اقلیتی امور کی وزارتت
اقلیتی امور کی مرکزی وزارت نے بھارت کی آزادی کے 75ویں سال کی مناسبت سے منعقد کئے جارہے ’’امرت مہوتسو‘‘ کے ایک جزو کے طور پر آج نئی دہلی میں ’’میرا وطن، میرا چمن‘‘ مشاعرے کا انعقاد کیا
’’مشاعرہ‘‘ اور ’’کوی سمیلن‘‘ ہمارے ملک کی خوش حال اور شاندار ثقافتی وراثت کا جزو ہیں، جنھوں نے ’’کثرت میں وحدت‘‘ کے تانے بانے اور تہذیب و شائستگی کے بھارت کے کلچر کو مزید مضبوط کیا ہے: جناب مختار عباس نقوی
Posted On:
28 AUG 2021 7:37PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 28/اگست2021 ۔ اقلیتی امور کی مرکزی وزارت نے بھارت کی آزادی کے 75ویں سال کی مناسبت سے منعقد کئے جارہے ’’امرت مہوتسو‘‘ کے ایک جزو کے طور پر آج نئی دہلی میں ’’میرا وطن، میرا چمن‘‘ کے عنوان سے مشاعرے کا انعقاد کیا، جس میں ملک کے معروف شعراء نے اپنی شعر و شاعری سے سامعین کو مسحور کردیا۔
ان معروف نے عظیم مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ’’بھارت کی آزادی کے 75 سالہ جشن‘‘ سے متعلق اپنی شعر و شاعری پیش کی۔ انھوں نے مشاعرے میں اپنی شاعری کے توسط سے ’’تقسیم کی ہولناکیوں اور کرب ناکیوں‘‘ سے لوگوں کو واقف کرایا۔
اقلیتی امور کی مرکزی وزارت ’’میرا وطن، میرا چمن‘‘ کے عنوان سے ’’مشاعروں‘‘ اور ’’کوی سمیلنوں‘‘ کا ملک بھر میں 2023 تک انعقاد کرے گی، جس میں معروف اور ابھرتے ہوئے شعراء مؤثر پیغامات دیں گے، جو بھارت کی تحریک آزادی سے متعلق شاندار یادوں سے پُر ہوں گے۔
جناب وسیم بریلوی، محترمہ شبینہ ادیب، جناب منظر بھوپالی، ڈاکٹر وی پی سنگھ، محترمہ صبا بلرام پوری، جناب حسیب سوز، ڈاکٹر اعجاز پاپولر میرٹھی، سردار سریندر سنگھ شجر، جناب سکندر حیات گڑبڑ، جناب خورشید حیدر، جناب عقیل نعمانی اور ڈاکٹر عباس رضا نیر جلال پوری جیسے معروف شعراء نے سامعین کو مسحور کردیا۔
مشاعرے کا افتتاح کرتے ہوئے اقلیتی امور کے وزیر جناب مختار عباس نقوی نے کہا کہ ’’مشاعرہ‘‘ اور ’’کوی سمیلن‘‘ ہمارے ملک کی خوش حال اور شاندار ثقافتی وراثت کا جزو ہیں، جنھوں نے ’’کثرت میں وحدت‘‘ کے تانے بانے اور تہذیب و شائستگی کے بھارت کے کلچر کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ’’مشاعرہ‘‘ جیسے پروگرام امن اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام دیتے ہیں۔ ایسی تقریبات ’’نئے اور خودکفیل بھارت‘‘ کے تئیں ہماری قومی عہدبستگی کا اعادہ بھی کرتی ہیں اور اسے تقویت بخشتی ہیں۔
جناب نقوی نے کہا کہ ایسے پروگرام ہماری نوجوان نسل کو فن و ثقافت کی بھارت کی عظیم الشان روایات سے واقف بھی کراتے ہیں۔
راجیہ سبھا کے اراکین پارلیمنٹ جناب سدھانشو ترویدی اور سید ظفر اسلام، دہلی ہائی کورٹ کے جج جناب سدھارتھ مردل، سی پی آئی لیڈر جناب اتل کمار انجن اور سبھی شعبہ حیات سے وابستہ معروف شخصیات کی ایک بڑی تعداد مشاعرے میں موجود تھی۔ میدان سیاست، قانون، سماج، تفریح، تجارت، شعبہ تعلیم سے متعلق معروف شخصیات و دیگر افراد نے اپنی موجودگی سے مشاعرے کو زینت بخشی اور شعراء کی حوصلہ افزائی کی۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO.8415
(Release ID: 1750030)
Visitor Counter : 276