وزارتِ تعلیم

جامع تعلیمی حصول یابی کے لئے بھارتی زبانوں کو تقویت دینے پر قومی ویبینار


ملک کی یکجہتی و سالمیت کے لئے بھارتی زبانوں کا تحفظ اور فروغ اہم ہے – محترمہ اناپورنا دیوی

Posted On: 23 SEP 2021 6:07PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  23/ستمبر 2021 ۔ وزارت تعلیم اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے آج جامع تعلیمی حصول یابی کے لئے بھارتی زبانوں کو تقویت دیے جانے کے موضوع پر ایک قومی ویبینار کا انعقاد کیا۔ اس ویبینار کا انعقاد 17 ستمبر 2021 سے لے کر 7 اکتوبر 2021 تک منعقد کئے جانے والے بہتر نظام حکمرانی سے متعلق ویبیناروں کے سلسلے کے ایک جزو پر کیا گیا تھا۔ تعلیم کی وزیر مملکت محترمہ اناپورنا دیوی اس ویبینار کی مہمان خصوصی تھیں۔

 

 

اس ویبینار کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ انا پورنا دیوی نے خودکفیل بھارت سے متعلق وزیر اعظم کے تصور کے بارے میں گفتگو کی۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ ملک کی یکجہتی و سالمیت کے لئے بھارتی زبانوں کا تحفظ اور فروغ اہم ہے۔ انھوں نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ بھارتی زبانوں کی طرف مناسب توجہ نہیں دی گئی اور ان کی دیکھ بھال صحیح طریقے سے نہیں کی گئی۔ ملک نے گزشتہ 50 برسوں میں 220 سے زیادہ زبانوں کو کھودیا ہے۔ تعلیم کی وزیر مملکت نے کہا کہ بھارتی زبانوں کے درس و تدریس کو ہر سطح پر اسکولی اور اعلیٰ تعلیم کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت ہے۔

محترمہ اناپورنا دیوی نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی علاقائی بولیوں اور بھارتی زبانوں میں درس و تدریس کے مواقع پیدا کرکے مقامی سے لے کر عالمی سطح کے درمیان رابطے کے ایک وسیلے کے طور پر کام کرے گی۔ انھوں نے آگے کہا کہ ہماری بھارتی زبانوں کو مضبوط اور محفوظ کرکے ہی ملک کی ترقی ممکن ہے۔ محترمہ دیوی نے طلباء اور اساتذہ سمیت تعلیمی شعبے کی جامع ترقی کے لئے بھارتی زبانوں کو مضبوط کرنے کی سمت میں اکیڈمک اور سماجی تعاون دیے جانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری جناب امت کھرے نے اپنی مادری زبان میں سیکھنے کے فوائد جیسے کہ تنقیدی سوچ کو فروغ دینے، نظام علوم کی بہتر سمجھ بنانے وغیرہ کے بارے میں گفتگو کی۔ جناب کھرے نے ناپید ہوتی جارہی بھارتی زبانوں کے احیا کی سمت میں این ای پی کے رول کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔

یو جی سی کے چیئرمین پروفیسر ڈی پی سنگھ نے اپنی افتتاحی تقریر میں بھارتی زبانوں کو فروغ دینے کے لئے مختلف لسانی مراکز کی تعمیر کی سمت میں یو جی سی کے اقدامات کے بارے میں گفتگو کی۔ انھوں نے کہا کہ ہم این ای پی 2020 کے نفاذ کے ساتھ پورے ملک میں ترجمہ اور تشریحی ادارے کے فروغ پر اجتماعی طور پر کام کررہے ہیں۔ اپنی تقریر میں انھوں نے ملک میں بھارتی زبانوں، کثیر لسانی تعلیم، فن و ثقافت کو فروغ دینے میں این ای پی کے اہم رول کا بھی ذکر کیا۔

جامع تعلیمی حصول یابی کے لئے بھارتی زبانوں کی تقویت کاری سے متعلق منعقدہ اس ویبینار میں طلباء کی جامع ترقی کے لئے بھارتی زبانوں، بولیوں پر خاطرخواہ توجہ دینے اور اس سمت میں کوشش کرنے کے مستقبل کے طریقوں کا پتہ لگانے کے لئے معروف اسکالروں، ماہرین تعلیم اور منتظمین کو ایک پلیٹ فارم دستیاب کرایا۔

انڈین گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس کے رکن سکریٹری پروفیسر سچیدانند جوشی نے اپنے کلیدی خطبے میں لوگوں سے بھارتی زبانوں کے تئیں اپنے تصور کو بدلنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا زیادہ تر علم زیرو سے چھ سال کی عمر میں اپنی شکل اختیار کرتا ہے اور یہ بچوں کے من کو ان کی مادری زبان میں تعلیم یافتہ بنانے کا ایک اہم وقت ہے۔ انھوں نے ثقافت اور تعلیم کے درمیان رشتوں کے بارے میں گفتگو کی، کیونکہ یہ دونوں لازم و ملزوم ہیں، پھر بھی آزاد ہیں۔ انھوں نے ہماری ڈکشنریوں اور الفاظ کو گراں مایہ بنانے کے لئے مختلف زبانوں کے الگ الگ الفاظ کو ایک ساتھ لانے کی درخواست کی۔

اس ویبینار میں سکریٹری (اعلیٰ تعلیم) جناب امت کھرے، یو جی سی کے چیئرمین پروفیسر ڈی پی سنگھ، وزارت تعلیم اور یو جی سی کے سینئر افسران نے حصہ لیا۔

اس ویبینار کے تکنیکی اجلاس کی صدارت پروفیسر بلونت جانی، چانسلر ڈاکٹر ہری سنگھ گور یونیورسٹی، ساگر نے کی۔ اس اجلاس میں ماہرین کے طور پر پروفیسر سنجے دیویدی، ڈی جی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونی کیشن، نئی دہلی، پروفیسر ہنومان پرساد شکلا، پرو وائس چانسلر مہاتما گاندھی انتر راشٹریہ ہندی وشوودیالیہ، وردھا اور پروفیسر آر کے پانڈے، وائس چانسلر شری لال بہادر شاستری نیشنل سنسکرت یونیورسٹی نے بھارتی زبانوں کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔

 

******

 

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO. 9325



(Release ID: 1757535) Visitor Counter : 124


Read this release in: English , Hindi , Punjabi