زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر زراعت نے کسانوں کے لیے قومی خوراک اور غذائیت مہم کا آغاز کیا


کسانوں اور سائنسدانوں کی طاقت سے ہندوستان دنیا میں نمبر ایک پر آ سکتا ہے - جناب تومر

Posted On: 26 AUG 2021 8:05PM by PIB Delhi

زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر جناب نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ ہندوستان نے اناج کے میدان میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ہمارا ملک زراعت اور اس سے منسلک مصنوعات میں دنیا میں ایک یا دو نمبر پر ہے۔ ہمارے کسانوں اور سائنسدانوں میں اتنی طاقت ہے کہ اگر ہم دنیا میں مقابلہ کریں تو ہم تقریباً تمام اجناس میں نمبر ایک ہو سکتے ہیں۔ آج اتنی زیادہ پیداوار اور بڑھتی ہوئی پیداواری صلاحیت ہم سب کے لیے فخر اور خوشی کی بات ہے، لیکن آزادی کے 75ویں سال میں، ہم ایسے مرحلے پر کھڑے ہیں، جہاں ہمیں خود شناسی کے ساتھ ساتھ چیلنجوں اور ان کے حل پر بھی غور کرنا ہوگا۔ جناب تومر نے یہ بات کسانوں کے لیے قومی خوراک اور غذائیت مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہی۔ اس کا انعقاد انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) نے کیا ہے۔

 

 

مہمان خصوصی جناب تومر نے کہا کہ آئی سی اے آر کامیابی سے کام کر رہا ہے کہ بارش پر منحصر اور دیگر علاقوں میں کب اور کون سی فصلیں اور کون سا بیج بویا جائے، زراعت اور کسانوں کو نئی ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔ ہمارے پاس پیداوار میں مہارت ہے لیکن اسےمنظم کرنا بھی ضروری ہے۔ ہماری مصنوعات معیاری ہونی چاہئیں، عالمی معیارات پر پورا اترنا چاہیے، کسانوں کو مہنگی فصلوں کی طرف راغب ہونا چاہیے، کم رقبہ اور کم آبپاشی میں، ماحول دوست ہونے کے ساتھ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو زراعت کی طرف راغب کرنا چاہیے، یہ حکومت کے ساتھ ساتھ کسانوں کی بھی ذمہ داری ہے۔ زرعی یونیورسٹیوں اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ ساتھ، حکومت ہند کی یہ کوشش ہے کہ کسان نئی چیزیں سیکھیں، نئے بیج اور تکنیک ان تک پہنچیں، لیکن اس کی ایک حد ہے، اس لیے حکومت کے زرعی توسیعی پروگرام میں اگر کسان بھی شامل ہو جائیں تو یہ سونے پر سہاگہ ہو سکتا ہے۔ کے وی کے سے وابستہ کسانوں کو چاہیے کہ وہ دوسرے کسانوں کو بہتر کاشتکاری کے لیے ترغیب دیں اور تمام کسانوں کی شمولیت کو یقینی بنائیں جن میں ایف پی او، ایگری انفرا فنڈ، مختلف کاشتکاروں کی روایتی کاشتکاری کے تحت نامیاتی کاشتکاری کے رقبے میں اضافہ شامل ہے۔ ہم سب کو پورے گاؤں کو خوشحال بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس کے ساتھ بلاک، ضلع، ریاست اور بالآخر ملک خوشحال ہوگا اور ہندوستان خود انحصار بن سکے گا۔

 

 

مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی ایک جامع نقطہ نظر کی بنیاد پر سال 2014 سے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ مودی جی کی حکومت آنے کے وقت، حکومت ہند کا زراعت کا بجٹ تقریباً 21 ہزار کروڑ روپے تھا، جسے اب بڑھا کر 1.23 لاکھ کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ مودی جی کے ذریعہ گرام پنچایتوں کی ترقی کے لیے فنانس کمیشن کی گرانٹ کی رقم تقریباً پانچ گنا بڑھا دی گئی ہے۔ زراعت ہماری ترجیح ہے، زراعت نے منفی حالات میں بھی بار بار اپنی اہمیت ثابت کی ہے۔ کووڈ بحران کے باوجود نہ تو کوئی زرعی ادارہ بند ہوا، نہ پیداوار متاثر ہوئی، بلکہ مشکل حالات میں بھی زیادہ بوائی اور کثیر پیداوار ہوئی اور حکومت نے پہلے سے زیادہ کمائی کی ہے۔

جناب تومر نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے 75 ہفتوں تک آزادی کا امرت مہوتسو منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہمیں اپنے ملک کی آزادی آسانی سے نہیں ملی، ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، تب جا کر ہمیں یہ اہم آزادی حاصل ہوئی ہے۔ آزادی کا امرت مہوتسو منانے کے ساتھ ساتھ، وزیر اعظم نوجوان نسل میں ملک کے جذبے کو مزید تقویت دینا چاہتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے ہر علاقے اور ہر جگہ ملک کی ترقی کے لیے اس مہوتسو سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

پروگرام میں زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب کیلاش چودھری نے کہا کہ حکومت نے وزیر اعظم کی قیادت میں غذائیت کے مسئلے کو حل کرنے کا عزم کیا ہے اور اس سمت میں کئی اسکیمیں اور پروگرام بھی بنائے ہیں۔ جناب چوہدری نے کہا کہ سال 2023 کو ہندوستان کی قیادت میں غذائیت سے بھر پور اناج کے سال کے طور پر منایا جائے گا جو کہ ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

آئی سی اے آر کے سکریٹری جناب سنجے گرگ، تمام ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل اور دیگر افسران، سائنسدان، زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر، دیگر زرعی اداروں کے افسران اور ملک بھر کے تمام کے وی کے میں موجود ہزاروں کسان اس پروگرام سے ورچوئل طور پر منسلک تھے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر جناب تومر نے مہوتسو کے پروگراموں اور سرگرمیوں پر مبنی ایک کتابچہ بھی جاری کیا۔

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع-ک ا   

U: 8334


(Release ID: 1749441) Visitor Counter : 384


Read this release in: English , Hindi , Bengali , Tamil