محنت اور روزگار کی وزارت

مرکزی وزیر محنت و روزگار جناب بھوپیندر یادو نے کہا کارکنوں کو تربیت دیتے وقت معیار اور مقدار پر توجہ دی جانی چاہیے


نوجوانوں اور کارکنوں میں نیشنل کیریئر سروس (این سی ایس) پورٹل کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی اپیل کی

چار لیبر کوڈز کا مقصد کارکنوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے: جناب بھوپیندر یادو

وزارت محنت و روزگار نے لیبر ایجوکیشن ڈے منایا

Posted On: 16 SEP 2021 5:39PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر محنت و روزگار جناب بھوپیندر یادو نے کہا کہ تربیتی عملے کی بنیادی توجہ 2-Q یعنی تربیتی پروگراموں کے معیار اور مقدار پر ہونی چاہیے۔

ورکرز ایجوکیشن ڈے منانے کے لیے منعقدہ ایک تقریب میں اپنے پیغام میں جناب بھوپیندر یادو نے کہا کہ ملک بھر میں تربیتی پروگراموں کا ایک کیلنڈر ہونا چاہیے جس میں مقامات، طریقہ کار، ٹارگٹ گروپس، مضامین اور اوقات کی نشاندہی کی گئی ہو۔

ورکرز ایجوکیشن ڈے تقریب کا اہتمام دتوپانت تھنگدی نیشنل بورڈ فار ورکرز ایجوکیشن اینڈ ڈویلپمنٹ نے کیا تھا جو کہ وزارت محنت و روزگار کے ماتحت ایک خود مختار ادارہ ہے۔

وزیر موصوف نے بورڈ سے یہ بھی کہا کہ اس کے ذریعہ کی جانے والی تمام تربیتوں کا تجزیہ کرنے کے لیے ایک چارٹر تیار کیا جائے۔

جناب بھوپیندر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے مزدوروں کے مفاد میں مزدور اصلاحات کی طرف تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ حکومت کی جانب سے حال ہی میں شروع کیے گئے 4 لیبر کوڈز کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ملک میں پورے 50 کروڑ مزدوروں کو کم از کم اجرت کا قانونی حق فراہم کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسی طرح، پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کوڈ کے تحت کئی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ مزدور کو محفوظ کام کا ماحول فراہم کیا جا سکے اور یہ کہ سوشل سیکورٹی کوڈ یونیورسل سوشل سیکورٹی کوریج فراہم کرتا ہے۔ جناب یادو نے کہا کہ صنعتی تعلقات کا ضابطہ تنازعات کے حل کا ایک شفاف طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ لیبر قوانین آجروں اور ملازمین کے درمیان باہمی تعاون اور ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرتے ہیں۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ لیبر اصلاحات ملک میں ایک مثبت اور اعتماد پر مبنی ورک کلچر قائم کریں گی۔

مرکزی وزیر محنت و روزگار نے وزارت کے نیشنل کیریئر سروس پورٹل سے متعلق بیداری بڑھانے پر زور دیا کیونکہ یہ روزگار اور تربیت سے متعلق معلومات کا ایک بڑا ذخیرہ ہے۔

انھوں نے بورڈ سے یہ بھی کہا کہ وہ وزارت محنت و روزگار کی جانب سے شروع کیے گئے ای-شرم پورٹل پر اندراج کے بارے میں تفصیلات شامل کرے۔ پورٹل کا مقصد پہلی بار ملک میں 38 کروڑ سے زائد غیر منظم کارکنوں کا ڈیٹا بیس بنانا ہے۔

                                               **************

 

 

ش ح۔ ف ش ع-ک ا   

U: 9088



(Release ID: 1755635) Visitor Counter : 114


Read this release in: English , Hindi , Punjabi