ہم بازار میں خریداری کرتے ہیں تو اپنی پسند نا پسند کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھیں کہ کیا ہم اس سے آتم نربھر بھارت میں تعاون کر رہے ہیں یا ہم اسے الٹ کر رہے ہیں۔ بھارت کی صنعت بھی، غیر ملکی راء میٹریل یا کمپنونیٹ پر انحصار کے ہدف طے کر سکتی ہے۔ ہمارے کسان بھی ملک کی ضروریات کے مطابق نئی کھیتی اور نئی فصلوں کو اپنا کر آتم نربھر بھارت میں حصہ داری مضبوط کر سکتے ہیں۔ ہمارے کوآپریٹو ادارے بھی ملک کے چھوٹے کسانوں کو مضبوط کریں، ہم جتنی زیادہ توجہ ہمارے چھوٹے کسانوں کے اوپر مرکوز کریں گے، ان کی بھلائی کے لیے آگے آئیں گے، گاؤں کے انتہائی دور دور کے مقامات تک ہم ایک نیا اعتماد پیدا کر پائیں گے اور ہمیں اسی سمت میں عہد کرنے کے لیے آگے آنا ہے۔

ساتھیوں،

یہ باتیں عام لگ سکتی ہیں، لیکن ان کے نتائج بے مثال ہوں گے۔ گزشتہ برسوں میں ہم نے دیکھا ہے کہ چھوٹے سمجھے جانے والے صفائی جیسے موضوعات کو بھی عوامی حصہ داری نے کیسے ملک کی طاقت بنایا ہے۔ ایک شہری کے طور پر جب ہم ایک بھارت بن کر آگے بڑھے، تو ہمیں کامیابی بھی ملی اور ہم نے بھارت کی عظمت میں بھی اپنا تعاون دیا۔ آپ ہمیشہ یاد رکھئے- چھوٹے سے چھوٹا کام بھی عظیم ہے، اگر اس کے پیچھے اچھا جذبہ ہو۔ ملک کی خدمت کرنے میں جو مزہ ہے، جو خوشی ہے، اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ملک کی یکجہتی اور اتحاد کے لیے، اپنی شہری ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے، ہماری ہر کوشش ہی سردار پٹیل جی کے لیے سچا خراج عقیدت ہے۔ اپنی حصولیابیوں سے حوصلہ حاصل کرکے ہم آگے بڑھیں، ملک کی یکجہتی، ملک کی عظمت کو نئی بلندی عطا کریں، اسی امید کے ساتھ آپ سبھی کو پھر سے راشٹریہ ایکتا دیوس کی بہت بہت مبارکباد۔

شکریہ!

*****

ش  ح –  ق ت –  ت  ع

U:12378

 

 



(Release ID: 1768057) Visitor Counter : 284