کیمیکلز اور فرٹیلائزر کی وزارت

بھارت  کے ادویہ سازی کے شعبے  میں مسابقتی  معاملات پر ورک شاپ

Posted On: 27 AUG 2021 7:10PM by PIB Delhi

 

نئی دلّی ، 27 اگست / بھارت کے مسابقتی کمیشن  ، سی سی آئی نے 27 اگست ، 2021 ء کو  ادویہ  سازی کے شعبے  میں مسابقتی  معاملات پر ایک ورک شاپ کا انعقاد کیا ۔  سی سی آئی کے ذریعہ ایک دن کی اس ورک شاپ میں بازاروں  میں مسابقت کے تحفظ اور  فروغ  کی اپنی ذمہ داری کو پوراکرنے کی خاطر  بھارت میں ادویہ سازی   کے شعبے میں  مقابلہ آرائی   کے منظر نامے  کی بہتر فہم کے لئے دواؤں  کی تقسیم کاری  ، تجارتی  منافع ،  برانڈ اور جنرک دواؤں  کی  دستیابی  اور ان کے مقابلہ آرائی پر پڑنے والے اثرات پر توجہ  مرکوز کی گئی ۔

          نیتی آیوگ کے رکن  ڈاکٹر ونود کے پال  نےورک شاپ  میں کلیدی  خطبہ پیش  کیا ۔  ورک شاپ  کے افتتاحی  اجلاس سے سی سی آئی  کے چیئرمین  جناب اشوک  کمار گپتا  اور  پبلک  ہیلتھ  فاؤنڈیشن  آف انڈیا  کے صدر پروفیسر  کے سری ناتھ  ریڈی نے خطاب کیا  ۔ سی سی آئی  کے سکریٹری جناب  ایس گھوش دستی دار نے  خیر مقدمی خطبہ دیا ۔

          نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر ونود کے پال نے صحت کے نظام  میں دواؤں  کے  اہم رول کا حوالہ دیتے ہوئے کسی مالی پریشانی  کے بغیر دواؤں  تک رسائی اور دواؤں   کی  کوالٹی  کی یقین دہانی  کو سرکاری پالیسی  کے دو اہم ستون  قرار دیا ۔ انہوں نے  دواؤں  کی قیمت  قابلِ  برداشت  بنائے جانے کی اہمیت  کو بھی اجاگر کیا ۔ دواؤں  کی قیمتوں  اور قابلِ رسائی  ہونے کے بارے میں ڈاکٹر پال نے حکومت کے ذریعہ 2019 ء میں کینسر کی 42 دواؤں  کو منضبط کرنے کے اقدام کا حوالہ دیا ۔

          انہوں نے  بتایا کہ تجارتی  منافع کو معقول  بنانے کے حکومت کے اقدامات کی وجہ سے 42 فارمولوں کے 500 سے زیادہ برانڈ  کی دواؤں   کی قیمت  پر روک تھام  کی وجہ سے  984 کروڑ روپئے  کی بچت کی جا سکی ہے ۔  اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تجارتی  منافع ، سی سی آئی  کے موجودہ  مارکیٹ  مطالعہ  کا اہم عنصر ہے ، ڈاکٹر پال  نے کہا کہ نیتی آیوگ اور سی سی آئی  اس سلسلے میں مل کر کام کریں گے  ۔ جنرک دواؤں  پر ڈاکٹروں  اور مریضوں کے بھروسے  میں اضافہ کرنےکی خاطر انہوں نے بھارت میں جنرک دواؤں  پر کوالٹی  کا مارک  متعارف کرانے کا مشورہ دیا ۔

          بھارت کے مسابقتی  کمیشن ، سی سی آئی  کے چیئرمین   جناب اشوک  کمار گپتا  نے ادویہ  سازی کے سیکٹر میں  بہتر طور پر کام کرنے والی  مارکیٹوں  کی اہمیت کو اجاگر  کرتے ہوئے  دوا ساز کمپنیوں   کی مقابلہ آرائی   اور اختراعات  سے صارفین  کو فائدہ  پہنچنے کی بات کہی ۔  جناب گپتا نے   اس رول کو اجاگر کیا  ، جو جنرک  دوائیں   ،تشخیص کی جانے والی داوؤں  کی قیمتوں پر دباؤ ڈالنے میں ادا کرتی ہیں اور اس طرح ان کی قیمتوں  کو کم  رکھ کر حفظانِ صحت کی لاگت کو  کم رکھنے میں مدد کرتی ہیں ۔  جناب گپتا  نے مزید کہا کہ  بھارت میں جنرک  دوائیں  تیار  کرنے والی متعدد کمپنیوں کے باوجود صارفین کو برانڈ والی  دواؤں  کے لئے کافی خرچ کرنا پڑتا ہے  ۔ کوالٹی  کے پہلو کے ساتھ  ساتھ انہوں نے  جَن  اوشدھی  کے  ذریعہ  جنرک دواؤں  کی دستیابی  اور تقسیم کاری میں اضافے  کے لئے ادا کئے جانے والے رول  کو اجاگر کیا ۔  ڈاکٹر گپتا نے کہا کہ کمیشن پورے بھارت میں  بیداری پیدا کرنے اور  قانون کی خلاف ورزی کی روک تھام کے لئے ضابطوں پر عمل در آمد  کی خاطر اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کرے گا ۔

          پبلک ہیلتھ فاؤنڈیشن  آف انڈیا  کے صدر ڈاکٹر کے سری ناتھ  ریڈی   نے اپنے خطاب میں ادویہ سازی  کے سیکٹر میں صارفین   کے نقطۂ نظر  سے اہم معاملات کو اجاگر کیا  ۔ ادویہ  سازی کے سیکٹر میں   نا موزونیت  کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے  ، انہوں نے زور دے کر کہا  کہ سی سی آئی اس   عدم تناسب کو دور کرنے میں اہم رول ادا کر سکتی ہے ۔ ڈاکٹر ریڈی نے کہا کہ  غیر برانڈ والی  دواؤں  میں کوالٹی  کی یقین دہانی  کے ذریعہ  مقابلہ آرائی  پیدا  کرنے کی بہت ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر ریڈی  نے اس بات  کو  بھی اجاگر کیا کہ کس طرح  بایو سیمیلر   دوائیں  اور ان کی مارکیٹ  میں توسیع  بھارت کو بایو  سیمیلر  دواؤں  میں  عالمی لیڈر بنانے میں مدد کر سکتی ہیں  ۔

          افتتاحی  اجلاس کے بعد  ‘ ادویات کی تقسیم  : تجارتی طریقۂ کار اور مقابلہ  آرائی  ’، ہندوستانی ادویہ سازی  میں  جنرک مسابقت : قیمت اور دیگر  امور  ’ اور  ‘ ادویہ سازی کے سیکٹر میں مسابقت : ریگولیشن  اور عدم اعتماد  کا  رول ’  تین تکنیکی  اجلاس  کا انعقاد  کیا گیا   ۔ تیسرے اجلاس میں سیکٹر کے   ماہرین ، ریگولیٹروں اور پریکٹس کرنے والوں  کے درمیان ادویہ سازی  کے سیکٹر میں  مسابقت کو فروغ دینے کے طور  طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ 

( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا ۔   )

U.No.  8396



(Release ID: 1750134) Visitor Counter : 161


Read this release in: Telugu , English , Hindi