نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

اساتذہ کی عزت افزائی بھارتی ثقافت کی ایک شاندار روایت ہے: نائب صدر


نائب صدر جمہوریہ نے حیدرآباد میں جناب کوویلا سپراسناچاریہ کو شری پولوری ہنومجنا کیراما سرما ایوارڈ سے نوازا

تلنگانہ سرسوتھا پریشتھ میں دو کتابوں کا اجرا کیا

Posted On: 13 OCT 2021 6:41PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،  13/اکتوبر2021 ۔ نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج بچوں اور نوجوانوں کی زندگیوں کی تشکیل میں اساتذہ کے ذریعے ادا کیے جانے والے بنیادی کردار کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ بھارتی ثقافت نے ہمیشہ گروؤں کو عزت و احترام دیا ہے۔

نائب صدر جمہوریہ کے استاد جناب پولوری ہنومجنا کیراما سرما کی یاد میں شروع کیا گیا ایوارڈ حیدرآباد میں جناب کوویلا سپراسناچاریہ کو شعر و ادب کے شعبے میں ان کے تعاون کے لئے دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے جناب ہنومجنا کیراما سرما سمیت اپنے اتالیقوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

جناب نائیڈو نے ایوارڈ پانے والی شخصیت کو تیلگو ادبی تنقید میں ایک نئے رجحان کو متعارف کرانے اور سماج کے کچھ مخصوص طبقات میں موجود تفریق کے خلاف لڑنے والے بھارتی مفکرین کی آراء کو جگہ دینے کے لئے، ان کی ستائش کی۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے اساتذہ اور گروؤں کو، اپنی کیریئر سازی میں ان کی رہنمائی اور سرپرستی کے لئے ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے اور شکرگزار رہنا چاہئے۔

تلنگانہ سرسوتھا پریشتھ کے ذریعے نائب صدر جمہوریہ کی ذاتی تحریک پر شروع کئے گئے ایوارڈ کا مقصد تیلگو زبان کے فروغ کے لئے دیے گئے تعاون کا اعتراف کرنا ہے۔

تیلگو زبان کے تحفظ اور اس کی اشاعت کے لئے کی جانے والی کوششوں کے لئے تلنگانہ سرسوتھا پریشتھ کی ستائش کرتے ہوئے انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پرائمری اسکولوں یا ہائی اسکولوں تک ذریعہ تعلیم مادری زبان ہونی چاہئے۔ اسی طرح سے انتظامیہ اور عدلیہ میں مقامی زبان کا استعمال وسیع پیمانے پر ہونا چاہئے۔

اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے دو کتابوں کا اجرا بھی کیا جن کے نام ’امرتوسو بھارتھی‘ اور ’سری دیوولاپلی رامانوجاراؤ‘ ہیں۔

تلنگانہ سرسوتھا پریشتھ کے صدر آچاریہ یلوری شیواریڈی، تلنگانہ حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے وی راماناچاری، تلنگانہ سرسوتھا پریشتھ کے جنرل سکریٹری جناب جے چنیا، ایوارڈ پانے والے آچاریہ کوویلا سپرسناچاریہ اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔

 

******

 

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO.10039



(Release ID: 1763728) Visitor Counter : 184