اقلیتی امور کی وزارتت

بھارت کی آزادی کے 75 سال کا جشن منانے کے لئے ’’ آزادی کا امرت مہوتسو ‘‘کے تحت پورے ملک میں منعقد کئے جانے والے 75 ’’ ہنر ہاٹ ‘‘ کی سیریز میں اگلا ہنر ہاٹ 16 سے 25 اکتوبر ، 2021 ء کو اتر پردیش کے رامپور میں منعقد کیا جائے گا


30 سے زیادہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دست کار اور کاریگر اپنے ہاتھوں سے بنائی گئی گھریلو مصنوعات ’’ ہنر ہاٹ ‘‘ میں فروخت اور نمائش کے لئے پیش کریں گے: مختار عباس نقوی

’’ ووکل فار لوکل ‘‘ کے علاوہ آنے والا ’’ ہنر ہاٹ ‘‘ بیسٹ فروم ویسٹ ‘‘ کے موضوع پر مبنی ہو گا: نقوی

Posted On: 10 OCT 2021 12:52PM by PIB Delhi

نئی دلّی ،10 اکتوبر / بھارت کی آزادی کے 75 سال کا جشن منانے کے لئے ’’ آزادی کا امرت مہوتسو ‘‘کے تحت پورے ملک میں منعقد کئے جانے والے 75 ’’ ہنر ہاٹ ‘‘ کی سیریز میں اگلے  ہنر ہاٹ  کی میزبانی اتر پردیش  کا رامپور کرے گا ۔ یہ ہنر ہاٹ 16 سے 25 اکتوبر ، 2021 ء کو منعقد کیا جائے گا ۔

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے ، اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کے مرکزی وزیر  جناب دھرمیندر پردھان 16 اکتوبر 2021 ء کو رام پور میں 29 ویں ’’ ہنر ہاٹ‘‘ کا افتتاح کریں گے۔ پارلیمانی امور اور کلچر کے مرکزی وزیر مملکت جناب ارجن رام میگھوال ، اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر موجود ہوں گے۔

30 سے ​​زائد ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام والے علاقوں کے دست کار اور کاریگر اپنے  ہاتھوں سے تیار کردہ مصنوعات کو ’’ ہنر ہاٹ ‘‘ میں فروخت اور نمائش کے لئے پیش کریں گے۔ اتر پردیش ، راجستھان ، دلّی ، ناگا لینڈ ، مدھیہ پردیش، منی پور، بہار ، آندھرا پردیش ، جھارکھنڈ ، گوا ، پنجاب ، اتراکھنڈ ، لداخ ، کرناٹک ، گجرات ، ہریانہ ، جموں و کشمیر، مغربی بنگال ، مہاراشٹر ، چھتیس گڑھ ، تمل ناڈو ، کیرالہ اور ملک کے دیگر مقامات سے دست کار  اور کاریگر لکڑی ، پیتل ، بانس ، شیشہ ، کپڑا ، کاغذ ، مٹی وغیرہ سے بنی اپنی مصنوعات ،  اس ہاٹ میں فروخت اور نمائش کے لئے پیش کریں گے ۔

جناب نقوی نے کہا کہ وشوا کرما واٹیکا ، ملک بھر میں منعقد ہونے والے ہنر ہاٹ میں خصوصی توجہ کا مرکز ہوگا۔ ان ’’ وشوا کرما واٹیکاؤں ‘‘  میں ، دست کار  اور کاریگر اپنے ہنر کا براہ راست مظاہرہ کریں گے اور  اپنی روایتی مصنوعات بناکر دکھائیں گے ۔ یہ ملک کے روایتی فنون اور دستکاری کے تحفظ اور فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’ ووکل فار لوکل ‘‘ کے علاوہ ، آنے والا ’’ ہنر ہاٹ ‘‘ میں ’’ بیسٹ فروم ویسٹ ‘‘ کا بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔  اس میں پلاسٹک ، کاغذ ، پلائی ، لکڑی ، شیشہ ، سیرامک ​​، جوٹ ، روئی ، اون کے ساتھ ساتھ کیلے کے تنے ، گنے کا گودا ، دھان اور گندم کے تنکے ، بھوسے ، تور ، ربڑ ، لوہا ، پیتل وغیرہ سے بنی اشیاء شامل ہوں گی ۔  اس میں خراب یا رجیکٹ کی گئی اشیاء سے بنی مصنوعات بھی دیکھنے کو ملیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہنر ہاٹ کے ’’ باورچی خانہ ‘‘ سیکشن میں ملک کے تقریباً  سبھی علاقوں کے روایتی کھانے ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوں گے ، جن کا لوگ پوری طرح لطف اٹھا سکیں گے ۔

جناب نقوی نے کہا کہ مشہور فنکار پنکج اداس ، کیلاش کھیر ، انو کپور ، سدیش بھوسلے ، کمار شانو ، روپ کمار راٹھور ، سونالی راٹھور ، الطاف راجہ ، رام پور کے "ہنر ہاٹ" میں ہر شام منعقد ہونے والے موسیقی اور ثقافتی پروگراموں میں شامل ہوں گے ۔ ان کے علاوہ ، نظامی برادران ، وویک مشرا ، نیلم چوہان ، ریکھا راج ، پریم بھاٹیا ، بھوپندر سنگھ بھوپی اور نوران سسٹرز حاضرین کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔

جناب نقوی نے کہا کہ ’’ ہنر ہاٹ ‘‘ ایک ’’ قابل اعتماد پلیٹ فارم‘‘ ہے ، جو کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ’’ سودیشی-سواو لمبن ‘‘ اور ’’ ووکل فار لوکل ‘‘ کے مطالبے کو تقویت بخشتا ہے اور روایتی دست کاروں اور کاریگروں کی دیسی مصنوعات کو مارکیٹ فراہم کرتا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ گزشتہ 7 سالوں کے دوران 5 لاکھ 50 ہزار سے زائد دست کار ، کاریگر اور ان سے وابستہ افراد کو ہنر ہاٹ کے ذریعے روز گار اور روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ ’’آزادی کا امرت مہوتسو ‘‘ کے تحت 75 ’’ہنر ہاٹ‘‘ کے ذریعے مزید لاکھوں دست کاروں ، کاریگروں کو روزگار اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

جناب نقوی نے کہا کہ جس علاقے میں ’’ ہنر ہاٹ ‘‘ کا اہتمام کیا جائے گا ، وہاں ’’ ہنر ہاٹ ‘‘ میں ، اس مخصوص خطے کے عظیم مجاہدین آزادی کے کردار کو بھی فنکارانہ طور پر پیش کیا جائے  گا۔

جناب نقوی نے کہا کہ رام پور کے بعد ، دہرادون (29 اکتوبر سے 7 نومبر) ، لکھنؤ (12 سے 21 نومبر) ، حیدرآباد (26 نومبر سے 5 دسمبر) ، سورت (10 سے 19 دسمبر) ، نئی دلّی (22 دسمبر، 2021 ء سے 2 جنوری، 2022 ء ) کو ’’ہنر ہاٹ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ آنے والے دنوں میں میسورو ، گوہاٹی ، پونے ، احمد آباد ، بھوپال ، پٹنہ ، پڈوچیری ، ممبئی ، جموں ، چنئی ، چندی گڑھ ، آگرہ ، پریاگ راج ، گوا ، جے پور ، بنگلور ، کوٹا ، سکم ، سرینگر ، لیہہ کے علاوہ  شیلانگ ، رانچی ، اگرتلہ اور دیگر مقامات پر بھی ’’ہنر ہاٹ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا ۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح  ۔ و ا ۔ ع ا ) (10-10-2021)

U. No.  9918



(Release ID: 1762751) Visitor Counter : 237


Read this release in: English , Hindi , Bengali